نلگنڈہ 11/ جون(مشرقی آواز جدید): صدر جمعیۃ علماء تلنگانہ مولانا سید احسان الدین رشادی قاسمی کی مسلسل کوششوں اور مؤثر نمائندگی کے نتیجے میں آج شہر نلگنڈہ کے میریال گوڑہ روڈ پر واقع منیم چلکا اردو میڈیم گورنمنٹ پرائمری اسکول کی نئی عمارت کے تعمیری کام کا سنگِ بنیاد رکھا گیا۔
اس موقع پر ریاستی وزیر برائے روڈس اینڈ بلڈنگس سری کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے سنگِ بنیاد انجام دیا۔ اسکول کی نئی عمارت کی تعمیر کے پہلے مرحلے کے لیے 40 لاکھ روپے منظور کیے گئے ہیں، جس سے طلبہ کو بہتر تعلیمی سہولیات فراہم ہوں گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ ریاستی حکومت سرکاری تعلیمی اداروں کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور طلبہ کو معیاری تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل کے روشن مستقبل کو پیش نظر رکھتے ہوئے سرکاری اسکولوں کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا جا رہا ہے تاکہ طلبہ عصری تقاضوں کے مطابق تعلیم حاصل کر سکیں۔
اس موقع پر مولانا سید احسان الدین رشادی قاسمی نے نلگنڈہ کے مسلمانوں  کو درپیش دیگر مسائل اور ترقیاتی ضروریات کی جانب وزیر موصوف کی توجہ مبذول کرائی۔ وزیر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے یقین دہانی کرائی کہ پیش کیے گئے دیگر مطالبات پر بھی ہمدردانہ غور کرتے ہوئے انہیں جلد از جلد پورا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
تقریب میں اسکول کے اساتذہ نے وزیر موصوف اور مولانا سید احسان الدین رشادی قاسمی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نئی عمارت کی تعمیر سے تعلیمی سرگرمیوں کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔
اس پروگرام میں ضلع نلگنڈہ کے کلکٹر، مفتی سید صدیق صاحب، میونسپل میئر نلگنڈہ، ڈاکٹر عبدالحفیظ خان صاحب (چیئرمین لائبریری)، مولانا اکبر خان صاحب، مولانا احمد صاحب، حافظ فرقان، مسلم کارپوریٹرس اور دیگر سماجی و سیاسی قائدین نے شرکت کی۔۔۔۔۔۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے