بیدر۔ 12؍اکتوبر (محمدیوسف رحیم بیدری): بیجاپور شہر کے ’’ بدھ وہار ‘‘ میں جماعتِ اسلامی ہند، بیجاپور کے زیرِ اہتمام ’’ رواداری کے علمبردار حضرت محمد ﷺ ‘‘ سیرت مہم کے موقع پر بعنوان ’’ مساوات پر مبنی سماج کی تعمیر کیوں ؟ اور کیسے ؟ ‘‘ مذاکرہ منعقد کیا گیا ۔ کرسی صدارت سے جناب محمدکنہی، منگلور سیکریٹری جماعتِ اسلامی ہند، کرناٹک نے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ آپس میں ایک دوسرے کے احترام سے ہی سماجی مساوات ممکن ہے ۔ حضرت محمد ﷺ کی بنیادی تعلیم یہی ہے کہ سب کا خدا ایک ہی ہے ، دنیا کے سارے انسان بھائی اور بہن ہیں ، سب ایک خاندان ہیں ، اگر ہم اس بات کو قبول کرلیں کہ ہم سب کا پیدا کرنے والا ایک ہی ہے تو سماج میں مساوات قائم ہوگا۔آپ نے آج کے حالات پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ اب بھی رنگ و نسل، پیشہ اور علاقہ کی بنیاد پر سماج کو تقسیم کیا جارہا ہے ، آپ ﷺ نے چھٹی صدی ہی میں انسانی حقوق، سماجی انصاف اور مساوات کی نہ صرف تعلیم دی بلکہ عملاً ان کو قائم کیا ۔ ہر ایک کا احترام اور ہمدردی ہمارا دینی اور مذہبی فریضہ ہے، آپ نے زور دے کر کہا کہ ہم حق اور سچائی کو پر زور طریقہ سے پیش کریں اسی سے ایک اچھے اور بہتر سماج کی تعمیر ممکن ہے ۔ آپ نے تمام مہمانانِ خصوصی کے خیالات کو سراہا۔ بحیثیت مہمان خصوصی بسوا سماج کے نمائندے ،کنڑا کے معروف ادیب شری جمبوناتھ کنچیانی نے اپنے زریں خیالات کو پیش کرتے ہوئے بتایا کہ بارھویں صدی ایک بھیانک صدی تھی جس میں کمزوروں ، دلتوں اور مزدوروںکے ساتھ ظلم و زیادتی ہورہی تھی ان کو ہر طرح سے دبایا جارہا تھا ایسے حالات میں ایک مذہبی پیشوا بسونا اٹھتے ہیں اور ان تمام طبقات کے حقوق اور انہیں اونچا اٹھانے کی جدوجہد کرتے ہیں ، آپ نے بتایا کہ بسونا کی تعلیمات صرف کسی ایک طبقہ تک محدود نہیں ہے بلکہ وہ سارے انسانوں کے لئے عام ہے ۔ عیسائی برادری سے شری فادر فرانسس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یسوع مسیح نے ہر طرح کی اونچ نیچ کو مٹایا ، حق کی روشنی پھیلائی، لوگوں کو سیدھے راستہ پر چلایا ، خدا سے محبت اور سارے انسانوں سے محبت کی تعلیم دی ، جو لوگ زیادتی کرتے ہیں ان سے بھی محبت کرنا سکھایا اور بتایا کہ تم دوسروں کو معاف کرو دوسرے تم کو معاف کرینگے ۔ یسوع مسیح غریبوں کے مسیحا تھے ۔انہوں نے عورت مرد سب کو برابری کا درجہ دیا۔ دلت سماج سے ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کی تعلیمات کو پیش کرتے ہوئے سماج کے معروف قائد شری سریناتھ پجاری نے بتایا کہ انسان کو انسان بن کر جینے کے لئے مساوات ضروری ہے ، دستور کی یہ دین ہے کہ آج ہم یہاں بیٹھ کر مساوات کی بات کر رہے ہیں ، آپ نے حالات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ آج بھی اونچ نیچ قائم ہے ایک دوسرے کو برداشت کرنے تیار نہیں ہیں۔ کرایہ کا گھر بھی ذات اور غذا پوچھ کر دیا جاتا ہے ۔بابا صاحب امبیڈکر نے دنیا کو راہ دکھائی اور بتایا کہ ہم انسان بنیں ، سب کو برابر سمجھیں ۔ مذاکرہ کا افتتاح کرتے ہوئے جماعتِ اسلامی ہند، بیجاپور کے امیرمقامی جناب امام قاسم ہولی کٹی نے مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے جماعت کی مختلف سرگرمیوں کو پیش کیا، سماج کی تعمیر میں امن و سکون کی اہمیت کو بتاتے ہوئے کہا کہ آج ملک میں امن و سکون کو نقصان پہنچانے کی قوتوں سے چوکنا رہنے کی ضرورت ہے ۔اس موقع پر کنڑا کے مشہور ادیب شری یوگیش ماسٹر کی کتاب ’’ ننا ارونا پروادی ‘‘ کی رسمِ رونمائی کی گئی ۔ مذاکرہ کا آغاز حافظ ذاکرحسین یرگٹی ، امام و خطیب علی شہید مسجد کی تلاوتِ قرآنِ مجید سے ہوا۔ جناب پروفیسر عبدالرحمن ناصر نے شکریہ ادا کیا۔ نظامت کے فرائض جناب محبوب علی بلگانور نے بحسن و خوبی ادا کئے ۔ ناظمِ علاقہ جماعتِ اسلامی ہند جناب محبوب عالم بڑگن بھی شہ نشین پر موجود تھے ۔اس بات کی اطلاع جناب محمد عبدالقدیر بیجاپور نے دی ہے۔
