بیدر۔ 16؍جنوری (محمدیوسف رحیم بیدری): ادارہ ادب اسلامی ہند تلنگانہ کے زیر اہتمام ادارہ ادب اسلامی ہند کے قومی نائب صدر ابو نبیل خواجہ مسیح الدین کا دوسرا افسانوی مجموعہ ”گونگی چیخ” کی تقریب رسم اجرا کا بروزپیرمسجد اسلامک سنٹر ٹولی چوکی حیدرآباد میں انعقاد عمل میں آیا۔ شاعر،ادیب ونقاد ڈاکٹر رؤف خیر نے گونگی چیخ کی رسم اجراء انجام دی۔ اور افسانہ نگاری کے مختلف ادوار اور اس کی اہمیت پر تفصیلی مقالہ پڑھا۔ ڈاکٹر فضل اللہ مکرم صدر شعبہ اردو سنٹرل یونیورسٹی آف حیدرآباد نے اپنے صدارتی خطاب میں افسانہ نویسی اور اس کے خد و خال پر جامع روشنی ڈالی۔ڈاکٹر ساجد عباسی نے گونگی چیخ پر تبصرہ کیا۔ ممتاز شاعر ادیب و صحافی ڈاکٹر محسن جگانوی اورصدر ادارہ ادب اسلامی ہند تلنگانہ شعیب الحق طالب نے مہمانان خصوصی کی حیثیت شرکت کی۔بعد ازاں ایک شاندارمشاعرہ کا اہتمام کیا گیا ۔جس کی صدارت ڈاکٹر محسن جگانوی نے کی۔ جواں سال شاعر وصحافی سعداللہ خان سبیل نے نظامت کے فرائض انجام دئے۔مشاعرہ کا آغاز بشارت علی خان نشتر کی نعت اقدس سے ہوا۔ زاہد ہریانوی نے صاحب جشن ابو نبیل خواجہ مسیح الدین پر تہنیتی نظم پیش کی۔ معراج الدین صدیقی, معین الدین احمر,رفیق جگر, خالد بصیر, سعداللہ خان سبیل, افتخار عابد,طاہر گلشن آبادی, سیف نظامی, ڈاکٹر رؤف خیر اور صدر مشاعرہ ڈاکٹر محسن جگانوی کے علاوہ طنز و مزاح کے ممتاز شعراء لطیف الدین لطیف اور فرید سحر نے اپنا کلام پیش کیا۔سعداللہ خان سبیل نے گونگی چیخ کی اشاعت پر دوحہ قطر سے مظفر نایاب کا ارسال کردہ قطعہ ء تاریخ پڑھ کر سنایا جسے کافی پسند کیا گیا۔اس ادبی نشست کی نظامت معین الدین احمر نے کی۔داعی محفل ابو نبیل خواجہ مسیح الدین کے شکریہ پر یہ خواشگوار محفل شعر وادب کا اختتام عمل میں آیا۔ایک صحافتی نوٹ کے ذریعہ یہ خبر دی گئی ہے۔
