مقابلہ غزل و تقریر میں احمد سعید نے اول مقام حاصل کیا۔

بارہ بنکی(ابوشحمہ انصاری): طلباء میں بہت سی صلاحیتیں ہوتی ہیں لیکن انہیں اپنی صلاحیتوں کے مظاہرے کا موقع نہیں ملتا۔ کالج کی جانب سے جب بھی انہیں کوئی موقع ملے تو طلباء کو کالج میں منعقد ہونے والے مقابلوں میں شرکت کرنی چاہئے-

مذکورہ خیالات کا اظہار پرنسپل ڈاکٹر سیما سنگھ نے فخرالدین علی احمد گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج محمود آباد میں اردو ڈیپارٹمنٹل کونسل کے زیر اہتمام منعقدہ مقابلوں کے موقع پر کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے امید ہے کہ آپ تمام طلباء پروفیسر محمد سعید اور شعبہ اردو کے صدر پروفیسر داؤد احمد کی سرپرستی اور رہنمائی میں بہت آگے جائیں گے اور اپنے والدین اور اساتذہ کا نام روشن کریں گے۔ معلوم ہو کہ اردو ادب کے فروغ کے لیے شعبہ اردو کونسل کی جانب سے مقبلۂ غزل اور مولانا ابوالکلام آزاد کی حیات و خدمت کے عنوان سے تقریری مقابلے کا انعقاد کیا گیا۔ مقابلہ غزل میں ایم اے اردو سال دوم کے طالب علم احمد سعید نے اول مقام، ایم اے اردو سال اول کی طالبہ یاسمین خان نے دوم مقام اور ایم اے اردو سال اول کے طالب علم امیر حمزہ نے سوم مقام حاصل کیا۔

مولانا ابوالکلام آزاد کی حیات و خدمت کے عنوان سے تقریری مقابلے میں ایم اے اردو سال دوم کے طالب علم احمد سعید نے اول مقام، ایم اے اردو سال دوم کے طالب علم نور علی نے دوم مقام اور ایم اے اردو سال اول کے طالب علم امیر حمزہ نے سوم مقام حاصل کیا۔ دونوں مقابلوں کے حکم پروفیسر محمد سعید تھے۔ اس موقع پر پروفیسر سنت رام سنگھ، ڈاکٹر دیپشیکھا کارتک، پروفیسر امیی کمار سمیت کالج کے طلباء و طالبات موجود رہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے