گمشدہ ستی رام کو تلاش کرنے میں سماج کا ہر طبقہ آگے آئے: الفلاح فاؤنڈیشن
رپورٹ: مدبر سنجری
اعظم گڑھ، 11 جون: ضلع اعظم گڑھ کے تحصیل نظام آباد کے گاؤں سیدھا سلطان پور دلت بستی (پورب) کے رہائشی ستی رام (والد کا نام منگرو) گزشتہ اپریل ماہ سے پراسرار طریقے سے غائب چل رہے ہیں۔ اہلِ خانہ اور سماجی تنظیم الفلاح فاؤنڈیشن کے ذریعہ بہت تلاش کرنے کے باوجود بھی ستی رام کا خبر لکھے جانے تک کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے۔
ستی رام(عمر 48 سال) کا گزشتہ کئی برس سے ذہنی توازن ٹھیک نہیں چل رہا تھا۔ غائب ہونے سے قبل انہیں سفید کرتا اور لنگی میں دیکھا گیا تھا۔ ستی رام کا روزی روٹی کا کوئی ذریعہ نہیں تھا، ان کی فیملی نہایت غربت اور تکلیف بھری زندگی گزار رہی ہے، کہتے ہیں کہ انسان کیلئے سب سے بڑی سزا غربت ہوتی ہے۔ غربت کے سائے میں ناقابلِ بیان تکالیف کے بعد اب اس فیملی کیلئے ایک نئی مصیبت پھن کاڑھے کھڑی ہے۔ باپ اور شوہر جیسا بھی ہو، جب تک موجود ہوتا ہے، ایک سایہ ہوتا ہے، اس کا احساس آج ستی رام کی اہلیہ اور بچوں کو ہو رہا ہے۔
افسوس کے ساتھ کہنا پڑرہا ہے کہ ستی رام کو تلاش کرنے میں خود ان کے رشتہ دار، احباب اور قرابت داروں کا جو مثبت رول ہونا چاہیے تھا، وہ ابھی تک سامنے نہیں آیا ہے۔ اس طرح کے برتاؤ کا سامنا صرف ستی رام یا ان کی فیملی کے ساتھ نہیں بلکہ اب سماج کی رسم بن گئ ہے کہ لوگ ایک دوسرے کی مدد کرنے سے بہت کتراتے ہیں۔ مفاد پرستی، خود غرضی عروج پر ہے، اس سنگین بیماری کے علاج پر بھی سماج کے بہترین اخلاق کے لوگوں کو غور و فکر کرنا ہوگا۔
اس موقع پر الفلاح فاؤنڈیشن رکن یاسر پٹھان ، معراج خان، معاذ سنجری اور اسمعیل شیخ نے ستی رام کو تلاش کرنے میں سماج کے ہر طبقے سے آگے آنے کی اپیل ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی کمراواں گاؤں کی گمشدہ ایک معصوم بچی اور سیدھا سلطان پور باشندہ مرحوم توقیر خان کے غائب ہونے پر بھی الفلاح فاؤنڈیشن نے ناقابلِ فراموش محنت کی تھی اور اہل خانہ کی ہر ممکن مدد کی تھی۔
