اجتماع خواتین سے خطاب کرتے ہوئے مولاناالیاس نعمانی
گنج مرادآباد میں خواتین کا اجتماع منعقد، بچیوں کے تعلیم کی فکر کرنے پرزور
اناؤ (محمد جنیدقاسمی) ۱۳؍نومبر: گزشتہ روز بعدنماز ظہر تحصیل بانگرمئو کے قصبہ گنج مرادآباد میں خواتین کا اجتماع بعنوان: ’تعلیم نسواں کی اہمیت اور اس کی ضرورت :اسباب وحل‘منعقدہوا، جس میں حالات حاضرہ کے فتنوں کی جانب خواتین کی توجہ مبذول کرائی گئی۔ قصبہ گنج مرادآباد میں رئیس احمد عرف آزادکے مکان پر منعقد اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی مولانا الیاس نعمانی استاذ دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ نے کہا کہ موجودہ حالات میں اہل ایمان اپنے ایمان کی خاص فکر کریں، ہماری ماؤں بہنوں کو بھی اس فکر کی طرف توجہ دلائیں، انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے اس وقت اپنی ماؤں بہنوں کے ایمان کی فکر کرلی تو اگلی نسلوں تک ایمان بچانے میں محفوظ ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایک بیٹی جو اپنے گھر میں محصورہے، وہ اگر تربیت یافتہ اور دیندارہے تو پوراگھرانہ اور خاندان دیندارہوگا، انہوں نے کہا کہ ارتدادکا فتنہ بے حیائی کے راستے سے آتاہے، اس لئے تعلیمی اداروں اور درسگاہوں میں اچھی تربیت اور ایمان ویقین کی باتیں پڑھائی جائیں، بے حیائی سے دوری اختیارکرنے کی ترغیب دی جائے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بڑی بڑی صحابیات بہترین تعلیم یافتہ ہوتی تھیں، کوئی علاج ومعالجہ میں ماہرہے، کوئی علم حدیث میں ماہرہے، کوئی فقہ میں ماہر ہے، اس لئے دورحاضرمیں بچیوں کی تعلیم کی فکرکرنا اور کسی محفوظ مقام کا انتظام کرنا، وقت کی اہم ضرورت ہے۔ مولانا الیاس نعمانی نے کہا کہ اس طرح کے کچھ نوجوان پیداہوجائیں توزندگی کے اہم سالوں کوانہیں کام کے لئے وقف کردیں، توآنے والی نسل کے سوسال کا انتظام ہوجائے گا، اس وقت نئی نسل کو تھامے رکھنا، سب سے بنیادی ضرورت ہے۔
پروگرام کے داعی اور محرک مفتی محمد جنیدقاسمی استاذمدرسہ عربیہ مفتاح العلوم گنج مرادآباد نے نظامت کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہ اس طرح کے دینی اجتماعات کا مقصدماؤں اور بہنوں کے دل میں علم دین کی اہمیت اور بچیوںکے تعلیمی فکرکے لئے منعقدکی جاتی ہیں ،ساتھ ہی جو بہنیں عالمہ،فاضلہ ہیں ان کا صحیح استعمال ،انہیں کے ذریعہ بچیوں کے دل میں دینی تعلیم کی اہمیت پیداکرنے کی فکرکرناہے۔ اس موقع پر پس پردہ خواتین کی بڑی تعدادموجود تھی۔ جلسے کا آغاز مولانا افتخارعالم ندوی کی تلاوت کلام پاک سے ہواجبکہ نعت کانذرانہ حافظ محمد قاسم نے پیش کیا، نظامت کے فرائض مفتی محمد جنیدقاسمی نے انجا م دیے، جلسے کی صدارت حافظ محمد فرقان مہتمم مدرسہ عربیہ مفتاح العلوم گنج مرادآبادنے کی، اس موقع پر مولانا سفیان مظاہری، مولانا مبین الحق مظاہری، منشی اکرام حسین،مولانا محمد سعید نیول،مولانا مفیض قاسمی،مولوی شفاعت علی ،حافظ عبدالقدیر،حافظ محمد افشان،حافظ محمد رفاعت،حافظ محمد غفران،رئیس احمد عرف آزادوغیرہ بطورخاص موجودرہے۔
