بیدر۔ 3؍جنوری (محمدیوسف رحیم بیدری): راہل گاندھی وچار منچ نے الزام لگایا ہے کہ اگرچہ سال 2023-24 کے بجٹ کے اعلان کے تحت کلیان کرناٹک کے بیدر ضلع میں منظور شدہ 60 کمیونٹی سینی ٹیشن کمپلیکس یونٹس کے کام کے لیے 28-03-2024 کو فنڈز جاری کیے گئے تھے، لیکن 20 ماہ گزرنے کے بعد بھی کام مکمل نہیں ہوئے ہیں۔سوچھ بھارت مشن (دیہی) پروجیکٹ کا مقصد دیہی علاقوں میں کھلے میں رفع حاجت کو ختم کرنا اور لوگوں کی صحت کی حفاظت کرنا ہے تاہم متعلقہ حکام کی لاپروائی اور غیر ذمہ داری کی وجہ سے پراجیکٹ کے مقاصد میں رکاوٹ پیدا ہو رہی ہے۔بیدر تعلقہ کے سری منڈل اور خواجہ پور گاؤں میں کام مکمل ہونے کی جھوٹی پیش رفت کی رپورٹ پیش کرنا ایک سنگین انتظامی کوتاہی ہے، اور اس پر سرکاری فنڈز کے غلط استعمال اور بدعنوانی کے الزامات ہیں۔اس تناظر میں راہل گاندھی وچار منچ ضلع کمیٹی کے ضلع صدر پریم ناتھ آر گاونکر نے منیجنگ ڈائرکٹر سے درخواست کی ہے کہ K.R.I.D.L. بیدر کے ایگزیکٹیو انجینئر ابھیشیک پولا کو فوری طور پر ملازمت سے معطل کیا جائے ، اس کی مکمل جانچ کی جائے اور قصورواروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔اس بات کی اطلاع ایک پریس نوٹ جاری کرکے دی گئی ہے۔
