ظہیرآباد 23/ نومبر (مشرقی آواز جدید): جماعت اسلامی ہند کی ملک گیر سطح پر "ہمسایوں کے حقوق” سے متعلق جاری خصوصی مہم کے تحت جماعت اسلامی ہند ساؤتھ ظہیرآباد کے زیراہتمام اسلامک سنٹر شانتی نگر میں اتوار کے روز صبح 10/ بجے سے 1/ بجے تک مختلف مقابلوں کا شاندار انعقاد عمل میں آیا۔اس پروگرام کا مقصد کمسن طلبہ میں سماجی شعور باہمی احترام اور اسلامی اخلاقیات کو فروغ دینا تھا۔ تحریری و تقریری مقابلوں کے سلسلے میں ’حقوق ہمسایہ‘ ’پڑوسیوں کے حقوق‘ ’بہتر پڑوسی بہتر سماج‘ ’ماحول کی صفائی ہماری ذمہ داری‘ جیسے تمام موضوعات پر طلبہ نے نہایت محنت کے ساتھ دلکش انداز میں پیش کیا جبکہ منعقدہ اسلامک ایکسپو میں بہترین ماڈلز بھی پیش کیے گئے پروگرام میں گرلز اسکول، جونیئر کالج، گورنمنٹ ہائی اسکول شانتی نگر، سنگامیترا، لائسیم، ڈاکٹر آر ایل آر اور دیگر تعلیمی اداروں کے طلبہ کے علاوہ انڈس اسکول، گاندھی میموریل اسکول، زیڈ پی ایچ ایس، شانتی نگر زیڈ پی ایچ ایس، اقراء ماڈل اسکول، عوامی اسکول اور تھئی بڈز اسکول کے طلبہ نے ڈرائنگ، انشائیہ نویسی، اسٹوری ٹیلنگ اور دیگر مقابلوں میں حصہ لیا۔ بعد ازاں مقابلہ میں حصہ لینے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی کیلئے انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔
اس پروگرام کی نگرانی محترمہ ہاجرہ بیگم ضلعی ناظمہ شعبۂ خواتین جماعت اسلامی ہند سنگا ریڈی مغرب نے کی جبکہ انتظامی امور کو شعبۂ خواتین جماعت اسلامی ہند ساؤتھ ظہیرآباد کی مقامی ناظمہ منہاج ناظمہ سی آئی او کی ناظمہ نجمہ بیگم نے انجام دیں اور عقیلا خانم، مہناز بیگم، حمیرہ ماہین،صباء ثمرین و دیگر موجود تھے۔۔۔
