جشنِ زبان یا محاسبۂ اہلِ زبان؟
افتخاراحمدقادری
اردو زبان ایک ایسی تہذیبی کائنات کا نام ہے جس کے دامن میں صدیوں کا علمی سرمایہ، فکری بالیدگی، معاشرتی شائستگی، انسانی اخوت اور تمدنی شعور سمٹا ہوا ہے۔ اس زبان نے اپنے دامن میں مختلف تہذیبوں، ثقافتوں، افکار اور معاشرتی تجربات کو اس فراخ دلی سے سمویا کہ اس کی وسعتِ قلبی خود اس کی شناخت بن گئی۔ میرؔ کی سوزشِ دروں، غالبؔ کی فکری رفعت، اقبالؔ کی فلسفیانہ بصیرت، سرسید کی اصلاحی جدوجہد، حالیؔ کی مقصدیت اور شبلیؔ کی علمی جلالت اسی زبان کے وہ تابندہ نقوش ہیں جنہیں تاریخ کے صفحات سے محو کرنا ممکن نہیں۔ لیکن جس زبان نے ہمیں تہذیبی تشخص، علمی بصیرت اور اظہار و ابلاغ کا سلیقہ عطا کیا، کیا ہم نے اس کے تحفظ و ارتقا کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھی اسی سنجیدگی سے ادا کی ہیں؟
9 نومبر کو یومِ اردو منایا جاتا ہے۔ یہ تاریخ اردو کے عظیم شاعر اور مفکر علامہ محمد اقبال کے یومِ ولادت سے منسوب ہے۔ اس دن تعلیمی اداروں میں تقریبات منعقد ہوتی ہیں، ادبی انجمنیں محافل آراستہ کرتی ہیں، شعرا اپنا کلام سناتے ہیں، مقررین اردو کی عظمت کے قصیدے پڑھتے ہیں اور سوشل میڈیا پر اردو دوستی کے جذبات سے لبریز تحریروں کی بھرمار ہوجاتی ہے۔ بلاشبہ یہ سرگرمیاں اپنی جگہ اہمیت رکھتی ہیں مگر ایک بنیادی سوال اپنی پوری معنویت کے ساتھ ہمارے سامنے کھڑا ہے کہ کیا اردو کی محبت صرف ایک دن کی تقریبات، چند جذباتی تقریروں اور نمائشی سرگرمیوں کی محتاج رہ گئی ہے؟ کیا زبان کی بقا کا فریضہ سال میں ایک مرتبہ منعقد ہونے والے جشن سے ادا ہوسکتا ہے؟ اگر نہیں، تو پھر یومِ اردو کو محض جشنِ زبان کے بجائے محاسبۂ اہلِ زبان کا موقع کیوں نہ بنایا جائے؟
اردو کے موجودہ منظرنامے کا سب سے افسوس ناک پہلو یہ ہے کہ اس کے سب سے بڑے مدعی اور وارث ہی اس کے عملی تقاضوں سے گریزاں دکھائی دیتے ہیں۔ زبان سے محبت کے دعوے کرنے والے بہت ہیں مگر اپنے بچوں کو اردو پڑھانے، گھروں میں اردو گفتگو کا ماحول قائم کرنے، اردو کتابیں خریدنے اور نئی نسل میں مطالعے کا ذوق پیدا کرنے والوں کی تعداد تشویش ناک حد تک کم ہوتی جارہی ہے۔ ہماری معاشرتی ترجیحات میں انگریزی کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں، کیوں کہ جدید تعلیم، عالمی ابلاغ اور پیشہ ورانہ مسابقت میں اس زبان کی افادیت مسلم ہے؛ لیکن انگریزی سیکھنے کا مطلب اپنی مادری یا تہذیبی زبان سے دست بردار ہوجانا ہرگز نہیں۔ المیہ یہ ہے کہ ہم نے انگریزی کو ترقی کی علامت اور اردو کو بعض اوقات احساسِ کمتری کا استعارہ بنادیا ہے۔ یہ ذہنی مرعوبیت محض لسانی مسئلہ نہیں، بلکہ اپنی تہذیبی شناخت سے بتدریج انقطاع کا مظہر بھی ہے۔
اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ گھروں کا ماحول کسی بھی زبان کی بقا میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔ بچہ سب سے پہلے اپنی ماں کی زبان سے مانوس ہوتا ہے، اسی کے الفاظ میں دنیا کو پہچانتا اور اسی کے ذریعے اپنے احساسات کی ترجمانی کرتا ہے۔ مگر آج صورتِ حال یہ ہے کہ بہت سے تعلیم یافتہ گھرانوں میں بچوں کے ساتھ اردو گفتگو کو غیر ضروری سمجھا جانے لگا ہے۔ والدین اپنے بچوں کو انگریزی میں بات کرنے کی ترغیب دیتے ہیں، اردو بولنے پر بعض اوقات ان کی اصلاح اس انداز سے کرتے ہیں جیسے یہ کوئی لسانی کمزوری ہو۔ نتیجتاً نئی نسل نہ اردو کے محاوروں سے آشنا ہے، نہ اس کے ادبی محاسن سے واقف اور نہ ہی اپنی تہذیبی روایت کے بنیادی مآخذ سے اس کا کوئی مضبوط رشتہ قائم ہوپاتا ہے۔ جو زبان گھر کی دہلیز پر اجنبیت کا شکار ہوجائے، اس کے لیے تعلیمی اداروں اور ادبی انجمنوں میں مصنوعی وابستگی پیدا کرنا آسان نہیں رہتا۔ اردو رسم الخط کے حوالے سے بھی صورتِ حال قابلِ غور ہے۔ موبائل فون اور سماجی ذرائع ابلاغ نے ابلاغ کے نئے امکانات ضرور پیدا کیے ہیں، لیکن رومن اردو کے بڑھتے ہوئے استعمال نے اردو رسم الخط سے نئی نسل کی واقفیت کو متاثر کیا ہے۔ پیغام رسانی کی سہولت اپنی جگہ، مگر جب اردو کے الفاظ رومن حروف میں لکھنے کا چلن مستقل عادت بن جائے تو رفتہ رفتہ اصل رسم الخط سے شناسائی کمزور پڑنے لگتی ہے۔ زبان صرف بولنے کا وسیلہ نہیں ہوتی، اس کا رسم الخط بھی اس کی تہذیبی شناخت اور ادبی تسلسل کا امین ہوتا ہے۔ آج ہمیں جدید ذرائع ابلاغ سے استفادہ ضرور کرنا چاہیے، لیکن اس سہولت کی خاطر اپنی تحریری روایت کو فراموش کردینا دانش مندی نہیں۔ آج اردو تعلیمی اداروں کی صورتِ حال بھی سنجیدہ توجہ کی متقاضی ہے۔ متعدد علاقوں میں اردو میڈیم اسکولوں کو بنیادی سہولتوں، معیاری تدریسی وسائل، جدید نصاب اور تربیت یافتہ اساتذہ کی قلت کا سامنا ہے۔ بعض مقامات پر اردو کی تعلیم محض ایک رسمی مضمون بن کر رہ گئی ہے جہاں نہ زبان کی تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دیا جاتا ہے اور نہ طلبہ کو اس کے ذریعے جدید علوم سے استفادے کی ترغیب ملتی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اردو کو محض ماضی کے ادبی سرمائے کا محافظ بناکر نہ رکھا جائے، بلکہ اسے سائنس، ٹیکنالوجی، معاشیات، قانون، سماجیات اور عصری علوم کے اظہار کا مؤثر وسیلہ بھی بنایا جائے۔ جب تک اردو میں جدید علمی مواد کی فراہمی، تحقیقی تصانیف کی اشاعت اور معیاری تدریسی نظام کو فروغ نہیں ملے گا، اس وقت تک اس کے تعلیمی امکانات پوری طرح بروئے کار نہیں آسکیں گے۔
محترم قارئین! یہاں اردو صحافت کا ذکر بھی ناگزیر ہے کیوں کہ اخبارات اور رسائل کسی زبان کی فکری زندگی میں شہ رگ کی حیثیت رکھتے ہیں۔ اردو صحافت نے آزادی کی تحریک سے لے کر سماجی اصلاح، سیاسی شعور، مذہبی رہنمائی اور عوامی بیداری تک ہر مرحلے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ اس کے باوجود آج اردو صحافت کو متعدد دشواریوں کا سامنا ہے۔ قارئین کی محدود ہوتی ہوئی تعداد، اشتہارات کی غیر یقینی صورتِ حال، اشاعتی اخراجات میں اضافہ، ڈیجیٹل ذرائع سے مسابقت اور پیشہ ورانہ سہولتوں کا فقدان اس شعبے کے لیے بڑے چیلنج ہیں۔ بعض اخبارات اپنی بقا کی جدوجہد میں معیاری صحافتی مواد سے محروم ہوتے جارہے ہیں، جب کہ کئی مقامات پر صحافیوں کی محنت کے شایانِ شان معاوضے اور پیشہ ورانہ تحفظ کا بھی فقدان ہے۔ اردو صحافت کی مضبوطی کے لیے ضروری ہے کہ قارئین اخبارات خریدنے اور مطالعہ کرنے کی عادت اپنائیں، ناشرین معیارِ اشاعت کو مقدم رکھیں اور متعلقہ ادارے اردو صحافت کے جائز تقاضوں کو نظرانداز نہ کریں۔ آج اردو کے حوالے سے ایک اور اہم مسئلہ معاشی افادیت کا ہے۔ نوجوانوں کے ذہنوں میں یہ سوال پیدا ہونا فطری ہے کہ اردو پڑھنے کے بعد ان کے لیے روزگار کے کون سے امکانات موجود ہیں؟ اگر کسی زبان کے فارغ التحصیل نوجوان کو مناسب پیشہ ورانہ مواقع میسر نہ ہوں تو اس زبان کی تعلیم کے تئیں معاشرتی رغبت بھی متاثر ہوتی ہے۔ اردو کو ترجمہ نگاری، تدریس، صحافت، تدوین، اشاعتی صنعت، مواد نویسی، ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور مصنوعی ذہانت سے متعلق لسانی خدمات کے ساتھ مربوط کرنے کی ضرورت ہے۔ جدید عہد میں زبانوں کی افادیت صرف ادبی اظہار تک محدود نہیں رہی؛ ترجمے، صوتی شناخت، مشینی مطالعے اور ڈیجیٹل مواد کی تیاری میں بھی لسانی مہارتوں کی اہمیت بڑھ رہی ہے۔ اردو کے تعلیمی اداروں اور جامعات کو چاہیے کہ طلبہ کو محض اسناد فراہم کرنے کے بجائے ایسی عملی مہارتوں سے آراستہ کریں جو انہیں معاشی خود کفالت کی راہ دکھا سکیں۔ مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل انقلاب نے دنیا کی زبانوں کے سامنے نئے امکانات اور غیر معمولی چیلنجز پیش کردیے ہیں۔ ایسے میں اردو کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ اردو کے مستند برقی ذخائر، معیاری لغات، ڈیجیٹل کتب خانوں، تحقیقی مقالات اور لسانی ڈیٹا کی فراہمی کے بغیر اس زبان کی تکنیکی ترقی کا خواب شرمندۂ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ اگر ہم چاہتے ہیں کہ آنے والی نسلیں اردو میں جدید علوم حاصل کریں اور عالمی علمی مباحث میں اس زبان کے ذریعے حصہ لے سکیں تو ہمیں اس کے ڈیجیٹل وسائل کی تیاری کو ترجیح دینا ہوگی۔ محض یہ کہہ دینا کافی نہیں کہ اردو ایک عظیم زبان ہے؛ عظمت کو عصرِ حاضر کے علمی اور تکنیکی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا بھی ضروری ہے۔
آج حکومتی سطح پر بھی اردو کے فروغ کے لیے آئینی، تعلیمی اور انتظامی امکانات کو مؤثر انداز میں بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔ اردو کو جن علاقوں میں سرکاری یا تعلیمی سطح پر مناسب مقام حاصل ہے وہاں اس کے نفاذ اور عملی استعمال کی صورتِ حال کا جائزہ لیا جانا چاہیے۔ جہاں اردو دوسری سرکاری زبان کی حیثیت رکھتی ہے، وہاں متعلقہ سرکاری محکموں میں اس کے استعمال، اردو میں درخواستوں کی وصولی، سرکاری دستاویزات کی فراہمی اور تعلیمی سہولتوں کو یقینی بنانا ضروری ہے۔ زبان کے حقوق محض کاغذی اعلانات سے محفوظ نہیں ہوتے، بلکہ ان کے لیے انتظامی سنجیدگی، مسلسل نگرانی اور مؤثر عمل درآمد درکار ہوتا ہے۔ یہ بھی حقیقت ہے کہ اردو کسی ایک مذہب، طبقے یا مخصوص جغرافیائی خطے کی جاگیر نہیں۔ اس کی تشکیل و ارتقا میں مختلف مذاہب، تہذیبوں اور لسانی روایتوں سے تعلق رکھنے والے اہلِ علم و ادب نے حصہ لیا ہے۔ اردو کی تاریخ مشترکہ تہذیبی تجربات، باہمی میل جول اور فکری ہم آہنگی کی تاریخ ہے۔ اس زبان کے دامن میں ایسی وسعت ہے جو مختلف معاشرتی طبقات کو ایک دوسرے کے قریب لانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اس لیے اردو کو کسی مخصوص شناخت کے محدود دائرے میں محصور کردینا اس کی تاریخی وسعت اور تہذیبی حقیقت دونوں کے منافی ہے۔ اس کی ترویج و اشاعت میں ہر زبان دوست شہری کا کردار اہم ہے۔
آج یومِ اردو کا حقیقی تقاضا یہ ہے کہ ہم اپنی ترجیحات کا ازسرِنو تعین کریں۔ والدین اپنے گھروں میں اردو گفتگو کو فروغ دیں، تعلیمی ادارے زبان کی تدریس کو بامقصد بنائیں، اساتذہ طلبہ میں مطالعے اور تحریر کا ذوق پیدا کریں، ادیب عصری موضوعات پر تخلیقی اظہار کریں، ناشرین معیاری کتابوں کی اشاعت کو ترجیح دیں، صحافی زبان کی صحت اور صحافتی معیار کا تحفظ کریں اور نوجوان اردو کو جدید ٹیکنالوجی کے امکانات سے مربوط کریں۔ اردو کی خدمت کسی ایک ادارے، انجمن یا فرد کی ذمہ داری نہیں، بلکہ یہ اجتماعی شعور اور مشترکہ جدوجہد کا تقاضا کرتی ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ ہم یومِ اردو کے موقع پر صرف اردو کی عظمت کے ترانے نہ گائیں، بلکہ اپنے طرزِ عمل کا محاسبہ بھی کریں۔ یہ دیکھیں کہ ہم نے گزشتہ ایک سال میں اردو کے لیے کیا کیا؟ کتنی اردو کتابیں خریدیں، کتنے بچوں کو اردو پڑھنے کی ترغیب دی، کتنے تعلیمی و ادبی منصوبوں میں حصہ لیا اور اپنی روزمرہ زندگی میں اس زبان کو کتنا مقام دیا؟ اگر ان سوالات کے جوابات ہمارے پاس نہیں تو پھر تقریبات کی کثرت کے باوجود ہماری اردو دوستی ادھوری ہے۔ زبانوں کو زندہ رکھنے کے لیے مسلسل استعمال، علمی توسیع، معاشی امکانات، تعلیمی سرپرستی اور تہذیبی پاس داری ناگزیر ہوتی ہے۔ اردو نے ہمیں الفاظ کی دولت، احساسات کی لطافت اور اظہار کی بے پناہ وسعت عطا کی ہے، اب ہماری باری ہے کہ ہم اس کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے اپنی عملی ذمہ داریوں کا احساس کریں۔ یومِ اردو کو محض جشنِ زبان کا عنوان دینے کے بجائے اسے خود احتسابی، فکری بیداری اور تعمیری جدوجہد کا نقطۂ آغاز بنانا ہوگا، کیوں کہ اردو کی بقا کا فیصلہ تقریبات کے اسٹیجوں پر نہیں، ہماری روزمرہ زندگی، تعلیمی ترجیحات اور عملی کردار کے میدان میں ہوگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کریم گنج،پورن پور،پیلی بھیت،مغربی اترپردیش
