مہراج گنج: جمعیت علماء گورکھپور کے ارکان کی میٹنگ تنظیم کے جنرل سیکریٹری نہال احمد کی رہائش گاہ پر مولانا صادق علی قاسمی کی صدارت میں منعقد ہوئی، جس میں جمعیت علماء ہند کے سابق ناظم عمومی اور موجودہ نائب صدر مولانا عبد العلیم فاروقی کے انتقال پر ملال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا۔
اس موقعہ پر مولانا عبدالصمد سراجی نے کہا کہ مرحوم کا شمار بزرگ ترین علماء میں ہوتا تھا۔ صف اول کے ملی رہنما، عالمی شہرت کے حامل، بلند پایہ عالم دین اور ملت کے بہترین رہنما تھے۔ اللہ مرحوم کی مغفرت فرمائے۔
جمعیت علماء گورکھپور کے صدر مولانا محمد اطہر صدیقی قاسمی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ مرحوم مدح صحابہ کے سپہ سالار اور بہترین مناظر تھے، ان کی وفات ملت کا عظیم خسارہ ہے۔ مرحوم فدائے ملت سید اسعد مدنی اور جانشین شیخ الاسلام مولانا سید ارشد مدنی مدظلہ کے دور صدارت میں طویل عرصے تک جمعیت علماء ہند کے ناظم عمومی رہے۔ گزشتہ ایک ٹرم سے پیرانہ سالی کے سبب نائب صدر کے عہدہ پر فائز رہے۔ مولانا عبدالشکور مولانا عبد السلام فاروقی کے جانشیں، ان کی روایتوں کے امین اور پاسبان کی حیثیت سے لکھنؤ میں متعارف تھے۔
جمعیت علماء گورکھپور کے شہر صدر مفتی محمد داؤد قاسمی نے کہا کہ مرحوم اس دور کے ممتاز ملی قائد تھے، دین و شریعت، علم و دیانت اور فکر و بصیرت کے گہرے امتزاج سے حالات کو پہچاننے کی صلاحیت رکھتے تھے۔ جمعیت کے نائب سکریٹری چودھری حافظ ایاز نے کہا کہ ان کی زندگی کا مشن حضرات صحابہ کے فضائل و مناقب کا تذکرہ تھا۔
مولانا فہیم نے کہا کہ مرحوم دیوبند اور ندوة العلماء کے شوریٰ کے معزز رکن اور بہت سارے مدارس کے سرپرست تھے۔ آخر میں مولانا محمد اطہر صدیقی قاسمی صدر جمعیت علماء گورکھپور کی دعا پر مجلس کا اختتام ہوا۔ اللہ تعالیٰ جملہ پسماندگان کو صبر جمیل اور ہم سب کو نعم البدل عطا فرمائے آمین۔
