ہر 18 سال سے اوپر کا شخص خون عطیہ ضرور کرے: ذاکر حسین
اعظم گڑھ،14 فروری ( نامہ نگار): مذہب، ذات پات سے اوپر اٹھ کر مریضوں کو مفت خون مہیا کرانے والی تنظیم الفلاح فاؤنڈیشن (بلڈ ڈونیٹ گروپ) کو آج الفاروق پبلک اسکول میں منعقدہ شاندار تقریب میں ایوارڈ سے نوازا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اعظم گڑھ کے موضع مہذب پور میں واقع معروف تعلیمی درسگاہ الفاروق پبلک اسکول نے الفلاح فاؤنڈیشن کو اس کی سماجی خدمات کو دیکھتے ہوئے ایوارڈ سے نوازا۔ اس موقع پر الفلاح فاؤنڈیشن کے بانی ذاکر حسین کے ساتھ الفلاح فاؤنڈیشن کے فعال رکن نعمان شیخ سنجری، نصیب یذدانی، ڈاکٹر ذیشان، علی قدر اعظمی، محمد جیش، اکسم سکروری، ریحان اعظمی اور محمد نسیم نے عمیر صدیقی ندوی کے ہاتھ سے ایوارڈ حاصل کیا۔ اس موقع پر الفلاح فاؤنڈیشن کی خدمات پر تنظیم کے بانی و صدر ذاکر حسین اور الفاروق پبلک اسکول کے مینیجر ڈاکٹر ذیشان نے روشنی ڈالی۔
واضح رہے کہ الفلاح فاؤنڈیشن خون عطیہ اور ضلع اعظم گڑھ کی بنجارہ بستیوں بالخصوص نٹ بستی میں تعلیم پر کام کرنے کے لئے جانی جاتی ہے۔ تنظیم نے اپنے قیام کے بعد سے 640 مریضوں کو ہزاروں یونٹس خون مہیا کرایا ہے، اس کے علاوہ تنظیم کی جانب سے نٹ بستی میں اسکول چلایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر الفلاح فاؤنڈیشن بانی ذاکر حسین نے نیوز رپورٹرس کو انٹر ویو دیتے ہوئے کہا کہ ہر 18 سال کے شخص کو خون عطیہ ضرور کرنا چاہئے۔ انہوں نے قوم کے لوگوں سے نٹ سماج کی تعلیم پر کام کرنے پر بھی زور دیا۔
منعقدہ پروگرام میں مولانا طاہر مدنی، ڈاکٹر شمیم، پروفیسر خالد اعظمی، عمیر صدیق ندوی، نعمان سنجری، نصیب یذدانی، علی قدر اعظمی، ڈاکٹر ابوالکلام، علیم سنجری، جیش، طلحہ، عارف اصلاحی، ریحان فلاحی، عامر سنجری، اکسم سکروری، جاوید ایڈوکیٹ، محمد شہباز سمیت ایک بڑی تعداد میں خواتین، مرد اور بچے موجود تھے۔
