(پون کمار کی فائل فوٹوۘ)

  • پہلے دن دسویں کا امتحان دینے کے لیے اپنے دو ساتھیوں کے ساتھ نکلنے والے پون کمار کی سڑک حادثہ میں موقعہ پر ہی موت۔
  • موٹر سائیکل پر سوار دیگر دونوں طالب علم زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہے ہیں اسپتال میں۔

ڈاکٹرجاوید کمال کی خصوصی رپورٹ

سدھارتھ نگر: وقت بھی کیسے کیسے رنگ دکھاتا ہے۔ کیا پتہ تھا کہ جو لڑکا گھر سے اپنی پڑھائی کا امتحان دینے نکلے گا اسے راستے میں زندگی کا امتحان بھی دینا پڑے گا اور اس امتحان میں وہ فیل ہو جائے گا۔ ملی اطلاع کے مطابق ضلع کے سونکھر گاوں کا رہنے والا پون کمار کل دسویں کا امتحان دینے کے لیے پہلے دن اپنے گھر سے دو دوستوں کے ساتھ ایک ہی موٹر سایکل پر نکلا۔ لیکن کیا پتا تھا کہ راستے میں موت گھات لگائے بیٹھی ہے۔ گھر سے نکلتے ہی بانسی کی طرف جاتے وقت کچھ دوری پر اس کی موٹر سائیکل ایک ٹرک سے ٹکرا گئی۔

حادثہ اتنا زبردست تھا کہ پون کی موقع پر ہی موت ہو گئی اور اس کے دونوں دوست روی اور راجو ہسپتال میں زندگی اور موت کے بیچ جھول رہے ہیں۔ کل یعنی 24۔2. 22 کو دسویں کے امتحانات کا پہلا دن تھا اور اسی امتحان کے لیے پون اپنے دونوں دوستوں کے ہمراہ امتحان دینے کے لیے نکلا تھا۔ مگر دسویں کے امتحان میں شامل ہونے سے پہلے ہی اسے زندگی کا امتحان دینا پڑا، جس میں وہ ہار گیا اور موت جیت گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ پون کے والد پردیس میں کہیں نوکری کرتے ہیں۔ اس حادثہ سے گھر میں عجیب سا ماحول پیدا ہو گیا ہے ۔

خبر لکھے جانے تک پون کے والد اپنے گھر نہیں پہنچے تھے اور جلد ہی ان کے گھر پہنچ جانے کی امید ہے ۔باپ کے انتظار میں بیٹے کا جنازہ گھر میں چیخ پکار اور ماتم کے بیچ رکھا ہوا ہے۔ گاؤں میں ایک عجیب سناٹا اور خاموشی پھیلی ہوئی ہے۔ صرف پون کے گھر سے اٹھتی ہوئی چیخ پکار کی آوازیں اس سناٹے کو رہ رہ کر توڑ دیتی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے