وارانسی اور لکھنؤ کے تاریخی وترقیاتی کام کا صحافیوں کے وفد نے جائزہ لیا
بیدر۔ 7/مارچ (محمدیوسف رحیم بیدری): کل 6/مارچ کو اترپردیش کی گورنر آنندی بین پٹیل سے لکھنؤ کے جن بھون میں پریس انفارمیشن بیورو(PIB) کی سربراہی میں کرناٹک کے میڈیا اداروں کے خانگی صحافیوں نے ملاقات کی۔ جن میں بیدر سے ڈاکٹر مجاہد مسعود شامل ہیں۔ ان کے علاوہ مسٹر سوم شیکھر، ابراھیم اڈکستی، ابھے مناگولی، دیوادتہ جوشی اور دیکشیت کمار بھی موجود تھے۔ کہاجاتاہے کہ تریپور کی میڈیا کے افراد بھی21رکنی وفد میں شامل رہے۔ اور گورنراترپردیش محترمہ آنندی بین پٹیل صاحبہ سے صحافیوں کا مکالمہ ہوا۔ ذرائع کے بموجب میڈیا کے نمائندوں نے آنگن واڑی نظام، کے جی ٹو پی جی تعلیم، خواتین کوبااختیار بنانا، اساتذہ کی تقرری، شمال وجنوب بھارت میں تعلیمی سطح، کم عمری کی شادی، ٹین ایج حمل اور ریاستی حکومت کے ساتھ تال میل جیسے موضوعات پر سوالات کئے۔ واضح رہے کہ کرناٹک کے میڈیا افراد کایہ دورہ اترپردیش کے لئے 2مارچ سے شروع ہواتھااور جس میں کاشی وشواناتھ کاریڈور، وارانسی کی ترقیاتی صورتحال، کلچرل ہیرٹیج آف وارانسی کادورہ، وارانسی سے لکھنؤ، لکھنؤ میں چکن کری ورک کاآنکھوں دیکھاحال، چیف منسٹر/ڈپٹی چیف منسٹراور چیف سکریڑی سے ملاقات اور لکھنؤ کے ترقیاتی کام کاجائزہ جیسے امور شامل تھے۔ صحافیوں کے اس وفد کی آج کرناٹک واپسی ہے۔
