چودھری جاوید احمد خان
مہنداول، سنت کبیر نگر: اقوام متحدہ اپنے اصلی مقصد جنگ روکنے میں ناکام ہے،اس کے قیام سے لے کر اب تک 250/سے زائد جنگوں کا سامنا دنیا نے کیا ہے۔مذکورہ خیالات کا اظہار معروف سماجی کارکن چودھری جاوید احمد خان نے لوہرسن میں اپنی پریس کانفرنس کے دوران کیا۔انھوں نے کہاکہ جنگوں کو روکنے میں اقوامِ متحدہ بالکل ناکام ہے،جس کی وجہ سے اسرائیل کی فلسطین پر جارحیت جاری ہے،فلسطینیوں کے ساتھ اسرائیل غیر انسانی سلوک کررہا ہے۔ جب کہ اقوام متحدہ کےسنہ 1948 میں قراردادوں میں مقامی فلسطینی عربوں کا حق بھی تسلیم کیا گیا تھا اور ان کی اپنے آبائی گھروں میں واپسی کے حق کو بھی تسلیم کیا گیا تھا جس پر تاحال عملدرآمد نہیں ہو سکا ہے۔اس دوران سنہ 1967 کی جنگ کے بعد جب اسرائیل نے فلسطین کے بیشتر علاقوں پر قبضہ کر لیا تو اقوام متحدہ نے اسرائیل سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ سنہ 1967 سے پہلے کی سرحد کو تسلیم کرتے ہوئے مقبوضہ علاقوں سے دستبردار ہو جائے۔لیکن ایسا ابھی تک نہیں ہوا، بلکہ اسرائیل نے مقبوضہ فلسطینی زمین پر یہودی بستیاں آباد کی ہیں جن کی وجہ سے اب دو ریاستی حل کا امکان بھی خطرے میں نظر آرہا ہے۔ اس وقت اسرائیل نے غزہ کی پٹی پر آباد فلسطینیوں کا بلاکیڈ بھی کیا ہوا ہے جس کی اگرچہ بین الاقوامی برادری نے اگرچہ تائید نہیں کی ہوئی ہے تاہم اسرائیل کے خلاف کوئی موثر کارروائی بھی نہیں کی ہے۔جس کی وجہ سے فلسطین جنگ کی آگ میں جھلس رہا ہے اور اقوام متحدہ اسرائیل کے سامنے بے بس و مجبور نظر آرہا ہے۔انھوں نے کہاکہ ایشیاء ممالک اور افریقہ ممالک مل کر ایسی تنظیم بنائیں جس سے امن و سلامتی بحال ہے،اور ان کی شانتی سینا بھی ہو ،جو دو ملکوں کے ٹکراؤ کے وقت ظالم کا ہاتھ روک سکے۔
