چمن کلیم نے پہلا عبدالغفاردانش نے دوسرا اور ترنم صبا نے تیسرا مقام حاصل کیا

سیوہارہ، ضلع بجنور(پریس ریلیز): بزم سخن سیوہارہ کے زیر اہتمام کل رات بیت بازی کا آن لائن پروگرام منعقد ہوا ۔اس پروگرام میں ملک بھر سے شعرا نے حصہ لیا اور بہترین منتخب اشعار پیش کیے ۔واضح رہے کہ بزم سخن سیوہارہ شعرو ادب کی ایک معتبر تحریک ہے جس کے تحت پابندی کے ساتھ طرحی مشاعرے منعقدہوتے ہیں۔بیت بازی پروگرام کے تعلق سے بزم کے صدر مفتی کفیل اطہرسیوہاروی نے بتایا کہ ہمارے علمی و شعری حلقوں سے بیت بازی کی روایت ختم ہوتی جارہی ہے ۔اب مدارس میں بھی اس کا کم ہی اہتمام ہوتا ہے ۔جب کہ اس کے ذریعہ طلبہ میں شعری ذوق پروان چڑھایا جاتا تھا اور طلبہ مشہور شعراء کے سینکڑوں منتخب اشعار یادکرتے تھے ۔مگر اب سوشل میڈیا نے سب کچھ بدل کر رکھ دیا ہے ،ہماری نئی نسل حیاسوزاور مخرب اخلاق پروگرام میں مصروف ہے۔ہمیں بیت بازی کی اس قدیم روایت کو زندہ کرنا چاہئے ،موصوف نے مدارس اور اسکولوں کے ذمہ داران سے گزارش کی کہ وہ اپنی تعلیم گاہوں میں بیت بازی کو فروغ دیں۔مذکورہ پروگرام کے تعلق سے علی اکرم انصاری نے اپنی خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ اچھا علمی مشغلہ ہے ۔گوہر ہلال سیوہاروی کا کہنا تھا کہ جب ہم اسکول میں پڑھتے تھے تواردو میںبیت بازی اور ہندی میں انتاکشری ہوتی تھی جس سے علم میں اضافہ ہوتا تھا ۔

بیت بازی کے اس پروگرام میں ملک کے مختلف حصوں سے شعراء شریک رہے ۔ایک گھنٹے تک چلے اس پروگرام میں تقریباً 120اشعار پیش کیے گئے ۔ججز صاحبان نے جملہ شعراء کے ذریعہ پیش کیے گئے اشعار اور پیش کش کی روشنی میں تین شرکاء کو کامیاب قرار دیا ۔اس میں صوبہ بہار سے تعلق رکھنے والی شاعرہ چمن کلیم نے پہلا مقام حاصل کیا ۔ نورپور ضلع بجنور سے تعلق رکھنے والے عبدالغفار دانش دوسرے مقام پر رہے، جب کہ کانپور کی شاعرہ ترنم صبا کو تیسرے مقام کا مستحق قرار دیا گیا۔ پروگرام کی نگرانی مفتی کفیل اطہرسیوہاروی اور عبدالقادر حسرت حبیب والا نے فرمائی۔ ذمہ داران بزم نے شرکاء پروگرام کا شکریہ ادا کیا اور فاتحین کو مبارک باد پیش کی۔ جلد ہی ان کامیاب شرکاء کو توصیفی سند پیش کی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے