جلسہ اصلاح معاشرہ و دستاربندی حفاظ کرام کے پروگرام میں مولانا راشد صاحب اعظمی کا پرمغز خطاب ۔
گورکھپور (رفیع نعمانی) 20/اکتوبر: ضلع بجنور میں واقع تاریخی قصبہ جدید منصور سرائے سیوہارہ کے مدرسہ اسلامیہ عربیہ تعلیم القرآن متصل چاند مسجد عید گاہ روڈ میں گزشتہ شب 19/ اکتوبرکو بعد نماز عشاء ایک عظیم الشان اجلاس عام بعنوان اصلاح معاشرہ ودستاربندی منعقد ہوا۔
قاری ہدایت اللہ فرقانی استاذ تجوید وقرأت جامعہ محمودیہ جےپور راجستھان کے تلاوت قرآن سے جلسے کا آغاز ہوا، شاعر اسلام مولانا تابش ریحان مئوی نے نعت نبی پیش کیا۔ اس کے بعد دار العلوم دیوبند کے استاذ حدیث ونائب مہتمم مولانا مفتی محمد راشد اعظمی صاحب نے قرآن کریم کے حفظ کے سلسلے میں مختصر پرمغز اور جامع خطاب کیا مولانا اعظمی نے اپنے بیان میں کہا کہ ایک حافظ قرآن کی برابری ایک بادشاہ بھی نہیں کرسکتا ہے کیوں کہ وہ اس کی باشاہت صرف دنیا میں محدود ہے مگر حافظ قرآن آخرت میں بھی سرخرو رہے گا۔
اس کے بعد مولانا صلاح الدین سیفی نقشبندی خانقاہ فیض اولیاء ترکیسر گجرات نے بچوں کی تعلیم وتربیت کی افادیت پر قرآن وسنت کی روشنی میں خطاب کیا۔ ان کے علاوہ مولانا مفتی عبد الرحمن قاسمی ناظم مدرسہ انصار العلوم نئی بستی نوگاواں داعئ اسلام مولانا مفتی جاوید اشرف مقیم حال مدینہ منورہ رئیس التلیغ مولانا شریف احمد مقصودپوری مہتمم دار العلوم زکریا نورپور، مولانا مفتی محمد خالد امام وخطیب جامع مسجد ثمر گارڈن میرٹھ اور دیگر علماء کرام کے بیانات ہوئے جبکہ نظامت کے فرائض مولانا محمد اکبر قاسمی امام وخطیب مسجد جمعرات کا بازار کالاگڑھ نے انجام دیا جس میں خصوصیت کے ساتھ مدرسہ کے 33/ فارغین حفاظ کی دستاربندی ہوئی۔ مذکورہ اطلاع مدرسہ ہٰذا کے استاذ قاری محمد ارمان گورکھپوری کے ذریعہ حاصل ہوئی ہے۔
