بیدر۔ ۹؍جولائی (محمدیوسف رحیم بیدری): ڈاکٹر سیدہ تبسم منظور ناڈکر صاحبہ کی ممبئی سے تشریف آوری کے موقع پر میجسٹک پرائمری و ہائی اسکول، میسور میں ایک باوقار شعری نشست کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا آغاز شاہ مصطفیٰ مزمل کی دلنشیں قرأت کلامِ پاک سے ہوا، جبکہ ڈاکٹر سلمیٰ زہرہ خانم نے نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کرکے محفل کو روحانی رنگ عطا کیا۔ مہمانوں کا استقبال اور تعارف نعمت اللہ خان نے پیش کیا۔
شعری نشست میں مومنہ مختار صوفی، ڈاکٹر سلمیٰ زہرہ خانم، شاہ مصطفیٰ مزمل، حکیم سعید اور ڈاکٹر سیدہ تبسم منظور ناڈکر نے اپنا اپنا کلام پیش کیا، جسے حاضرین نے بھرپور داد و تحسین سے نوازا۔
اس موقع پر پروفیسر شاہدہ شاہین اور ڈاکٹر نصراللہ خان (اسسٹنٹ پروفیسر، کے ایس یو) نے اردو زبان کی اہمیت، وقار اور ادبی خدمات پر روشنی ڈالی اور اردو کے فروغ کے لیے اس قسم کی ادبی نشستوں کو نہایت ضروری قرار دیا۔
تقریب کے صدر پروفیسر نبی جان نے اپنے صدارتی خطاب میں زبان و ادب کو زندگی کا اہم حصہ قرار دیتے ہوئے اس طرح کے ادبی پروگراموں کے مسلسل انعقاد کی ضرورت پر زور دیا اور اس کامیاب پروگرام کے انعقاد پر نعمت اللہ خان کا شکریہ ادا کیا۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ایسی علمی و ادبی محفلیں آئندہ بھی منعقد ہوتی رہیں اور اردو زبان و ادب کے فروغ کا ذریعہ بنتی رہیں۔
