بیدر۔ 6؍جولائی (محمدیوسف رحیم بیدری): آج 6-7-2026 بروز پیر شہر کے نہرو اسٹیڈیم کے قریب گرو نانک پبلک اسکول میں طلبہ کے نمائندوں کے لیے حلف برداری کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔پروگرام کا آغاز شمع فروزاں سے ہوا۔ بچوں کی جانب سے پریڈ کیا گیا۔ اس کے بعد نو منتخب 10ویں جماعت کے جیش کو بطور ہیڈ بوائے اور عافیہ کو بطورہیڈگرل منتخب کیاگیا۔ اسی طرح کیسری نندن کوڈپٹی ہیڈبوائے اور نباکو ڈپٹی ہیڈگرل کاادارہ کی نائب صدر ڈاکٹر ریشما کورا نے حلف دلایا۔اس پروگرام کے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر جناب سنجے مٹھ پتی نے طلباء سے کہا کہ وہ فعال سیکھنے والے بنیں، مثبت رویہ رکھیں اور آنے والے کل کے اچھے شہری بننے کے لیے اپنے فرائض کو پورا کرنے کے لیے تیار رہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ ملک کا مستقبل ہیں، آپ کو اسکول سے ہی خدمت شروع کرنی چاہیے اور مستقبل میں ملک کی خدمت کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ایک اور مہمان خصوصی،بیدر کے برمز ہسپتال کے سرجن اور گرو نانک اسکول کے سابق طالب علم ڈاکٹر عماد الدین، نے شرکت کی اور تقریر میںکہا کہ میں نے جس اسکول میں تعلیم حاصل کی وہاں بطور مہمان خصوصی آج آ کر بہت خوشی ہوئی ہے۔ میری پرانی یادیں تازہ ہونے لگیں۔ میں نے یہاں جو کچھ سیکھا اس سے میری بہت مدد ہوئی، انہوں نے اسے قابل ذکر قرار دیا کہ یہ ادارہ مسلسل 50 سال سے معیاری تعلیم فراہم کر رہا ہے۔
پروگرام کی صدارت کرنے والی محترمہ ریشما کورنے کہا کہ بچوں کو محنتی انسان بننا چاہیے۔ ان کا ایک اچھا مقصد ہونا چاہیے اور مقصد کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتے۔ انہیں اپنے والدین کے خوابوں کی تعبیر کے لیے اچھی مشق کرنی چاہیے۔ طلبہ کو نظم و ضبط کی راہ پر چلنا چاہیے۔ ان میں انسان دوستی کا جذبہ ہونا چاہیے۔ بچوں کو اپنے اندر نظم و ضبط پیدا کرنا چاہیے۔ انہیں پڑھنے کی عادت ڈالنی چاہیے۔ وہ اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف رکھیں اور اپنے اساتذہ اور بزرگوں کا احترام کریں۔اس موقع پر پرنسپل نلنی ڈی جی، ڈین ہنومان بی، امجد علی، اسکول کا عملہ اور طلبہ موجود تھے۔اس بات کی اطلاع ایک پریس نوٹ جاری کرکے دی گئی ہے۔
