سہارنپور، 26/نومبر (احمد رضا): انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر کے آڈیٹوریم میں انٹر نیشنل ائیکوٹیبل ہیومن رائٹس سوشل کونسل کی جانب سے انڈو انٹر نیشنل آئیکون ایوارڈ 2023 اور شاندار طور پر ہیومن رائٹس ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں مارواہ گروپ کے سربراہ سندیپ مارواہ، پدم شری جتیندر سنگ (شینٹی جی) سابق صدر جمہوریہ ہند آنجہانی ڈاکٹر اے پی جے عبد الکلام صاحب کے پریس سیکریٹری رہے شہزاد محمد خان، بی جے پی اقلیتی شعبہ کے سابق قومی نائب صدر اور سینٹرل وقف کونسل اور آل انڈیا حج کمیٹی (حکومت ہند) کے سابق ممبر الحاج محمد عرفان احمد، سپریم کورٹ آف انڈیا کے سینئر ایڈوکیٹ ڈاکٹر رومیش گوتم، معروف صحافیہ و انسانی حقوق کارکن پروفیسر نیلم مہاجن سنگھ (ایڈوکیٹ) و دیگر نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔
قبل ازیں تقریب کا آغاز وندنا سے ہوا، جبکہ پروگرام کے روح رواں اور کونسل کے قومی صدر سنجے سنہا نے استقبالیہ کلمات میں سبھی مہمانوں کا استقبال کیا اور اپنی کونسل کی جانب سے کرائے جا رہے سماجی و فلاحی کاموں سے واقف کرایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا ایسے پروگرام منعقد کرنے کا مقصد یہ ہے کہ لوگ اپنے حقوق سے واقف ہوں اور ہر شہری اپنی ذمہ داری بھی سمجھے۔ مسٹر سنجے سنہا نے اعلان کیا کہ الحاج عرفان صاحب کی سیاسی و سماجی خدمات کو دیکھتے ہوئے کونسل کے اقلیتی سیل کا قومی صدر بھی منتخب کیا گیا۔
اس دوران روزنامہ راشٹریہ سہارا کے گروپ ایڈیٹر عبدالماجد نظامی، وشو جی(مذہبی گلوکار) سینئر صحافیہ ندا احمد، مسلم پسماندہ سماج اتھان سمیتی سنگھ کے صدر احسان عباسی، محمد فخر امام، محمد غفران آفریدی ، جگناتھ ، امیت گپتا، بٹو ساجد خان، پون ورما، شبھدرا گائیکواڈ، رخسانہ شیخ، ڈاکٹر دویا گوئل، پریتی گپتا و دیگر کو انڈو انٹر نیشنل آئیکون ایوارڈ 2023 سے نوازا گیا۔پروگرام کی نظامت کے فرائض ندھی سنگھ اور ایٹو شرما نے مشترکہ طور پر انجام دیئے۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی الحاج محمد عرفان نے تقریب کے ذمہ داروں بالخصوص سنجے سنہا کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگراموں کی بہت ضرورت ہے اور ہندوستان کے مختلف مقامات پر اس سے متعلق پروگرام منعقد ہونے چاہئے تاکہ لوگ اپنے حقوق سے آراستہ ہوں اور وہ اپنا حق لے سکیں، لہذا جو ان کا بنیادی حق بھی ہے، شینٹی جی اور سندیپ مارواہ نے بھی پروگرام کی ستائش کی اور سبھی ایوارڈ یافتگاں کو مبارکباد پیش کی، جبکہ ایس ایم خان نے حقوق انسانی کے سلسلے میں گفتگو کی اور آخر میں سنجے سنہا نے شکریہ کی رسم ادا کی۔
