مجرمین کو سخت ترین سزا اور متاثرہ بچیوں کو انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ

ممبئی، 13 جولائی: راجستھان اور بنگال میں پیش آنے والے زنا بالجبر کے دل دہلا دینے والے واقعات کے خلاف جمعہ، 10 جولائی 2026 کو نمازِ جمعہ کے بعد ہانڈی والا مسجد، سیفی جبلی اسٹریٹ میں ایک پُرامن اور بھرپور احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا گیا۔ اس احتجاج کی قیادت محافظِ ناموسِ رسالت ﷺ اور رضا اکیڈمی کے بانی الحاج محمد سعید نوری نے کی۔
احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے مولانا اعجاز احمد کشمیری نے کہا کہ ملک میں خواتین اور بچیوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ "بیٹی پڑھاؤ، بیٹی بچاؤ” کا نعرہ اسی وقت بامعنی ہوگا جب بچیوں کی جان، مال، عزت اور آبرو محفوظ ہوں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس گھناؤنے جرم میں ملوث افراد کو سخت ترین قانونی سزا دی جائے تاکہ آئندہ کوئی اس قسم کے جرم کی جرأت نہ کر سکے۔
اس موقع پر الحاج محمد سعید نوری نے اپنے خطاب میں کہا کہ راجستھان اور بنگال کے انسانیت سوز واقعات انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ متاثرہ خاندانوں کو فوری انصاف فراہم کیا جائے اور مجرموں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ معاشرے میں خواتین اور بچیوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
آخر میں مولانا اعجاز احمد کشمیری نے ملک کے مسلم مسائل پر بات کی اور مظلوموں کے ساتھ ہمیشہ کی طرح کھڑے رہنے کا وعدہ کرتے ہوئے انتظامیہ کو اس بات کی طرح توجہ دلائی کہ ظالموں کو جلد قانونی طور پر عبرتناک سزا دی جائے تاکہ قانون کی بالا دستی کا خوف آئیندہ ہر کسی سینے میں قائم ہو سکے، اور وہ کبھی اس قسم کی غیر انسانی حرکتیں نہ کر سکیں ۔ اور انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ملک میں امن و امان قائم فرمائے، ہماری بچیوں کی جان، مال، عزت و آبرو کی حفاظت فرمائے، ہندوستان کو ترقی و خوشحالی عطا کرے، ہر قسم کے اندرونی و بیرونی فتنوں سے محفوظ رکھے، اور مظلوموں کو انصاف جبکہ ظالموں کو عبرتناک انجام نصیب فرمائے۔
اس احتجاجی پروگرام میں رضا اکیڈمی، سنی جمعیت العلماء اور جمعیت العلماء اہلِ سنت کے ذمہ داران، علماء کرام اور بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے