ڈاکٹر سراج الدین ندوی
9897334419
28/جون 2023(جمعرات)کوبعد مغرب سوشل میڈیا کے ذریعہ خبر ملی کہ مترجم قرآن مولانا محمد فاروق خاں ؒ صاحب اب اس دنیا میںنہیں رہے۔میں نے نماز جمعہ کے بعد حاضرین کو یہ خبر دی اور نہ صرف ایصال ثواب اور دعائے مغفرت کی گزارش کی بلکہ مولانا کے کے لیے دعائے مغفرت بھی کی۔اس وقت ہماری مسجد میں بعد فجر مولانا کی تالیف کردہ حدیث کی کتاب کلام نبوت کا حصہ دوم پڑھا جارہا ہے۔میں نے وہ کتاب اٹھاکر دکھائی اور کہا کہ مولانامحمد فاروق خاں ؒ صاحب نے اس کو سات جلدوں میں مرتب کیا ہے۔مولانا کی وفات کی خبرسے تحریکی حلقوں میں غم و اندوہ کی لہردوڑگئی۔مولانا اگرچہ بہت ضعیف ہوچکے تھے،ان کی عمر نوے سال تھی،لیکن ایسا نہیں تھا کہ وہ چل ہی بسیں،آج ہی تو وہ اپنے پوتے کے ساتھ بذریعہ کار اپنے بیٹے کے گھر عیدمنانے دہلی سے لکھنو پہنچے تھے۔یعنی پانچ سو کلومیٹر کا سفرتقریباً پانچ چھ گھنٹے میں طے کیا تھا۔پھر فرش سے عرش تک کا راستہ لمحوں میں طے کرلیا،یہ راستہ ہی ایسا ہے جو چند ثانیوں میں طے ہوجاتا ہے۔بقول شاعر:
ہستی سے عدم تک نفس چند کی ہے راہ
دنیا سے گزرنا سفر ایسا ہے کہاں کا
انسان نہیں جانتا کہ وہ جہاں جا رہا ہے موت اس کا انتظا رکررہی ہے۔گزشتہ دنوں ٹائٹنک جہاز کا ملبہ دیکھنے کی خواہش رکھنے والے دنیا کے تین ارب پتی تین ہزار میٹر گہرے سمند رمیں موت سے ہم آغوش ہوگئے۔مولانا فاروق خاں ؒ صاحب جو ساری عمر قرآن میں غوطہ زن رہے،انھیں کیا معلوم تھا کہ لکھنو کی شام ان کی زندگی کی شام بن جائے گی۔سائنسی تحقیقات کے زور پر انسان نے بہت سے راز ہائے سربستہ پرسے پردہ ہٹادیا ہے،مگر ابھی کچھ راز ایسے ہیں جن کا انکشاف شاید کبھی نہ ہوسکے۔ان میں سے ایک یہ ہے کہ:۔
وَ مَا تَدْرِیْ نَفْسٌ مَّا ذَا تَکْسِبُ غَدًا۔وَ مَا تَدْرِیْ نَفْسٌ بِاَیِّ اَرْضٍ تَمُوْتُ۔اِنَّ اللّٰہَ عَلِیْمٌ خَبِیْرٌ(لقمان 34)(اور کوئی شخص نہیں جانتا کہ وہ کل کیا کمائے گا اور کوئی شخص نہیں جانتا کہ زمین کے کس حصہ میں اسے موت آئے گی۔ بیشک اللہ علم والااور باخبر ہے۔)
مولانا محمد فاروق خاں ؒ صاحب سے میری پہلی ملاقات ڈاسنہ ضلع غازی آباد میں اجتماع جماعت اسلامی ہند علاقہ میرٹھ میں ہوئی تھی۔یہ 1973کی بات ہے۔اس کے بعدمولانا محمد فاروق خاں ؒ صاحب سے مسلسل ملاقاتیں رہیں۔ اس لیے کہ میرا دہلی بکثرت جانا ہوتا تھا،مولانا سے ملاقات کے وقت میں اس بات کا ضرور خیال رکھتا کہ ان کا زیادہ وقت نہ لوں،کیوں کہ میں جانتا ہوں کہ ایک مصنف کا وقت بہت قیمتی ہوتا ہے جب کہ وہ مطالعہ یا تحریر میں منہمک ہو،اس لیے کہ ذہن میں بہت سے خیالات و نکات گردش کرتے رہتے ہیں،جو ملاقاتی کے آنے سے ڈسٹرب ہوجاتے ہیں،بعض مرتبہ تو میں اسی احتیاط کی بنا پر ان سے بغیر ملاقات کیے واپس چلا آتا تھا۔
مولانا نے میری کئی کتابوں پر مقدمے لکھے۔ان کا مطالعہ وسیع تھا،نظر گہری تھی،کسی کتاب پر ان کا مقدمہ اس کتاب کو سند اعتبار بخشتا تھا۔مولانا جماعت اسلامی کے تصنیفی بورڈ کے بھی رکن تھے،جس کی سفارش پر مرکزی مکتبہ سے کتابیں شائع ہوتی تھیں،چنانچہ انھوں نے میری کئی کتابوں کے لیے سفارش بھی کی۔میں نے اپنے ایک دوست کی فرمائش پر جب روزہ و رمضان لکھی تو اس کا مسودہ مولانا محمد فاروق خاں ؒ صاحب کے پاس گیا۔مولانا نے مجھ سے کہا کہ آپ نے بہت اچھے انداز سے روزے کے فضائل،مسائل اور مقاصد پر روشنی ڈالی ہے،میری خواہش ہے کہ باقی ارکان دین پر بھی اسی انداز سے کتابیں تحریر فرمائیں۔چنانچہ ان کے مشورے پر میں نے طہارت و نماز ،عشرو زکوٰۃ اور حج و عمرہ پر کتابیں مرتب کیں۔
جب تک مرکز و مکتبہ چتلی قبر میں رہا،تو مولانا کی رہائش بھی وہیں رہی،بلکہ مولانا تو وہاں سے جب منتقل ہوئے جب کہ چتلی قبر کی عمارت کو توڑنے کا سلسلہ شروع ہوا،مولانا کو پرانی دہلی سے اس قدر لگاؤ تھا کہ وہ ابوالفضل آنا ہی نہیں چاہتے تھے،یہاں آکر بھی وہ مہینہ میں ایک بار پرانی دہلی ضرور جاتے تھے،وہاں ان کے بہت سے عقیدت مند تھے، انھوں نے برسوں جامع مسجد دہلی اور چتلی قبر دفتر جماعت اسلامی میں درس قرآن دیا تھا۔درس قرآن کی بات سے یاد آیا کہ مولانا کا درس سونے والوں کو جگا دیتا تھا،ان کی آواز کا زیر بم،کسی ایٹم بم سے کم نہیں تھا۔وہ قرآن کے ایسے رموز بیان کرتے تھے کہ سننے والے فرط حیرت سے مولانا کا منہ تکتے رہ جاتے تھے۔قرآن کے بارے میں وہ اکثر کہا کرتے تھے:’’’’قرآن کا معجزہ ہے کہ یہ کتاب عوام کے لیے بھی ہے، خواص کے لیے بھی اور خواص الخواص کے لیے بھی۔ آدمی جتنا گہرا ہوگا کتاب اتنی گہری ہوتی جائے گی اور آدمی جتنا بلند ہوگا کتاب اتنی بلند ہوتی جائے گی اور آدمی جتنا سادہ ہوگا کتاب ان کے لیے اتنی سادہ ہوتی جائے گی۔‘‘ان کی دل چسپی کا سب سے ترجیحی میدان قرآن تھا،جماعت اسلامی کے لیے قرآن پاک کا پہلا ہندی ترجمہ انھوں نے اس وقت کیا جب مرکز جماعت رام پورمیں تھا،اس کے بعد ایک اور ترجمہ کیا،پھر مولانا مودودی ؒ کے اردو ترجمہ کا ہندی ترجمہ کیا،انھوں نے ہندی میں قرآن کی تفسیر بھی لکھی،ان کے پاس قرآن مجید کے نادر اور،قدیم نسخے تھے اور تراجم قرآن بھی بڑی تعداد میں تھے،ان کی ذاتی لائبریری کا بڑا حصہ قرآنیات پر مشتمل تھا۔ہر وقت قرآن میں غورو فکر کرنا ان کا مشغلہ تھا،وہ کم گو تھے،بے نیازی ان کی صفت تھی،چلتے پھرتے بھی ایسا لگتا جیسے کہ کچھ سوچ رہے ہوں،شاید قرآن کی کسی آیت کی پرتیں کھول رہے ہوں۔
ان کا دوسرا میدان ہندو مذہبی کتابیں اورہندوؤں کی مقدس شخصیات سے وابستہ تھا۔اس موضوع پر انھوں نے کئی تحقیقی کتابیں لکھی ہیں۔وہ ہندی ساہتیہ ٹرسٹ،مدھر سندیش سنگم سے بھی وابستہ تھے،وہ ادارہ تحقیق و تصنیف اسلامی علی گڑ ھ کی صدر رہ چکے تھے۔ہندی میں وہ اپنے زمانے کے ایم اے تھے۔برادران وطن میں دعوتی کام اور ان سے انسانی تعلقات کے قیام پر وہ ہمیشہ توجہ دلاتے رہتے تھے،خود بھی بڑے بڑے آچاریوں اورشنکرآچاریوں سے بھینٹ کرتے رہتے تھے،ان کے درمیان اسلام کا پیغام پہنچا تے تھے،ان کی گفتگو سے ہندو مذہبی شخصیات بہت متاثر ہوتی تھیں۔
مولانا محمد فاروق خاں ؒ صاحب شاعر بھی تھے،فرازؔ ان کا تخلص تھا، ان کے دو مجموعے ایک ’حرف و صدا‘ کے نام سے اور دوسرا ’کلیات فراز‘ کے نام سے منظر عام پر آچکے ہیں۔مولانا کی شاعری پر میرا تبصرہ کرنا تو سورج کو چراغ دکھانے کے مترادف ہوگا۔میں ان کے مجموعہ کلام ’حرف و صدا‘ مطبوعہ 1991کے صفحہ 15سے پروفیسر ملک زادہ منظور کا اقتباس نقل کرتا ہوں،پروفیسر صاحب کا تعلق نہ جماعت اسلامی سے تھا اور نہ ادارہ ادب اسلامی سے،وہ خالص غزل کے شاعر تھے۔اس لیے ان کی گواہی ادبی دنیا کے لیے جس قدر معتبریت کا درجہ رکھتی ہے،شاید اس قدر ہم فکر افراد کی نہ رکھتی ہو۔ملک زادہ منظور لکھتے ہیں:
’’غزل اگر اپنی روایتی بنیادوں پر قائم رہتے ہوئے عصری تقاضوں کو پورا کرے اور ان تمام اعلیٰ و ارفع قدروں کو آئینہ دکھلائے جو ماضی نے ہمارے سپرد کی ہیں تو میرے لیے وہ اک اچھی غزل ہے۔میں نے محمد فاروق خاں ؒ فراز سلطان پوری کا کلام جستہ جستہ پڑھا ہے اور مجھے یہ کہنے میں ذرا بھی تامل نہیں کہ ان کے کلام کے اندر روایت کے صنم کدوں کا نور،عصر حاضر کی تمازت،اور اخلاق و معارف کے ساتھ ساتھ بصائر و تاملات کے بھی بہت سے پہلو نکلتے ہیں اور وہ زندگی اور ادب کی ان قدروں کے شارح اور وصاف ہیں جنھیں انسانیت نے ہر دور میں عزیز رکھا ہے۔وہ فن کی قدیم اور مستحکم بنیادوں پر غزل سرا ہوتے ہیں اور ان کی آواز صدیوں کا سینہ چیرتی ہوئی جب ہمارے کانوں تک پہنچتی ہے تو ہمیں ایسا محسوس ہوتا ہے کہ یہ ہماری اچھی ادبی روایتوں اور ہمارے عہد کی ملی جلی بازگشت ہے اور اسی لیے یہ بات بڑے اطمینان سے کہی جاسکتی ہے کہ فاروق خاں ؒ فرازؔقصہ قدیم و جدیدسے بالا تر ہوکر ہمارے عہد کے ایک خوش فکر شاعر ہیں جو فن کے تمام لوازمات اورا لتزامات سے نہ صرف باخبر ہیں بلکہ انھیں سلیقے سے برتنے کا ہنر بھی جانتے ہیں۔۔۔۔۔‘‘(حرف و صدا صفحہ 15)
مولانا بذلہ سنج انسان تھے،ان کی تقریر اور دروس میں بھی یہ بذلہ سنجی دیکھنے کو ملتی تھی، کبھی لوگ خوب ہنستے تھے،لیکن اگلے ہی پل وہ محفل میں سنجیدگی پیدا کردیتے تھے،ان کے پاس بیٹھیے تو وقت کا پتا ہی نہیں چلتا تھا،ایک کے بعد ایک قصے سناتے،بزرگوں کے واقعات پیش کرتے،قرآن و حدیث کی کوئی انوکھی بات بتاتے،کبھی اپنے اشعار بھی سنا کر محظوظ کرتے،اسی کے ساتھ مہان نوازی بھی کرتے،ان کے پاس جو الیکٹرک کیتلی تھی اس میں پانی ہر وقت گرم رہتاتھا،اپنے ہاتھ سے دم چائے بنا کر پلاتے تھے۔
مولانا کسی عہدے کے خواہش مند کبھی نہیں رہے۔ادارہ تحقیق و تصنیف کی صدارت سے بھی از خود الگ ہوگئے تھے۔ان کے ذوق کا جو میدان تھا میرا خیال ہے کہ عہدے اور مناصب کے جھمیلے اس ذوق کی تسکین کے لیے سد راہ تھے۔مناصب سے دور رہنے کا ہی نتیجہ تھا کہ مولانا سو سے زائد کتابوں کے مصنف تھے۔ان کی زیادہ تر کتابیں مرکزی مکتبہ اسلامی سے شائع ہوئی ہیں۔
ہر شخص کو ایک دن جانا ہی ہے،لیکن بعض لوگوں کا رخصت ہونا قلب و جگر پر گراں گزرتا ہے،ان ہی میں سے ایک مولانا فاروق خاں ؒ صاحب کا بھی جانا ہمارے لیے تکلیف کا باعث ہے۔مولانا سے میرے تعلقات کم و بیش پچاس سال پر محیط ہیں،میں نے ان کی کتابوں سے بھی استفادہ کیا ہے اور براہ راست ان کے دروس و خطابات سے بھی،جماعت کے اہم پروگراموں میں مولانا کا درس ہوتا تھا۔وہ ہماری دنیا سے رخصت ہوگئے،لیکن مجھے امید ہے کہ حدیث ’’ورَجُلان تَحَابَّا فی اللَّہِ، اجْتَمَعَا عَلَیْہِ، وَتَفَرَّقَا عَلَیْہِ(متفق علیہ)کے مطابق ان شاء اللہ ہم ان سے جنت میں ملیں گے۔اللہ تعالیٰ مولانا کی مغفرت فرمائے۔جنت میں ان کے درجات کو بلند فرمائے۔آمین۔
