بگدل میں جماعت اسلامی ہند شعبہ خواتین کے اجتماع عام سے محترمہ تشکیلہ خانم ،ساجدالنساء اور دیگر کا خطاب

منااکھیلی۔ 16؍جنوری (محمد عبدالقدیر لشکری): موجود ہ حالات اس بات کا تقاضا کرتے ہیں کہ خواتین گھر خاندان اور معاشرے کی تعمیر میں اہم رول ادا کریں، آئے دن خاندان بکھرتے جا رہے ہیں۔ معاشرہ جاہلیت ،بے حیائی وعریانیت کی طرف تیزی سے بڑھ رہا ہے، الحادو بے دینی عام ہوتی جا رہی ہے۔ ماں کے پیٹ میں بچوں کا قتل بڑھتا جا رہا ہے اور اولاد اخلاقی بے راہ روی کا شکار ہے۔ ان حالات میں اگر خواتین نے اپنی ذمہ داری کو ادا نہ کیا تو معاشرہ تباہ ہوجائے گا ، ان خیالات کا اظہار محترمہ تشکیلہ خانم صاحبہ (سکریٹری شعبہ خواتین جماعت اسلامی، کرناٹک) نے کیا۔ وہ بگدل میں منعقدہ شولاپوری گارڈن فنکشن ہال میں خواتین کے ایک روزہ اجتماع عام سے خطاب کررہی تھیں۔ انھوں نے کہا کہ اللہ تعالی نے اس امت کو خیر امت بنا یا ہے تاکہ اللہ کی زمین پر اللہ کے قانون کو نافذ کرے، اسلام کی دعوت تمام بندگان خدا تک پہنچانے کا اہم فریضہ اس امت کے ذمہ دیاہے ، اگر ہم نے ذمہ داری کو ادانہ کیا تو ہم دراصل خیانت کے مرتکب ہوں گے ۔ محترمہ ساجدہ النسا ء صاحبہ (رکن مجلس نمائندگان جماعت اسلامی ہند ہبلی) نے ’’مثالی خواتین قرآن و سنت کی روشنی میں‘‘ کے عنوان پرخطاب کرتے ہوئے کہا ’’اللہ تعالی نے خواتین کو بہت بلند مقام عطا کیا ہے، کہیں بیٹی تو کہیں بہو، کہیں بیوی اور ماں وبہن ان ساری ذمہ داریوں کو ادا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، آپ نے قرآن کے حوالے سے بی بی حاجرہ ؓ کا واقعہ پیش کیا ۔آپؓ نے ایک مثالی بیوی اور مثالی ماں کے علاوہ ایک مثالی داعی کا کردار ادا کیا ہے ۔ آپؓ کی زندگی رہتی دنیا تک کے خواتین کے لئے عملی نمونہ ہے ، وہیں بی بی آسیہ ؓ جو کے فرعون کی بیوی تھی، آپ نے ایمان کے وہ عملی نمونے پیش کئے جس کی مثال قیامت تک دنیا میں دی جاتی رہیگی ۔محترمہ کوثر فاطمہ (ضلعی ذمہ در شعبہ خواتین جماعت اسلامی ہند کلبرگی) نے ’’عورت۔ خوشگوار زندگی کی ضامن‘‘ کے عنوان پر خطاب کیا، محترمہ توحیدہ سندھے (ضلعی ذمہ دار شعبہ خواتین جماعت اسلامی ہند بیدر )نے افتتاحی کلمات پیش کئے، اور مہمانوں کا استقبال کیا ، سائیقہ صبا (معاون ضلعی ذمہ دار جی آئی او بیدر) نے ’’جی آئی او کا تعارف، اہمیت و تقاضے‘‘ کے موضوع پر خطاب کیا۔ درس حدیث محترمہ رضوانہ بیگم (رکن جماعت اسلامی ہند بگدل ) نے پیش کیا ۔نعت شریف مسکان فاطمہ (سکریٹری جی آئی او بسواکلیان) نے پیش کیا ۔پروگرام کا آغاز عالمہ رضوانہ کی تلاوت قرآت پاک سے ہوا ۔ نظامت کے فرائض نکہت پروین(صدر جی آئی او بگدل) نے انجام دئے ۔اظہارتشکر محترمہ حناغازی (ناظمہ شعبہ خواتین جماعت اسلامی ہند بگدل) نے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی ہند بگدل کے ارکان و کارکنا ن ، جی آئی او کے ممبران اوروابستگان کے علاوہ چانگلیر ، منااکھیلی ، بہرنلی ، اورادسرسی، قاسم پور ، مرکندہ ، کنجی ، نرنہ ، وغیرہ کی سینکڑوں خواتین نے اس اجتماع عام میں شریک ہوکر اس کو کامیاب بنایا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے