یہ وہی قرآن پاک ہے جو ماہ صیام کی پر نور ساعتوں کے درمیان نازل ہوا

از: قاری رئیس احمد خان

دارالعلوم نورالحق چرہ محمد پور، فیض آباد، ضلع ایودھیا (یوپی)
بدلے گا زمانہ لاکھ مگر قرآن نہ بدلا جائے گا
ماہِ صیام کے مبارک اور بابرکت ایام ایک ایک کر کے نورانی و عرفانی ساعتوں کے درمیان گزرتے جا رہے ہیں۔ مؤمن بندے عشرۂ رحمت اور عشرۂ مغفرت کی گھڑیاں گزار کر اب عشرۂ نجات میں داخل ہو چکے ہیں۔ اس روحانی اور ایمان افروز ماحول میں اہلِ ایمان اپنے ربِ کریم کی رضا و خوشنودی حاصل کرنے کے لیے ہمہ وقت عبادت و ریاضت میں مصروف ہیں۔
ایک جانب روزوں کی پابندی، نمازِ پنجگانہ کی ادائیگی، زکوٰۃ اور صدقۂ فطر کی ادائیگی کے ذریعے فرائض و واجبات کا اہتمام کیا جا رہا ہے، تو دوسری جانب سنن و مستحبات پر بھی بھرپور عمل کیا جا رہا ہے۔ اسی کے ساتھ ساتھ مساجد میں حفاظِ کرام نمازِ تراویح کے دوران قرآنِ کریم سنانے کی سعادت حاصل کر رہے ہیں اور نمازی حضرات خشوع و خضوع کے ساتھ اس کلامِ الٰہی کی سماعت کر کے اپنے دلوں کو منور کر رہے ہیں۔
علاوہ ازیں گھروں میں بھی اہلِ ایمان کثرت سے تلاوتِ قرآن میں مشغول ہیں اور اس کلامِ مقدس کی برکتوں سے اپنی زندگیوں کو فیضیاب کر رہے ہیں۔ یہی وہ قرآنِ کریم ہے جس کی تلاوت کے ذریعے مؤمن بندے اپنی نیکیوں میں اضافہ کرتے ہیں۔
اسی قرآنِ کریم کی عظمت و تقدس کے پیشِ نظر خاکسار نے یہ ادنیٰ تحریر قلم بند کرنے کی جسارت کی ہے تاکہ اس کے ذریعے قرآنِ کریم کی عظمت و اہمیت کو اجاگر کیا جا سکے اور اہلِ ایمان اس کی برکتوں سے مزید مستفید ہو سکیں۔
یہ وہی قرآنِ پاک ہے جسے اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوبِ مکرم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ پر نازل فرمایا۔
یہ وہی قرآنِ پاک ہے جو ماہِ صیام کی پرنور ساعتوں کے درمیان نازل ہوا۔
یہ وہی قرآنِ پاک ہے جو لوحِ محفوظ پر محفوظ ہے اور جسے ہم اور آپ الفاظ، اوراق اور کتابتوں کے ذریعے پڑھ کر ثواب حاصل کرتے ہیں۔
یہ وہی قرآنِ پاک ہے جسے چھونے سے پہلے طہارت اور پاکیزگی اختیار کرنا ضروری قرار دیا گیا ہے۔
یہ وہی قرآنِ پاک ہے جو پوری انسانیت کے لیے بہترین دستورِ حیات اور ایک عالمگیر منشور ہے۔
یہ وہی قرآنِ پاک ہے جو تمام آسمانی کتابوں میں سب سے آخری کتاب ہے اور جس کی حفاظت کی ذمہ داری خود اللہ رب العزت نے اپنے ذمۂ کرم پر لیا ہے۔
یہ وہی قرآنِ پاک ہے کہ جس کی ایک آیت کے مثل پیش کرنے سے بڑے بڑے فصحائے عرب عاجز آ گئے اور صبحِ قیامت تک ان شاء اللہ عاجز ہی رہیں گے۔
الحمد للہ! یہی وہ قرآنِ کریم ہے جسے رمضان المبارک کی مبارک راتوں میں نمازِ تراویح کے دوران حفاظِ کرام سناتے ہیں اور یوں اعجازِ قرآن کا عملی مظاہرہ پیش کرتے ہیں۔
یہ وہی قرآنِ پاک ہے جو آج بھی پوری دنیا میں سب سے زیادہ پڑھی جانے والی کتاب ہے۔
یہ وہی قرآنِ پاک ہے کہ اگر کوئی اسے صحیح طریقے سے پڑھے تو بے شمار ثواب حاصل کرتا ہے اور اگر معنی و مفاہیم کو سمجھ کر اس پر عمل کرے تو بارگاہِ الٰہی میں مقبول و محبوب ہو جاتا ہے۔
یہ وہی قرآنِ پاک ہے جس کی تلاوت سے آج ماہِ صیام کی بے پناہ رحمتوں اور برکتوں کے سایہ میں مؤمن بندے اپنے گھروں اور مسجدوں کو منور کر رہے ہیں۔
یہ وہی قرآنِ پاک ہے جس کے الفاظ تو الفاظ ہیں، اس کے زیر و زبر میں بھی آج تک کوئی تبدیلی نہ ہو سکی۔
یہ وہی قرآنِ پاک ہے جو بنی نوع انسان کے لیے سرچشمۂ رشد و ہدایت ہے۔
یہ وہی قرآنِ پاک ہے جو ماضی کے واقعات سے آگاہ کرتا ہے، حال کی حقیقتوں کو واضح کرتا ہے اور مستقبل کے لیے راہِ ہدایت بھی دکھاتا ہے۔
یہ وہی قرآنِ پاک ہے جسے کوئی دیکھ کر پڑھتا ہے تو اس کی بینائی میں نور پیدا ہوتا ہے۔
یہ وہی قرآنِ پاک ہے جسے کوئی روح کی گہرائی سے پڑھتا ہے تو اس کی روح میں انقلاب برپا ہو جاتا ہے۔
اور جب کوئی اسے دل سے پڑھتا ہے تو وہ اپنے آپ کو اپنے رب کے قریب محسوس کرتا ہے۔
یہ وہی قرآنِ پاک ہے کہ جب کوئی عاشقِ رسول ﷺ اسے پڑھتا ہے تو اس کی آیات میں اسے رخِ مصطفیٰ ﷺ کی جھلک محسوس ہوتی ہے۔
یہ وہی قرآنِ پاک ہے جو تمام علوم و فنون کا سرچشمہ اور بے شمار معارف و حقائق کا خزانہ ہے۔
یہ وہی قرآنِ پاک ہے جو اپنے نزول کے وقت جس طرح نازل ہوا تھا آج بھی اسی طرح محفوظ ہے۔
یہ وہی قرآنِ پاک ہے جسے حفاظِ کرام سناتے ہوئے خود بھی شرف و سعادت حاصل کرتے ہیں اور سننے والے بھی اس سے خوب خوب مستفیض ہوتے ہیں۔
یقیناََ مبارکباد کے مستحق ہیں وہ حفاظِ کرام جو ماہِ رمضان المبارک کے مبارک ایام میں نمازِ تراویح کے دوران تجوید کے ساتھ صحیح صحیح قرآنِ کریم سناتے ہیں۔
اور مبارکباد کے مستحق وہ سامعین بھی ہیں جو خشوع و خضوع کے ساتھ اس کلامِ الٰہی کو سنتے ہیں۔
یہ وہی قرآنِ پاک ہے جس میں کسی قسم کی تحریف یا تبدیلی ناممکن ہے، کیونکہ یہ اللہ تعالیٰ کا وعدہ ہے اور اس وعدے پر ہمارا کامل ایمان ہے۔
ہے قولِ محمد قولِ خدا فرمان نہ بدلا جائے گا
بدلے گا زمانہ لاکھ مگر قرآن نہ بدلا جائے گا
اللہ رب العزت کی بارگاہ میں دعا ہے کہ وہ اپنے محبوب ﷺ کے صدقے ہم سب کو کثرت کے ساتھ تلاوتِ قرآنِ کریم کی توفیق عطا فرمائے، قرآن کو سمجھنے کی دولت نصیب فرمائے اور احکامِ قرآنی پر عمل کرنے کی سعادت بھی مرحمت فرمائے۔
آمین بجاہ سید المرسلین ﷺ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے