بیدر۔ 14؍اکتوبر (پریس نوٹ): اسلامی لائبریری ، رٹکل پورہ بید رمیں13؍اکتوبر جمعہ کو بعدنماز مغرب ایک نعتیہ محفل کاانعقاد عمل میں آیاجس کے نگران جناب محمد امیرالدین امیرؔتھے۔جناب محمدیوسف رحیم بیدر ی نے اس نعتیہ محفل سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بیدر شہر اور اہلیان بیدر کو ادب کی ضرورت ہے۔ جب کہ دینِ محمد ی اور نبی کریم ﷺ کی سیرت مبارکہ کے بغیر کوئی مسلمان ایک قدم بھی دنیا میں چل نہیں سکتا۔ لہٰذا ادب کے واسی اسی کے پیش نظر نعتیہ محافل سجاتے ہیں۔ موصوف نے بیدر شہر کے مختلف مقامات پر ہونے والی ہفت روزہ نعتیہ محافل کاحوالہ دیااور بتایاکہ اِن دِنوں جمعیتہ علماء ہند بیدر بھی نعتیہ محافل سجانے میں لگی ہوئی ہے۔ جب کہ جماعت اسلامی ہند نے اِمسال ماہ ربیع الاول میں کوئی نعتیہ محفل منعقد نہیں کی۔سال گذشتہ جماعت اسلامی ہند بیدر کے زیراہتمام ہمہ لسانی نعتیہ مشاعرہ کا شاندار انعقادعمل میں آیاتھا۔ جناب محمدیوسف رحیم بیدری نے صاف کہہ دیاکہ جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ ادب کی سماج کو ضرورت نہیں ہے وہ دراصل سماجی ضرورتوں سے ناواقف دانشور ہیں۔
نعتیہ محفل کا آغاز میرؔبیدری کی نعت شریف سے ہوا۔جناب منورعلی شاہدؔ نے تحت اور ترنم دونوں میں کلام پیش کرتے ہوئے محفل میں جان ڈال دی ۔ جناب رحمت اللہ رحمت ؔ(شیموگہ) نے اپنی تازہ ترین نعوت پیش کیں اور محفل پر چھاگئے۔ جناب سید لطیف خلش ؔ نے صرف ایک نعت پیش کرنے پر اکتفا کیا۔ جناب محمدامیرالدین امیرؔ نے آخر میں کئی ایک نعوت پیش کرتے ہوئے دادحاصل کرنے میں کامیاب رہے۔محمدیوسف رحیم بیدری نے نظامت کی۔جناب محمدسراج الحسن شادمان بھی شریک رہے۔
