• یونانی کی افادیت ہر زمانے میں مسلم
  • حیات یونانی میڈیکل کالج لکھنؤ میں تعارفی تقریبات کا آغاز
لکھنؤ  (پریس ریلیز): طب یونانی دنیا کا قدیم ترین طرزعلاج ہے،جس کی اہمیت و افادیت ہر زمانے میں مسلم رہی ہے، موجودہ وقت میں جب کہ عوام دیگر طرز علاج سے مایوس ہورہی ہے اور قدیم و دیسی طریقہ علاج کی جانب پرامید نگاہوں سے دیکھ رہی ہے نیز اس کو اختیار کرکے اس سے استفادہ کے خواہشمند ہیں لہذا اس وقت ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم طب یونانی کاعلم حاصل کرکے ایک صحتمند معاشرے کی تعمیر و تشکیل میں اپنا کردار اداکرے، درج بالا خیالات کااظہار سی سی آر یو ایم کے سابق ڈائیریکٹر جنرل اور جامعہ ہمدرد کے سابق ڈین پروفیسر شاکر جمیل نے کیا، موصوف گزشتہ کل فاؤنڈیشن فار سوشل کئیر کے زیر اہتمام حیات یونانی میڈیکل کالج لکھنؤ میں بی یو ایم ایس سال اول کے طلباء و طالبات کے لئے منعقدہ پندرہ روزہ تعافی تقریبات کے افتتاحی پروگرام سے بحیثیت مہمان خصوصی آن لائن خطاب کررہے تھے۔
حیات یونانی میڈیکل کالج لکھنؤمیں بی یو ایم ایس سال 2023میں داخلہ حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کو کورس سے متعارف کرانے کے لئے پندرہ روزہ تقریبات کا آغاز ہوا جس میں تمام طلباء و انکے والدین نے شرکت کی،  پروگرام کا آغاز تسلیم حیدر کی تلاوت قرآن سے ہوا، ڈاکٹر خورشید عالم نے پروگرام کی نظامت کرتے ہوئے تمام طلبہ و طالبات کا ادارے میں استقبال کیا،اس موقع پر کالج کے پروفیسر سید محمد عرفان نے تمام اساتذہ کا تعارف کراتے ہوئے بتایا کہ حیات یونانی میڈیکل کالج کی فیکلٹی نہایت ہی تجربات کی حامل ہے اور بے پناہ جذبہ و شوق سے وہ اپنی ذمہ داریوں کو بحسن و خوبی انجام دیتی ہے جو یقینا اپنے آپ میں قابل رشک ہے۔بی یو ایم ایس سال اول کی طالبہ عرشیہ اقبال اور عبد السمیع نے شعبہ تشریح الابدان،محمد فیصل، انسیہ فاطمہ نے شعبہ منافع الاعضاء اور سمانہ ابوبکر نے شعبہ امور طبیعیہ کا تعارف نئے طلباء سے بحسن و خوبی پیش کیا،اس موقع پر پروگرام سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے فاؤنڈیشن فار سوشل کئیر کے سی ای او محمد عمر صدیقی نے تمام مہمانوں کااستقبال کرتے ہوئے کہا کہ ایک صحتمند سماج کی تشکیل میں سب سے اہم کردار ڈاکٹرس کا ہوتا ہے، عوام کی تندرستی کی حفاظت اور اس کی بقاء کی ذمہ داری انہیں کے کاندھوں پر ہوتی ہے،یہ ایک حقیقت ہے کہ جس سماج میں اچھی اور مثبت سوچ کے حامل ڈاکٹرس ہوتے ہیں اور خدمت کا جذبہ رکھتے ہیں تو وہ سماج اور معاشرہ کبھی بیمار نہیں ہوتا ہے بلکہ مضبوط ہوتا ہے لہذاطلباء کو چاہئے کہ وہ تمام مصروفیات کو خیرآباد کہ کر اپنی تمام تر توجہات کامرکزصرف تعلیم کو بنائیں اور ملک و ملت میں اپنا اور کالج کانام روشن کریں اور حیات انشاء اللہ اس خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے میں معاون ہوگا۔
پروگرام کو خطاب کرتے ہوئے ادارے کے ڈائیرکٹر محمد عارف نے فاؤنڈیشن فار سوشل کئیر اور حیات یونانی میڈیکل کا لج کا تفصیلی تعارف کرایا نیز بتایاکہ فاؤنڈیشن گزشتہ بیس سالوں سے مختلف میدانوں میں ملک و سماج کی خدمات انجام دے رہی ہے،خاص طور صحت و طب کے میدان میں قابل قدر کوششیں کی جارہی ہیں جن سے بہتر نتائج سامنے آرہے ہیں اور مستقبل میں بہترین نتائج کی توقعات وابستہ ہیں۔
ڈائرکٹر محمد عارف نے طلباء و طالبات کو سماج اور معاشرے کے لئے نافع بننے کی جانب راغب کرتے ہوئے کہا کہ طب یونانی خدمت خلق کا ایک بہترین ذریعہ ہے جس کو حاصل کرکے انسان مادی و روحانی ترقی کی معراج تک پہنچ سکتا ہے،یہ ایک مؤثر اور قدیم ترین طریقہ علاج ہے جس کی جانب عوام الناس کا رجحان تیزی سے بڑھ رہاہے ایسے میں طلباء کو چاہئے کہ وہ احساس ذمہ داری کو سمجھیں اور خوب محنت کرکے تعلیم حاصل کریں،انہوں نے کالج میں طلباء کے لئے موجود سہویات سے واقف کراتے ہوئے کہا کہ ان کی تعلیم و تربیت کے بہتر سے بہتر مفید اقدامات کئے گئے ہیں نیز ہرممکنہ سہولت کا لحاظ کیا گیا ہے تاکہ تعلیم میں کسی قسم کی کوئی کمی محسوس نہ ہو، انہوں نے بتایا کہ ادارے میں طلباء کے لئے تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت وجسمانی نشونما کے لئے صحت و تندرستی کے لئے ورزش اور کھیل کود کابھی نظم ہے.
کالج کی پرنسپل پروفیسرعظمی قریشی نے پروگرام میں آنیوالے تمام طلباء و طالبات اور ان کے سرپرستوں کا استقبال کیا نیز ان کو ادارے کے تعلیمی نظام سے واقف کراتے ہوئے ادارے کی جانب سے طلباء کے مفا د میں مقررکردہ ا صول وظوابط کو تفصیل سے بیان کیا اور امیدظاہر کی کہ سالہائے گذشتہ کی طرح امسال بھی آنیوالے طلباء و طالبات محنت و جد وجہد کے ذریعے بلند مقام حاصل کرینگے اوراپنا مستقبل روشن و تابناک بنائیں گے ، ڈاکٹر خورشید عالم کی نظامت میں منعقدہ پروگرام میں تمام جدید طلباء و طالبات نے اپنا تعارف پیش کیا۔اس موقع پر کالج کے اساتذہ و عملہ موجود رہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے