64سالہ قدیم اردو روزنامہ ’’حیدرآباد کرناٹک ‘‘کے ایڈیٹر اور سینئر صحافی جناب ایم اے صمدصاحب کا انتقال پرملال
بیدر۔ 31؍جولائی (پریس نوٹ ): تقریباً64سالہ قدیم بیدر کااُردوروزنامہ ’’حیدرآباد کرناٹک‘‘ کے ایڈیٹر اور سینئر صحافی جناب ایم اے صمدولد ایم اے حمید صاحب مرحوم بانی مدیراعلی روزنامہ ”حیدرآباد کرناٹک” بیدر(59سالہ )کا آج شب انتقال پرملال ہوگیا۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔ جناب ایم اے صمد صاحب کی نماز جنازہ ان کے آبائی گاؤں بگدل میں آج ہی کے دن یعنی 31/جولائی 2023،بروز پیر بعد نماز ظہر جامع مسجد، بگدل شریف میں مفتی محمد فیاض الدین نظامی نائب قاضی ضلع بیدر نے پڑھائی۔ اور تدفین آبائی قبرستان احاطہ درگاہ حضرت مردان غیب رحمتہ اللہ علیہ، بگدل شریف میںعمل میں آئی۔ ان کی نماز جنازہ اور تدفین میں ضلع بیدر کے مختلف مقامات جیسے بسواکلیان، منااکھیلی ، نرنہ ، بیدر ، کمٹھانہ ، چٹگوپہ ، ہمناآباد وغیرہ سے کثیرتعداد میں سیاست دان ،ماہرین تعلیم، صحافی، مصنفین، سماجی کارکنان ، وغیرہ نے شرکت کی۔ خصوصاً نوجوانوں کی کثیرتعداد جلوس جنازہ میں دیکھنے کوملی ۔پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ 2کم عمر لڑکے اور ایک لڑکی شامل ہے۔ مرحوم ایم اے صمد انتہائی منکسرالمزاج اور قناعت پسند شخص تھے۔ ساری زندگی اپنے والدایم اے حمید صاحب ؒکے زیر سایہ اُردو صحافت کی خدمت میںچار دہائیوں سے زائد عرصہ لگایا ۔
کنڑی زبان سے خبروں کا اُردو میں ترجمہ کرنے میں وہ ماہرتھے۔ اپنے کام سے کام رکھنا، اور دوسروں کے معاملات سے دوری بنائے رکھنا ان کے مزاج کاحصہ تھا۔ سیاست دانوں سے دوری کوبھی ضروری سمجھتے تھے۔ آزادی کے بعد سے اب تک کی بیدر ضلع اور علاقہ کلیان کرناٹک کی تاریخ سیاسی حوالے سے انہیں ازبر تھی۔دوستی میں محتاط تھے۔ اپنے بھائیوں اوراولادوں پر جان چھڑکتے تھے۔ جناب ایم اے صمد کے برادران خورد جناب عبدالسمیع، جناب عبدالعلی نیوز ایڈیٹر روزنامہ ”حیدرآباد کرناٹک” بیدر، جناب عبدالحفیظ، جناب محمدفراست علی ایڈوکیٹ، جناب عبدالمبین، جناب محمد محی الدین اور جناب محمد اظہر الدین نے دعائے مغفرت کی درخواست کی ہے۔ ان کے فاتحہ سیوم یکم اگست کی صبح 8؍بجے جامع مسجد بگدل شریف میں ہوں گے۔ زائد تفصیلات کے لئے 9242129491 پر رابطہ کیاجاسکتاہے۔
