"علم کے بغير جینے کا مقصد ادھورا رہتا ہے”
سہارنپور(احمد رضا): تعلیم کا حصول کسی خاص دور، مقام، ماحول، طبقہ، برادری، جماعت کے لئے خاص نہیں نہ اس پر کسی کی اجارہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار جامعہ رقیہ بادشاہی باغ کے ناظم اعلیٰ مولانا محمد نسیم القاسمی نے جامعہ رقیہ کی تعلیمی افتتاحی تقریب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح ہمیں ہوا پانی کی ضرورت ہے، اس سے کہیں زیادہ تعلیم حق کے حصول کی ضرورت ہے، جس کی طرف سے غفلت عام ہے۔ یہ وقت حد درجہ فکرمندی کا ہے، ہمیں چاہئے کہ ہم جگہ جگہ تعلیم کا نظم کریں تاکہ تعلیم عام ہو اور دنیا وآخرت کی کامیابی حاصل ہو کیونکہ اسی میں ہم سب کی کامیابی مضمرہے۔
اس تقریب کا آغاز ادارہ کی متعلمہ سارہ انجم کی تلاوت کلام پاک سے ہوا اور تمہیدی تقریر ادارہ ہی کی طالبہ ربیعہ ترنم نے کی جس سے سامعات اور شرکاء محظوظ ہوئے۔
اس پر رونق تقریب کے مقرر خصوصی مولانا محمد ارشاد عقابی ناظم جامعۃ الرشاد نوجلی نے اپنے خطاب میں کہا کہ قرآن کریم کی تعلیم کو تمام تعلیمات پر فوقیت حاصل ہے اسی لئے جامعہ رقیہ کا قیام عمل میں آیا جس میں دینی و عصری تعلیم کا بندوست ماہر تعلیم مولانا محمد نسیم القاسمی صاحب نے کیا جس کو حضرات اکابرین کی سرپرستی حاصل ہے خاص طور پر حضرت مولانا عبد الحلیم ضیاء کی سرپرستی حاصل ہے ہم پر امید ہیں کہ یہ ادارہ مزید ترقی کرے گا اور اس کا فیض عام وتام ہوگا۔
آخر میں حضرت مولانا عبد الحلیم صاحب کے اختتامی کلمات اور دعاء پر مجلس کا اختتام عمل میں آیا آخر میں مولانا محمد مظاہری معاون ناظم نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا، شرکاء میں مفتی محمد فرید قاسمی, حافظ محمد سفیان،حافظ محمد منظور،قاری محمد بابر،مستری محمد ارشد،مولانامحمد عابد کشمیری وغیرہ کے نام قابلِ ذکر ہیں، جبکہ معروف عالم دین مولانا مفتی محمد ناصر ایوب ندوی نے آن لائن شرکت کرکے ادارہ کے تئیں نیک خواہشات کا اظہار کیا اور دعاء کی!
