بیدر۔ 6؍مئی (محمدیوسف رحیم بیدری): آج 6؍مئی اور کل رائے دہی کے دن منگل یعنی 7؍مئی کو درجہء حرارت زیادہ رہے گا۔ یہ بات بیدر کے ڈپٹی کمشنر اور ریٹرننگ افسر گووندریڈی نے کہی۔ اور کہاکہ محکمہ ء موسمیات نے زیادہ درجہ ء حرارت رہنے کی اطلاع دی ہے لہٰذا لوگ اپنا خیال رکھتے ہوئے ووٹ کریں ۔ انہوں نے پیر کو بی وی بی کالج، بیدر میں مسٹرنگ سنٹر کا دورہ اور معائنہ کیا اور صحافیوں کوبریفنگ دی۔تیز دھوپ کی وجہ سے ووٹرز کو پریشانی نہ ہواس کے لیے ہر پولنگ اسٹیشن میں سائبان اور ٹینٹ کا نظام اور مرد و خواتین کے لیے دو الگ الگ ویٹنگ رومز اور پینے کے پانی کا انتظام کیا گیا ہے۔ درجۂ حرارت 40 سے 42 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہ سکتا ہے، اس لیے لوگ صبح و شام بڑی تعداد میں پولنگ بوتھ پر پہنچ کر ووٹ ڈالیں۔بیدر لوک سبھا عام انتخابات کے لیے ووٹنگ 7 ؍مئی کو ہوگی۔ بیدر لوک سبھا حلقہ کے ہر اسمبلی سبھا حلقہ سے دو ہزار لوگ پولنگ بوتھ پر جا رہے ہیں۔ ہر پولنگ بوتھ پر چار پولنگ عملہ، ایک مائیکرو آبزرور، پولیس، ڈی گروپ ملازم اور دیگر شامل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پولنگ اسٹیشن کے افسران اور عملے کو لے جانے کے لیے KSRTC کی کل 243 بسیں اور 250 کروزر کا انتظام کیا گیا ہے۔بیدر لوک سبھا حلقہ میں کل 1528 پولنگ بوتھ ہیں۔ 324 مائیکرو پولنگ بوتھ اور 48 خصوصی پولنگ بوتھ ہیں۔ 85 فیصد پولنگ بوتھ سی سی ٹی وی کیمروں سے لیس ہیں۔ ووٹرز کی کل تعداد 1892962 ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی مقابلہ میں 18 امیدوار اور ایک نوٹا سمیت کل 19 امیدوار ہوں گے۔
ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس چن بسونا ایس ایل نے کہا کہ بیدر لوک سبھا حلقہ انتخاب کے لیے تمام علاقوں میں پولیس کی تعیناتی منظم طریقے سے کی گئی ہے جس میں سول پولیس، کے ایس آر پی اور نیم فوجی دستے اور سیکٹر موبائل افسر شامل ہیںتاکہ شفاف ووٹنگ ہوسکے۔ اس موقع پر بیدر تحصیلدار دلشاد مہات، محکمہ اطلاعات افسر جی۔ سریش اور الیکشن کے لیے تفویض کردہ دیگر افسران اور عملہ موجود تھا۔اس بات کی اطلاع سرکاری ذرائع نے دی ہے۔
