بیدر۔ 30/مئی (محمدیوسف رحیم بیدری): دہلی ہائی کورٹ نے عید الاضحیٰ (بقرعید) کے دن دہلی یونیورسٹی کی جانب سے ایل ایل بی (LL.B) امتحانات منعقد کرنے کے فیصلے کے خلاف دائر کردہ رٹ پٹیشنز پر سماعت کرتے ہوئے اقلیتی برادری کے طلبہ کے حق میں ایک اہم اور منصفانہ فیصلہ سنایا ہے۔ عدالت نے یونیورسٹی انتظامیہ کو پابند کیا ہے کہ وہ عید کے دن امتحان دینے سے استثنیٰ چاہنے والے طلبہ کے لیے امتحانات کی تاریخ آگے بڑھائے۔ دہلی ہائی کورٹ میں سیف راشد سعید، اور دیگر طلبہ کی جانب سے رٹ پٹیشنز دائر کی گئی تھیں ان درخواستوں میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ دہلی یونیورسٹی نے 28 مئی 2026 کو سکستھ سمسٹر انٹیگریٹڈ لا کورس کے پیپر ”Public Policy and Administration” اور سیکنڈ ایئر LL.B کے ”Administrative Law” کا امتحان شیڈول کیا ہے، جبکہ اس دن عید الاضحیٰ کی سرکاری تعطیل کا اعلان ہوچکا ہے۔درخواست گزاروں نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ یونیورسٹی کے اس فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے جو گزٹیڈ مذہبی تعطیل کے دن امتحان لینے پر اصرار کرتا ہے۔ عید الاضحیٰ کے پیشِ نظر 28/ مئی 2026 کے امتحانات کو ملتوی یا ری شیڈول کیا جائے تاکہ اقلیتی برادری کے طلبہ اپنے مذہبی تہوار میں شریک ہو سکیں۔

عدالت کی کارروائی اور یونیورسٹی کا مؤقف:۔ جسٹس جسمیت سنگھ (Hon’ble Mr. Justice Jasmeet Singh) کی سنگل بینچ نے 26 مئی 2026 کو اس معاملے کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران دہلی یونیورسٹی کے وکیل مسٹر موہندر جے ایس روپل (Mr. Mohinder JS Rupal) نے عدالت کے سامنے ایک منصفانہ فارمولا پیش کیا۔یونیورسٹی کے وکیل نے بیان دیا کہ جو طلبہ اقلیتی برادری سے تعلق رکھتے ہیں یا جو 28 /مئی 2026 کو عید الاضحیٰ کا تہوار منانا چاہتے ہیں، وہ 27/ مئی 2026 تک فیکلٹی آف لا کے ڈین کو اپنی آفیشل ای میل آئی ڈی `dean_law@du.ac.in` پر مطلع کر سکتے ہیں۔ ایسے تمام طلبہ کے لیے 28 /مئی کو ہونے والا امتحان مؤخر کر کے 4/ جولائی 2026؁ء کے بعد منعقد کیا جائے گا۔

عدالتی فیصلہ اور اہم ہدایات:۔ جسٹس جسمیت سنگھ نے دہلی یونیورسٹی کے اس مؤقف کو انتہائی منصفانہ اور معقول (Fair and Reasonable) قرار دیتے ہوئے اسے ریکارڈ پر لیا اور یونیورسٹی کو اس بیان کا پابند بناتے ہوئے پٹیشنز کو نمٹا دیا۔ عدالت نے اپنے تحریری حکم نامے میں مندرجہ ذیل اہم ہدایات جاری کیں۔

امتحان کی نئی تاریخ کا اعلان:۔ جن طلبہ نے ای میل کے ذریعے استثنیٰ (Exemption) مانگا ہے، انہیں امتحان کی نئی اور تبدیل شدہ تاریخ کے بارے میں امتحان سے کم از کم ایک ہفتہ قبل اسی ای میل آئی ڈی کے ذریعے مطلع کیا جائے گا

یونیورسٹی پر پابندی:۔ عدالت نے واضح کیا کہ مسٹر روپل کا یہ بیان اب دہلی یونیورسٹی پر قانونی طور پر لازم ہے دہلی ہائی کورٹ کے اس فیصلے سے لا کورسز کے سینکڑوں مسلم طلبہ نے راحت کی سانس لی ہے، جو عید کے مقدس دن امتحان کے شیڈول کی وجہ سے شدید ذہنی الجھن اور تشویش کا شکار تھے۔

واضح رہے کہ سیف راشد سعید کی جانب سے دہلی ہائی کورٹ کے سینئر ایڈوکیٹ مسٹر اشوک کمار سنگھ اور مسٹر راشد سعید ایڈوکیٹ آن ریکارڈ(AOR) سپریم کورٹ آف انڈیا نے یہ مقدمہ لڑاہے۔ قانونی لڑائی کاراشد سعیدکا25سالہ تجربہ ہے۔ ایڈوکیٹ آن ریکارڈ (AOR)سپریم کورٹ آف انڈیا کے 21/مئی 2026؁ء کے انتخابات میں وہ نائب صدر کاانتخاب لڑچکے ہیں۔بیدر ضلع اورگلبرگہ ہائی کورٹ بنچ کے کئی ایک مقدمات جو سپریم کورٹ میں چل رہے ہیں،ان میں سے بیشتر مقدمات کو راشد سعید(AOR) ایڈوکیٹ دیکھ رہے ہیں۔ جن میں سے کئی ایک مقدمات میں انھیں کامیابی مل چکی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے