لکھنؤ:26اگست(پریس ریلیز): ایس آئی او یوپی سنٹرل کے صدر حلقہ رافع اسلام نے موجودہ ناگفتہ بہ حالات میں مسلمانوں کے خلاف ہورہی سازشوں سے گھبرانے اور مایوس نہ ہونے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ ہم اللہ کے دین کے سپاہی ہیں ہم جس دعوت کو لیکر اٹھے ہیں اس کے لئے حالات کبھی بھی سازگار نہیں رہے ہیں، ہمیشہ ہم نے اپنی محنت اور لگن سے ہی حالات کو سازگار بنایا ہے۔
رافع اسلام اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا حلقہ یوپی سنٹرل کی جانب سے منعقد دو روزہ ایس آئی او اسکول کے اختتامی سیشن سے خطاب کررہے تھے۔ اس دوران انہوں نے کہا آج گرچہ دنیا بھر میں مسلمانوں کے خلاف سازشیں ہورہی ہیں، ان کو بدنام کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں لیکن ان حالات سے گھبرانا اور مایوس نہیں ہونا ہے۔ ہم اللہ کے دین کے امین ہیں اس کے سپاہی ہیں ہم جس دعوت کو لیکر اٹھے ہیں اس کے لئے حالات کبھی بھی سازگار نہیں رہے ہیں، ہمیشہ ہم نے اپنی محنت اور لگن سے ہی حالات کو سازگار بنایا ہے۔
صدر حلقہ نے کہا کہ جب دنیا یہ کہہ رہی ہو کہ اندھیرا بہت زیادہ ہے تو آپ بڑھ کر ایک دوسری حقیقت سے آگاہ کیجئے کہ صبح بہت قریب ہے کیونکہ جب اندھیرا بہت ہوتا ہے تو صبحِ نو قریب ہوتی ہے۔

سکریٹری جماعت اسلامی ہند یوپی مشرق مولانا زبیر ملک فلاحی نے کہا کہ قرآنی تعلیمات انفرادی،اجتماعی، سماجی،معاشی، سیاسی نفسیاتی ہر شعبہ میں پیش آنے والے مسائل و مشکلات، گتھیوں اور پیچیدگیوں کو کھول کر رکھ دیتی ہے۔ یہ کتاب خود اپنا تعارف کراتے ہوئے پورے دعوے سے کہتی ہے کہ میں کتاب مبین ہوں یعنی ہر چیز کو کھول کر رکھ دینے والی کتاب۔
مطالعہ کیوں اور کیسے؟ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے محمد امجد فلاحی نے اس بات پر زور دیا کہ مطالعہ علمی اور فکری قوت میں اضافہ کرتی ہے۔ مطالعہ کا مقصد محض معلومات حاصل کرنا نہیں بلکہ فکر و عمل کی اصلا ح ہونا چاہئے، دین و دنیا کے مسائل کا شعور حاصل کرنا، اور اسلامی تعلیمات کی روشنی میں درپیش مسائل کا حل تلاش کرکے دنیا کی رہنمائی کرنا مطالعہ کا اصل مقصود ہونا چاہیے ۔
انڈیا ٹومارو کے ایڈیٹر مسیح الزماں انصاری نے اپنے خطاب میں کہا آج معاشرہ بے شمار مشکلات سے دو چار ہے۔ ان مشکلات سے نجات کے لئے کسی کے پاس کوئی نسخہ اور کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ ایسے میں یہ بڑی ذمہ داری آپ جیسی نوجوان نسل ہی ادا کر سکتی ہے۔ اٹھیے اور لوگوں کو بتایئے کہ آپ جن چیزوں سے نجات حاصل کرنا چاہتے ہیں اس کا نسخۂ کیمیا ہمارے پاس ہے۔ اپنے کردار سے اپنی باتوں اور دعوں کے گواہ بن کر کھڑے ہوئیے۔ اس دور میں یہ انسانیت کی سب سے بڑی خدمت ہوگی۔
دو روزہ کیمپ میں یوپی سینٹرل زون کے 24 اضلاع میں سے تقریباً 200 طلباء و نوجوانوں نے شرکت کی۔ دو روزہ کیمپ میں توحید، رسالت، سیرت نبوی، قرآنیات، سماجیات جیسے عناوین پر مقررین نے اظہار خیال کیا۔کیمپ کے دوران شرکاء کے درمیان مختلف مسابقے بھی ہوئے ۔ آخری سیشن میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والوں کو انعامات سے بھی نوازا گیا۔
مذکورہ اطلاع ایس آئی او یوپی سینٹرل کے میڈیا سیکریٹری کاشف خان نے جاری ایک پریس ریلیز کے ذریعہ دی ہے۔
