نظام آباد 2/اکتوبر(مشرقی آواز جدید): جمعیۃ علماء بودھن کے زیر اہتمام ثناء پیالیس فنکشن ہال، رنجل بیس، بودھن میں صبح 9 بجے تا دوپہر 2 بجے سیرت النبی ﷺ ڈیجیٹل کوئز کا شاندار انعقاد عمل میں آیا۔ جس میں بودھن اور اطراف و اکناف کے مختلف دیہات سے تقریباً 200 طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ اس منفرد ڈیجیٹل کوئز میں اسکرین پر پیش کیے گئے سوالات کے جوابات شرکاء نے موبائل فون کے ذریعے دیے۔ شرکاء کے لیے طعام کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔
منتظمین کے مطابق ریاست تلنگانہ ہی نہیں بلکہ پورے ملک میں اپنی نوعیت کا یہ پہلا ڈیجیٹل سیرت کوئز ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے سیرتِ نبوی ﷺ کی تعلیم کو جدید ٹیکنالوجی سے جوڑتے ہوئے ایک نیا ماڈل اور نمونہ پیش کیا گیا، جس کا مقصد نئی نسل کو سیرتِ رسول ﷺ سے جوڑنا اور اس کے عملی پیغام کو عام کرنا ہے۔
اس موقع پر حافظ پیر خلیق احمد صابر، جنرل سکریٹری جمعیت علماء تلنگانہ نے کہا کہ سیرتِ نبوی ﷺ کو اپنی زندگی کا حصہ بناتے ہوئے اس پر عمل کی کوشش کرنی چاہیے۔ مولانا سید سمیع اللہ قاسمی، صدر جمعیت علماء ضلع نظام آباد نے کہا کہ سیرتِ طیبہ انسان کی زندگی میں سکون و اطمینان کا ذریعہ ہے۔ مولانا معراج الدین ابرار، سکریٹری جمعیت علماء تلنگانہ نے طلبہ و والدین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے جمعیت علماء کی دینی و سماجی خدمات پر روشنی ڈالی۔
کوئز میں سدرہ تمکین، زیڈ پی ایچ ایس اسکول کوٹگیر نے پہلی پوزیشن حاصل کی، انہیں فرسٹ پوزیشن کا سرٹیفکیٹ اور 8 ہزار روپے کا انعام دیا گیا۔ سیدہ قدسیہ، دارالعلوم ہائی اسکول، عالیہ آباد بودھن نے دوسری پوزیشن حاصل کرتے ہوئے سیکنڈ پوزیشن کا سرٹیفکیٹ اور 5 ہزار روپے کا انعام حاصل کیا، جبکہ ادیبہ فردوس، نظامیہ ہائی اسکول نے تیسری پوزیشن حاصل کی، انہیں تھرڈ پوزیشن کا سرٹیفکیٹ اور 3 ہزار روپے کا انعام دیا گیا۔
چوتھی رینک سے تیرہویں رینک تک حاصل کرنے والے 10 طلبہ کو ایک ایک ہزار روپے کا انعام اور Certificate of Appreciation سے نوازا گیا، جبکہ باقی تمام تقریباً 200 طلبہ و طالبات کو Certificate of Participation پیش کیے گئے۔
اس موقع پر حافظ شیخ افسر مظہری، صدر جمعیت علماء بودھن نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا، مولوی سید تنویر حسین، سکریٹری جمعیت علماء بودھن نے مہمانوں کا استقبال کیا، جبکہ حافظ عقیل الدین، جنرل سکریٹری جمعیت علماء بودھن نے کوئز کی کارروائی بحسن و خوبی انجام دی۔
تقریب میں جناب فضل الدین، جنرل سکریٹری جمعیت علماء ضلع نظام آباد، جناب نصیر الدین، نائب صدر جمعیت علماء ضلع نظام آباد، مولانا ناصر قاسمی، آرگنائزر، مولانا ثناء اللہ قاسمی، مولانا عبد الرقیب قاسمی، صدر جمعیت علماء ضلع کاماریڈی، اور جناب محمد یونس، جنرل سکریٹری جمعیت علماء میڑچل نے شرکت کی۔
پروگرام کی کامیابی میں جمعیت علماء بودھن کے اراکینِ بےمنتظمہ نے بھی اہم کردار ادا کیا۔ ان میں مولوی سید تنویر حسین، سکریٹری؛ حافظ احمد، نائب صدر؛ حافظ راحت خان، نائب صدر؛ مولوی محمد یونس شکرنگر، رکن منتظمہ؛ حافظ اجمل؛ حافظ عتیق، میڈیا سکریٹری؛ حافظ اصفان، جوائنٹ میڈیا سکریٹری؛ جناب خالد پٹیل، جوائنٹ سکریٹری؛ جناب محمد جواد، رکن منتظمہ، جناب محمد ہارون، کوتوال گلی، محمد غوث الدّین رکن منتظمہ، مولوی محمد مقیم صاحب پلمبر اور حافظ عبدالمتین صاحب شامل ہیں۔ تمام اراکین نے محنت، تعاون اور جذبے کے ساتھ پروگرام کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کیا۔۔۔۔
