سنگاریڈی، 19 جنوری(مشرقی آوازجدید): گاؤڈیم اسکول، کوللور کیمپس میں ساؤتھ انڈیا سائنس فیئر–2026 کا آج شاندار اور باوقار آغاز ہوا۔ افتتاحی تقریب میں ضلع کلکٹر محترمہ پی۔ پروینیا، ٹی جی ٹی آئی سی چیئرپرسن محترمہ نرملا جگّا ریڈی، ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن ڈاکٹر ای۔ نوین نکولس، ڈی ای او سنگاریڈی ایس۔ وینکٹیشورلو اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز روایتی پورن کمبھ کے ساتھ ضلع کلکٹر کے استقبال سے ہوا۔ بعد ازاں طلبہ نے سائنسی، ثقافتی اور پیغاماتی پروگرام پیش کیے، جنہیں حاضرین نے بے حد سراہا۔ چیئرپرسن اور ضلع کلکٹر کے ہاتھوں چراغ روشن کر کے سائنس فیئر کا افتتاح کیا گیا، جس کے بعد ریاستی ترانہ ’’جئے جئے ہے تلنگانہ‘‘ پیش کیا گیا۔
اس موقع پر ڈی ای او سنگاریڈی ایس۔ وینکٹیشورلو نے بتایا کہ سائنس فیئر میں کل 223 سائنسی نمائشیں رکھی گئی ہیں، جن کا مقصد طلبہ میں سائنسی شعور اور تحقیق کی دلچسپی کو فروغ دینا ہے۔ ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن ڈاکٹر ای۔ نوین نکولس نے کہا کہ SISF–2026 تعلیم کی حقیقی روح کا مظہر ہے اور سرکاری اسکولوں میں معیاری تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔
مہمانِ خصوصی محترمہ نرملا جگّا ریڈی نے کہا کہ یہ پروگرام نوجوانوں کی حوصلہ افزائی اور سائنسی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے حکومت کے وژن کی عکاسی کرتا ہے۔ ضلع کلکٹر محترمہ پی۔ پروینیا نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایسے سائنس فیئر طلبہ کو سائنسی سوچ کے ساتھ آگے بڑھنے اور مستقبل کے کامیاب سائنس داں بننے کا بہترین موقع فراہم کرتے ہیں۔
آخر میں ڈی ایس او جناب سدھا ریڈی نے شکریہ کی قرارداد پیش کی۔۔۔۔۔
