پرویز یعقوب مدنی 

استاذ جامعہ سراج العلوم السلفیہ جھنڈانگر نیپال 

ناظم عمومی الحرم ایجوکیشنل ویلفیئر سوسائٹی نیپال 

دعوت توحید، نشرِ عقیدہ اور اصلاح امت کے میدان میں ایک عظیم دینی و دعوتی خدمت

اسلام دین توحید ہے، اس کی اساس اللہ تعالی کی وحدانیت کا اقرار، اسی کی عبادت، اسی پر توکل اور اسی کے احکام کے سامنے سر تسلیم خم کرنا ہے۔ توحید ہی وہ بنیادی دعوت ہے جس کے لیے اللہ تعالی نے انبیائے کرام علیہم السلام کو مبعوث فرمایا اور آسمانی کتابیں نازل کیں۔ قرآن کریم نے انبیائے کرام کی دعوت کا خلاصہ ان الفاظ میں بیان کیا ہے:وَلَقَدْ بَعَثْنَا فِي كُلِّ أُمَّةٍ رَسُولًا أَنِ اعْبُدُوا اللّٰهَ وَاجْتَنِبُوا الطَّاغُوتَ۔(النحل: 36)اور ہم نے ہر امت میں ایک رسول بھیجا کہ تم اللہ کی عبادت کرو اور طاغوت سے بچو۔

دعوت توحید دراصل دعوت انبیاء ہے، اسی لیے اس کے فروغ، تحفظ اور اشاعت کو اسلامی معاشرے کی بنیادی ذمہ داری قرار دیا گیا ہے۔ مملکت سعودی عرب نے اپنے قیام سے لے کر آج تک عقیدہ توحید کی اشاعت، قرآن و سنت کی تعلیم اور اسلامی اقدار کے تحفظ کو اپنی دینی و دعوتی ترجیحات میں نمایاں مقام دیا ہے۔ اس عظیم مقصد کے حصول میں سعودی عرب کی وزارت امور اسلامی، دعوت و ارشاد (وزارة الشؤون الإسلامية والدعوة والإرشاد) کا کردار نہایت اہم اور قابل تحسین ہے۔

وزارت امور اسلامی کا قیام اور بنیادی مقاصد

وزارت امور اسلامی دعوت و ارشاد مملکت سعودی عرب کا ایک اہم سرکاری دینی ادارہ ہے جس کی ذمہ داریوں میں اسلامی تعلیمات کی اشاعت، مساجد کی دیکھ بھال، دعوتی سرگرمیوں کی سرپرستی، قرآن کریم کی خدمت، اسلامی عقائد کی وضاحت اور مسلمانوں کی دینی رہنمائی شامل ہیں۔ یہ وزارت اپنے مختلف شعبوں اور دعوتی پروگراموں کے ذریعے معاشرے میں صحیح اسلامی عقیدہ راسخ کرنے اور لوگوں کو کتاب و سنت کی طرف متوجہ کرنے میں مصروف عمل ہے۔

اس وزارت کی خدمات محض مملکت سعودی عرب تک محدود نہیں بلکہ دنیا کے مختلف ممالک میں اسلامی دعوت، دینی تعلیم اور قرآنی و نبوی تعلیمات کے فروغ کے لیے بھی اس کے متعدد پروگرام جاری رہتے ہیں۔

دعوت و ارشاد کے ذریعے فروغ توحید

وزارت امور اسلامی کی سب سے اہم خدمات میں دعوت و ارشاد کا شعبہ نمایاں ہے۔ اس شعبے کے ذریعے ملک کے اندر اور بیرون ملک مساجد، اسلامی مراکز، دعوتی اداروں اور دینی تنظیموں کے توسط سے لوگوں تک قرآن و سنت کی تعلیمات پہنچائی جاتی ہیں۔ علماء و دعاۃ اور مبلغین کی سرپرستی اور دعوتی پروگراموں کا انعقاد اسی سلسلے کی اہم کڑیاں ہیں۔

اس دعوت کا بنیادی پیغام یہ ہے کہ انسان اپنی عبادت، دعا، نذر، استعانت اور توکل کو اللہ تعالی کے لیے خالص کرے اور شرک و بدعات سے اجتناب کرتے ہوئے عقیدۂ صحیحہ کو اختیار کرے۔

اللہ تعالی کا ارشاد ہے: وَمَا خَلَقْتُ الْجِنَّ وَالْإِنْسَ إِلَّا لِيَعْبُدُونِ (الذاريات: 56) اور میں نے جنوں اور انسانوں کو صرف اس لیے پیدا کیا ہے کہ وہ میری عبادت کریں۔

مساجد کی تعمیر و ترقی اور عقیدۂ توحید کی تعلیم

مساجد اسلامی معاشرے کی اصلاح اور دعوت توحید کے فروغ کا بنیادی مرکز ہیں۔ وزارت امور اسلامی مساجد کی تعمیر، دیکھ بھال، تزئین، صفائی اور انتظامی امور کی نگرانی کرتی ہے۔ مساجد میں ائمہ و خطباء کے ذریعے نماز، خطباتِ جمعہ، دروس قرآن اور دیگر دینی سرگرمیوں کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

یہ مساجد محض عبادت گاہیں نہیں بلکہ تعلیم و تربیت، اصلاح عقیدہ اور تزکیۂ نفوس کے مراکز بھی ہیں۔ یہاں مسلمانوں کو توحید، اتباع سنت، اخلاص عبادت اور اسلامی اخلاق و کردار کی تعلیم دی جاتی ہے۔

قرآن کریم کی اشاعت اور تعلیم توحید

قرآن کریم توحید کا سب سے بڑا سرچشمہ اور عقیدۂ اسلام کی بنیادی دستاویز ہے۔ مملکت سعودی عرب کا مجمع الملک فہد لطباعة المصحف الشریف قرآن کریم کی طباعت، اشاعت اور دنیا کی مختلف زبانوں میں تراجم و تفاسیر کی فراہمی کے حوالے سے عظیم خدمات انجام دے رہا ہے۔

وزارت امور اسلامی بھی قرآن کریم کی تعلیم و اشاعت، مسابقات حفظ و تلاوت اور علمی و دعوتی مطبوعات کے ذریعے اس عظیم خدمت میں اپنا حصہ ادا کرتی ہے۔ قرآن مجید کے تراجم اور اسلامی لٹریچر کی فراہمی سے دنیا کی مختلف زبانیں بولنے والے افراد کو توحید اور اسلامی تعلیمات سمجھنے کا موقع ملتا ہے۔

جدید ذرائع ابلاغ کے ذریعے دعوت توحید

موجودہ دور ذرائع ابلاغ اور جدید ٹیکنالوجی کا دور ہے۔ وزارت امور اسلامی نے بھی دعوت و ارشاد کے میدان میں جدید وسائل سے استفادہ کیا ہے۔ الیکٹرانک اسلامی لائبریری، ڈیجیٹل کتابوں، آڈیو دروس، ویڈیو بیانات اور مختلف زبانوں میں دینی مواد کی اشاعت کے ذریعے اسلامی تعلیمات کو عالمی سطح پر عام کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

وزارت کی الیکٹرانک اسلامی لائبریری میں متعدد زبانوں میں علمی و دعوتی مواد، کتابیں، آڈیو اور ویڈیو دروس موجود ہیں۔ اس طرح دنیا کے مختلف خطوں میں رہنے والے مسلمانوں اور غیر مسلموں تک بھی اسلامی پیغام پہنچانے کے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔

بیرون مملکت دعوتی خدمات

وزارت امور اسلامی کی خدمات کا ایک اہم پہلو بیرون مملکت دعوت اسلام کا فروغ ہے۔ دنیا کے مختلف ممالک میں اسلامی مراکز کی سرپرستی، دینی اداروں سے تعاون، مسلم اقلیتوں کی معاونت، علماء و دعاۃ کے ذریعے دعوتی پروگراموں کا انعقاد اور اسلامی لٹریچر کی فراہمی اس کی اہم سرگرمیوں میں شامل ہیں۔

خصوصا ان علاقوں میں جہاں مسلمان اقلیت میں ہیں، وہاں اسلامی تعلیمات کی اشاعت، نئی نسل کی دینی تربیت اور صحیح عقیدے کی حفاظت کے لیے مختلف اقدامات کیے جاتے ہیں۔ اس کے ذریعے مسلمانوں کو اپنے دینی تشخص کی حفاظت اور قرآن و سنت سے وابستگی مضبوط کرنے میں مدد ملتی ہے۔

اعتدال، حکمت اور اصلاح عقیدہ

دعوت توحید کا تقاضا یہ ہے کہ لوگوں تک اللہ کا پیغام حکمت، بصیرت، خیرخواہی اور حسن اخلاق کے ساتھ پہنچایا جائے۔ قرآن کریم میں ارشاد ہے:

ادْعُ إِلَىٰ سَبِيلِ رَبِّكَ بِالْحِكْمَةِ وَالْمَوْعِظَةِ الْحَسَنَةِ۔ (النحل: 125)

یعنی اپنے رب کے راستے کی طرف حکمت اور اچھی نصیحت کے ساتھ دعوت دیجیے۔

وزارت امور اسلامی کی دعوتی سرگرمیوں کا ایک اہم مقصد معاشرے میں اسلامی اقدار کو راسخ کرنا، دینی شعور بیدار کرنا اور افراط و تفریط سے بچتے ہوئے کتاب و سنت کی روشنی میں لوگوں کی رہنمائی کرنا ہے۔

بلاشبہ دعوت توحید انبیائے کرام علیہم السلام کا مشن، قرآن کریم کا بنیادی پیغام اور امت مسلمہ کی سب سے بڑی دینی ذمہ داری ہے۔ مملکت توحید سعودی عرب کی وزارت امور اسلامی دعوت و ارشاد اس عظیم مشن کی اشاعت کے لیے مختلف دینی، علمی، دعوتی اور تعلیمی میدانوں میں قابل قدر خدمات انجام دے رہی ہے۔

ضرورت اس بات کی ہے کہ ان خدمات کو مزید وسعت دی جائے، نوجوان نسل کو عقیدۂ توحید کی اہمیت سے روشناس کرایا جائے، علماء و دعاۃ کی علمی و دعوتی صلاحیتوں کو پروان چڑھایا جائے اور دنیا کی مختلف زبانوں میں اسلام کی حقیقی تعلیمات عام کی جائیں۔

اللہ تعالی مملکت سعودی عرب کی ان دینی و دعوتی کاوشوں کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے، اس کے حکمرانوں اور ذمہ داران کو کتاب و سنت کی خدمت کی مزید توفیق بخشے اور پوری امت مسلمہ کو عقیدۂ توحید پر استقامت نصیب فرمائے۔ آمین یا رب العالمین!

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے