ایچ ایس ٹی آر (HSTR) امتحانات اردو میڈیم میں کرانے کا مطالبہ : ایڈیشنل چیف سکریٹری کو سماجی کارکن خواجہ فرید الدین کا مکتوب

کلبرگی: محکمہ اسکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی کے زیرِ اہتمام ہائی اسکول اساتذہ کی بھرتی (HSTR) کے امتحانات اردو میڈیم میں بھی منعقد کرنے کے لیے حکومت سے پرزور اپیل کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں معروف سماجی کارکن خواجہ فرید الدین نے محکمہ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری (بنگلورو) کو ایک تحریری درخواست پیش کی ہے۔

درخواست میں اس بات کی طرف توجہ مبذول کرائی گئی ہے کہ حکومت کی جانب سے سوشل سائنس (سماجی علوم) اور اردو زبان کے اساتذہ کی بھرتی کے لیے جو نئے مسودہ قواعد (Draft Rules) جاری کیے گئے ہیں، ان کے تحت یہ امتحانات صرف کناڈا اور انگریزی میڈیم میں منعقد کرنے کی تجویز ہے۔
خواجہ فرید الدین نے اپنے مکتوب میں واضح کیا کہ سابقہ طرزِ عمل: اس سے قبل بھرتی کے امتحانات میں زبان کی مہارت کا ۱۰۰ نمبرات کا پرچہ اردو زبان میں ہوا کرتا تھا، لیکن نئی تجویز سے اردو میڈیم کے امیدواروں کے ساتھ ناانصافی کا اندیشہ ہے۔
 امیدواروں کی دشواری: سوشل سائنس اور اردو اساتذہ کی بھرتی میں شامل ہونے والے زیادہ تر امیدواروں نے اپنی بنیادی تعلیم اردو میڈیم اسکولوں سے حاصل کی ہے۔ اگرچہ انہوں نے کناڈا اور انگریزی کو ثانوی زبان کے طور پر پڑھا ہے، لیکن کناڈا یا انگریزی میں پورا پرچہ حل کرنا ان کے لیے انتہائی دشوار ہوگا۔
 آئین کے آرٹیکل 371 (جے) کا حوالہ: اس امتحان میں شامل ہونے والے اکثر امیدواروں کا تعلق کلیان-کرناٹک خطے سے ہے، جسے بھارتی آئین کے آرٹیکل 371 (جے) کے تحت تعلیم اور ملازمتوں میں خصوصی تحفظ حاصل ہے۔
انہوں نے حکومت اور محکمہ تعلیم کے اعلیٰ حکام سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ کلیان-کرناٹک کے اردو میڈیم طلباء و امیدواروں کے مستقبل اور مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے اردو زبان اور سوشل سائنس کے اساتذہ کی بھرتی کا امتحان لازمی طور پر اردو میڈیم/اردو زبان میں بھی منعقد کیا جائے تاکہ تمام اہل امیدواروں کو مساوی موقع مل سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے