بارہ بنکی(ابوشحمہ انصاری): زیارتِ حرمین شریفین کی خواہش ہر مؤمن کے دل میں انگڑائی لیتی رہتی ہے۔ اگر وسائل میسر ہوں اور اللہ تعالیٰ بلائے تو بندوں کا وہاں پہونچنا بہت آسان ہو جاتا ہے۔ آج بارہ بنکی کے مدرسہ جامعہ مدینۃ العلوم رسولی کے دو قدیم استاد مولانا محمد وسیم اور مولانا محمد عقیل صاحبان کے سفرِ عمرہ پر روانگی سے قبل مینیجر مدرسہ حافظ ایاز احمد کی صدارت میں ایک الوداعی تقریب کا انعقاد ہوا۔ جس میں حافظ ایاز احمد نے دونوں حضرات کو گلپوشی اور شال پوشی کے بعد اپنے اور مدرسہ کے تمام معلمین و معلمات کے لئے دعاؤں ، ملک میں امن و شانتی قائم ہونے کی خصوصی دعاؤں اور روضۂ اقد پر سلام عرض کرنے کی گزارش کی۔ مدرسہ کے سینئر استاد مولانا محمد ارشد قاسمی نے حرم مکی کی فضیلت بیان کرتے ہوئے کہا کہ جب اللہ تعالیٰ نے ابراہیم علیہ السلام سے کہا کہ آپ لوگوں کو میرے گھر (بیت اللہ) آنے کی دعوت دیجئے۔ تو ابراہیم علیہ السلام نے کہا کہ میں اعلان کروں گا تو میری بات سنے گا کون ؟ تو اللہ نے کہا کہ آپ اعلان کریں ہم آپ کی آواز لوگوں تک پہنچائیں گے۔ چناچہ ابراہیم علیہ السلام نے جیسے ہی اعلان کیا تو ان کے کانوں میں لبیک لبیک کی آوازیں سنائی دینے لگیں۔ کتابوں میں لکھا ہے کہ اس وقت عالمِ ارواح سے جس نے جتنی مرتبہ لبیک کہا تھا اسے اتنی ہی مرتبہ حرمین شریفین کی زیارت نصیب ہوگی۔ وہاں جو جتنی بھی دعائیں مانگتا ہے اللہ تعالیٰ اس کی سبھی دعائیں قبول فرماتا ہے۔

مولانا محمد جواد قاسمی نے کہا کہ للہ نے مکہ شہر کو امن والا شہر بنایا ہے۔ حرم مکی میں جو بھی پہونچ جاتا ہے وہ امن پا جاتا ہے۔ مولانا قاروق قاسمی نے کہا کہ اللہ نے خانہ کعبہ کو برکت والا بنایا ہے۔ وہاں جو بھی پہونچتا ہے برکتیں اور رحمتیں لیکر ہی واپس آتا ہے۔ پرنسپل مولانا مقبول احمد نے کہا کہ اللہ نے کعبہ پر اپنی خصوصی رحمتیں اور برکتیں نازل کرتا ہے۔ خوش نصیب ہیں وہ لوگ جنہیں اللہ تعالیٰ وہاں پہنچنے کی سعادت سے مالا مال کرتا ہے۔ مولانا محمد وسیم نے کہا کہ میرا تیسری بار وہاں جانا ہو رہا ہے۔ میں نے دس سال قبل جب حج کیا تھا اس حج کی برکت سے آج تک میرے پاس مال و دولت کی کوئی کمی نہیں رہی ہے۔ اسی طرح مولانا عقیل نے کہا کہ میں وہاں پہلی بار جا رہا ہوں یہ میرے لئے بڑی نیک بختی اور سعادت کی بات ہے۔ پھر دونوں حضرات نے حاضرین سے غلطیوں سے معافی بھی طلب کرتے ہوئے کہا کہ میری جو بھی غلطیاں ہوں آپ سبھی حضرات ان کو ضرور درگزر فرمائیں۔ اس موقع پر مدرسہ کے تمام معلمین و معلمات موجود رہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے