بیدر۔ 24؍جنوری (محمدیوسف رحیم بیدری): آج منگل کو ایک یادداشت پیش کرتے ہوئے دلت سنگھرش سمیتی بیدر شاخ نے مطالبہ کیاہے کہ 26؍جنوری کوباباصاحب ڈاکٹر امبیڈکر کامرتب کردہ ’’بھارت کاآئین ‘‘گھرگھر تقسیم کرتے ہوئے عوام میں بیداری پید اکی جائے۔ راج کمار مولبھارتی ریاستی نائب صدر، بسواراج مٹھارے ضلع نائب صدر، سنتوش اینکورے ضلع تنظیمی سکریڑی اور نرسنگ دوڈی ممبر کے علاوہ دیگر نے مل کر اپنی اپنی دستخطوں کے ساتھ آج ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں ایک یادداشت پیش کی جس میں کہا گیا ہے کہ 75ویں یوم ِ جمہوریہ کے موقع پر ریاست کرناٹک کے گھرگھر تک ’’بھارت کا آئین‘‘ کی کاپی پہنچائی جائے۔ اس کے لئے حکومت آگے آئے اور اس کے لئے اقدام کرے۔
سمیتی نے تنقید بھی کی ہے کہ بھارت کاآئین جمہوری اور سیکولر ہے ۔ کانگریس پارٹی نے 60سال اوربی جے پی اور دیگر پارٹیوں نے 15سال ملک پر حکومت کی ۔ لیکن بھارت کے آئین سے متعلق جوکام انہیں کرناچاہیے تھا وہ کماحقہ نہیں کرسکے۔ تمام سیاسی پارٹیاں اس کی ذمہ دار ہیں۔
دلت سنگھرش سمیتی چاہتی ہے کہ اگر حکومت عوام میں دستور سے متعلق بیداری لاناچاہتی ہے تو وہ دستور کی کاپیاں گھر گھرتک پہنچائے۔اسی طریقے سے دستوری بیداری لائی جاسکتی ہے۔
