سدھارتھ نگر: اربابِ جماعت و جمعیت کے لیے یہ انتہائی مسرت و شادمانی کا موقع تھا کہ ضلعی جمعیت اہلِ حدیث، سدھارتھ نگر کے ناظمِ عمومی مولانا وصی اللہ عبدالحکیم مدنی کی پرخلوص دعوت پر جماعت کے نوجوان عالمِ دین اور کامیاب تاجر جناب مولانا عتیق الرحمن خاں سنابلی سَلَّمَهُ اللہ (بزنس مین اینڈ مین پاور کنسلٹنٹ، پرسا شیوپتی نگر، سدھارتھ نگر،یوپی) ضلعی جمعیت کے صدر دفتر، نوگڑھ تشریف لائے۔
یہ ملاقات نہ صرف ایک بابرکت لمحہ ثابت ہوئی بلکہ جماعتی رشتۂ محبت، باہمی تعاون اور خدمتِ دین کے مشترکہ عزم کو مزید مضبوط کرنے کا بہترین ذریعہ بھی بنی۔
مولانا موصوف مدارسِ اسلامیہ اور جمعیت کے ہم درد، مخلص معاون اور خیر خواہ ہیں، جو مختلف دینی و سماجی خدمات میں ہمیشہ بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے رہے ہیں۔ ان کی آمد پر ضلعی جمعیت کے ذمہ داران نے پُرخلوص انداز میں ان کا استقبال کیا اور دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہا۔
اس موقع پر ناظم جمعیت مولانا وصی اللہ مدنی، امیرِ جمعیت مولانا محمد ابراہیم مدنی کے علاوہ مولانا رفیع احمد ندوی (نائب ناظم ضلعی جمعیت)، مولانا محمد ہاشم سلفی (ناظم مقامی جمعیت اہلِ حدیث حلقہ نوگڑھ)، مولانا امیراللہ یوسفی (آفس سکریٹری) اور مولانا عبدالمعبود فیضی (مبلغ ضلعی جمعیت) موجود تھے۔ سبھی نے اپنے معزز مہمان کی آمد پر مسرت کا اظہار کیا۔
استقبال کے بعد آپ کو دفتر کے مختلف شعبہ جات کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی گئی اور جمعیت کے جاری و مستقبل کے منصوبوں پر مختصر مگر جامع تبادلۂ خیال ہوا۔
گفتگو کے دوران مولانا عتیق الرحمن سنابلی نے ضلعی جمعیت کی دعوتی، علمی،مدارس اسلامیہ کی سرپرستی اور معاشرتی فلاحی سرگرمیوں پر گہرا اطمینان ظاہر کیا۔ انہوں نے مقامی ضلعی جمعیتوں کے ذمہ داران کی شبانہ روز محنت کو سراہتے ہوئے انہیں اپنی دعاؤں سے نوازا اور آئندہ ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ ان کے یہ کلمات ضلعی جمعیت کے لیے نہ صرف باعثِ حوصلہ ثابت ہوئے بلکہ مزید محنت، اخلاص اور یکسوئی کے ساتھ کام کرنے کی تحریک بھی فراہم کی۔
جمعیت کے ذمہ داران نے بھی مولانا موصوف کے مسلسل تعاون، خیرخواہی اور رہنمائی پر اظہارِ تشکر کیا اور مقامی سطح پر دعوتی، تربیتی اور سماجی میدانوں میں مزید مؤثر اقدامات کے لیے مفید مشوروں کا تبادلہ ہوا اور مستقبل کی منصوبہ بندی کےلیے مفید مشورے سامنے آئے۔
اگرچہ یہ ملاقات وقت کے اعتبار سے مختصر تھی، لیکن نہایت خوش گوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔ مولانا موصوف کی متانت، سنجیدگی، سادگی، کشادہ ظرفی اور منہجی غیرت آج کے علماء، طلبہ اور اہلِ خیر کے لیے ایک روشن مثال ہیں۔
آخر میں مولانا عتیق الرحمن سنابلی کی صحت، عمر، تجارت اور علمی و دینی خدمات میں مزید برکت و ترقی کے لیے خصوصی دعا کی گئی، جب کہ جمعیت کے لیے ان کی نیک خواہشات کو قدر و عزت کی نگاہ سے دیکھا گیا۔
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہماری جماعت کے ان مایہ ناز سپوتوں کو حاسدین کے شر و فتن اور باطل کی یلغار سے محفوظ رکھے اور ان کی دینی خدمات کو قبول فرما کر ان کے درجات بلند فرمائے۔ آمین!
