صاحب ثروت حضرات اپنی اپنی حیثیت کے مطابق ضرورت مندوں کے درمیان کمبل اور گرم کپڑے تقسیم کریں اور ان کی ضرورتوں کا خیال رکھیں: مفتی محمد فخرالدین قاسمی
پرولیا (مغربی بنگال): ١۴ /جنوری (احمد حسين مظاہریؔ): امارت شرعیہ نے اپنے قیام سے اب تک ہر زمانہ میں ملک وملت کی خدمت کی ہے اورضرورت مندوں کی مدد اور وقت وحالات کے مطابق مسلمانوں کی فلاح و بہبود کا کام کیا ہے، آفات ارضی و سماوی کے موقع پر ملت کی امداد کا بڑا کام کیا ہے، سردی کے موسم میں گرم کپڑے اور کمبل کے تقسیم کا کام بھی بڑے پیمانے پر ہوتا ہے،اس سال بھی امیر شریعت حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی صاحب دامت برکاتہم کی ہدایت کے مطابق مرکزی دارالقضاء امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ کے علاوہ امارت شرعیہ کے مختلف دفاتر کی جانب سے ہر سال کی طرح اس سال بھی سردی کے موقع پر ضرورت مندوں، محتاجوں اور غرباء کے درمیان کمبل کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے، اسی ضمن میں آج مورخہ ١۴/جنوری ٢٠٢۴ ءکو دارالقضاء امارت شرعیہ چونا بھٹی پرولیا مغربی بنگال میں ضرورت مندوں کے درمیان کمبل تقسیم کیا گیاان خیالات کا اظہار مفتی محمد فخرالدین قاسمی قاضی شریعت دارالقضاء امارت شرعیہ چونا بھٹی پرولیا مغربی بنگال نے کمبل تقسیم پروگرام کے دوران کیا انہوں نے مزید کہا کہ محتاجوں،غریبوں ، یتیموں اور ضرورت مندوں کی مدد، معاونت ، حاجت روائی اور دلجوئی کرنا دین اسلام کا بنیادی درس ہے ۔ دوسروں کی مدد کرنے،ان کے ساتھ تعاون کرنے، ان کے لیے روزمرہ کی ضرورت کی اشیاءفراہم کرنے کو دین اسلام نے کار ثواب بتایا ہے. اللہ ربّ العزت نے امیروں کو اپنے مال میں سے غریبوں کو دینے کا حکم دیا ہے۔
قاضی شریعت صاحب نے اہل خیر حضرات سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی اپنی حیثیت کے مطابق اپنی طرف سے ضرورت مندوں کے درمیان کمبل اور گرم کپڑے تقسیم کریں اور ان کی ضرورتوں کا خیال رکھیں۔انہوں نے ان تمام معاونین کا شکریہ بھی ادا کیا جن کے تعاون سے یہ انجام دیا گیا اس موقع پرمولانا عتیق الرحمن صاحب امام وخطیب قریشی محلہ مسجد ،مولانا احتشام الحق مظاہری صاحب امام وخطیب ڈاکٹر ڈانگہ مسجد ،قاری علی حسین صاحب حافظ امین الدین حافظ اعجاز وغیرہ موجود تھے۔
