کٹھ کوئیاں (ضلع کشی نگر): حلقہ تھانہ کبیر استھان، بلاک پڈرونہ جامعہ رحمانیہ اسلامیہ سیمرا ہردو، کٹھ کوئیاں ضلع کشی نگر میں دو طالب علم محمد اخلاق عبد الکریم اور محمد ریحان مشتاق کے تکمیل حفظ قرآن پر ایک مجلس منعقد ہوئی جس میں رسم تکمیل حفظ قرآن کی خدمات شعبئہ حفظ کے صدر مدرس قاری محمد جبریل نے انجام دی، مہمان خصوصی مولانا حافظ حسیب الدین صاحب قاسمی نائب مہتمم جامعہ سعیدیہ اشاعت العلوم نے بہت ہی جامع اور مفید وعظ فرمایا شرک و بدعت سے بچنے پر زور دیا ،قرب و جوار کے احباب کو مدارس کے ساتھ تعاون کی طرف متوجہ فرمایا اور مدرسہ کے ناظم احمد کمال عبدالرحمان ندوی نے حفاظت قرآن پر گفتگوکرتے ہوئے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ نے کسی بھی آسمانی کتاب کی ضمانت نہیں لی سوائے قرآن کے، اللہ تعالیٰ قرآن میں فرماتا ہے ـ’’ ہم ہی نے قرآن کو نازل کیا ہے اور ہم اس کی حفاظت کرنے والے ہیں‘‘ ۔
اللہ تعالیٰ کے حفاظت کے بہت سے ذرائع و وسائل ہیںجن میں سے ایک ذریعہ ان مدارس اسلامیہ میں قرآن مجید کو اپنے سینوں میں محفوظ کرنے والے معصوم طلبہ ہیں جن کو اللہ تعالیٰ نے اس اہم کام کیلئے منتخب فرمایا ہے، کل قیامت کے دن جہاں ان کے والدین کو بیش بہا اور غیر معمولی تاج سے نوازا جائیگا وہیں حافظ قرآن کے اپنے دس رشتہ داروں کی شفاعت کی اجازت ہوگی جن پر دوزخ لازمی ہو چکی ہوگی وہ اس حافظ قرآن کی شفاعت سے جنت میں داخل ہوجائیں گے۔
اس جشن تکمیل حفظ قرآن کی مجلس میں قرب و جوار کے علماء و حفاظ کرام کے علاوہ لوگ شریک رہے اس مجلس کا آغاز حافظ شوکت کی تلاوت کلام پاک سے ہوا، دربار رسالت میں نذرانہء عقیدت اسکول کی بچی صاحبہ نے اور حمد باری تعالیٰ حافظ محمد عامر نے پیش کیا ۔
نظامت حافظ مظفر حسن نے اور صدارت کے فرائض جامعہ کے بانی و ناظم جناب احمد کمال عبدالرحمان ندوی نے انجام دئیے اس مجلس میں خاص طور پر مولانا کلام الدین، مولانا عبدالرازق ، حاجی روز محمد، حدیث انصاری، عذیر احمد میڈیا سے، محمد اکرم، ماسٹر صدر عالم ، اور ماسٹر محمد ، علی حسن وغیرہ شریک رہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے