از: اعجاز احمد سنابلی
دینی و تعلیمی میدان میں صحت مند مسابقت طلبہ کی صلاحیتوں کو نکھارنے، ان کے اندر محنت و جستجو کا جذبہ بیدار کرنے اور علمی ذوق کو پروان چڑھانے کا مؤثر ذریعہ ہے۔ اسی جذبۂ خیر کے تحت جمعیت اہلِ حدیث، ضلع سدھارتھ نگر، یوپی کی جانب سے بین المکاتب تعلیمی مظاہرے اور ضلعی سطح پر مسابقۂ حفظِ قرآن کے انعقاد پر دلی مسرت اور تہنیت کا اظہار کیا جاتا ہے۔
جمعیت اہلِ حدیث، ضلع سدھارتھ نگر، یوپی نے دینی و تعلیمی میدان کے ساتھ ساتھ رفاہی اور دعوتی سرگرمیوں میں بھی نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ مدارس و مکاتب کی تعلیمی سرپرستی، طلبہ کی حوصلہ افزائی، قرآنی و دینی مسابقات کا انعقاد اور معاشرے کے ضرورت مند طبقات تک رفاہی خدمات پہنچانے کی کوششیں قابلِ قدر ہیں۔ بین المکاتب تعلیمی مظاہرہ اور ضلعی مسابقۂ حفظِ قرآن بھی اسی علمی و تربیتی سلسلے کی ایک خوب صورت کڑی ہے۔
اس موقع پر میں امیرِ جماعت شیخ محمد ابراہیم مدنی اور ناظمِ عمومی شیخ وصی اللہ مدنی حفظهما الله، نیز جمعیت کے تمام ذمہ داران، اساتذہ، منتظمین اور معاونین کو اس کامیاب تعلیمی و قرآنی پروگرام کے انعقاد پر دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
خصوصاً مسابقۂ حفظِ قرآن میں شریک تمام طلبہ قابلِ مبارک باد ہیں کہ انہوں نے کتاب اللہ سے اپنے تعلق کو مضبوط بنانے اور اپنی محنت و صلاحیت کے اظہار کے لیے اس علمی موقع سے بھرپور فائدہ اٹھایا۔ اللہ تعالیٰ ان کے سینوں کو قرآن کے نور سے منور فرمائے اور انہیں قرآن کا سچا خادم بنائے۔
اللہ تعالیٰ جمعیت اہلِ حدیث، ضلع سدھارتھ نگر، یوپی کی دینی، تعلیمی، دعوتی اور رفاہی خدمات کو شرفِ قبول عطا فرمائے، اس کے ذمہ داران کو اخلاص و استقامت کے ساتھ مزید خدمت کی توفیق دےاور ایسے علمی و تربیتی پروگراموں کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری و ساری رکھے۔
والله ولي التوفيق والهادي إلى سواء السبيل
