بیدر۔ 15؍فروری (محمدیوسف رحیم بیدری ): بین الاقوامی سطح پر معروف اقلیتی تعلیمی ادارہ’’ شاہین ادارہ جات ، بیدر‘‘نے 14؍فروری کو ’’ایک شام قومی یکجہتی کے نام ‘‘ کے عنوان سے ایک کل ہند مشاعرہ شاہین نگر بیدرمیں منعقد کیا۔ جہاں ہندوستان بھر کے معروف شعراء تشریف لائے تھے ۔ اس موقع پر بیدر کے اردو رتن 6شعراء کو شاہین تعلیمی ادارے نے اپنی جانب سے تہنیت پیش کی اورمومنٹو سے نوازا۔ جن شعراء کو تہنیت پیش کی گئی اور مومنٹوسے نوازاگیا، ان کے اسمائے گرامی یہ ہیں (۱) محمد امیرالدین امیرؔ(۲) محمدکمال الدین شمیم ؔ(۳) سید عبداللطیف خلش ؔ (۴) سید جمیل احمد ہاشمی (۵) مقصودعلی مقصود اور(۶) محمد امین الدین نوازؔ۔
اس موقع پر بیدر کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس جناب چن بسونا ایس ایل IPS اپنی شریک حیات کے ساتھ سامعین کے درمیان بیٹھے رہے۔ انہیں شہ نشین پر تشریف لانے کو کہا گیا لیکن موصوف نے خاکسار ی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شہ نشین کے نیچے ہی براجمان رہنا پسند کیا۔
اس تہنیتی تقریب کی کارروائی جناب عبدالحنان سیٹھ نے بڑی خوبصورتی سے چلائی ۔عبدالحنان سیٹھ ایک سخن فہم اور سخن نواز نوجوان ہیں۔ انہیں سینکڑوں اردواشعار زبانی یاد ہیں۔وہ شاہین ادارہ جات کے بانی ڈاکٹر عبدالقدیرکے برادرخورد ہیں۔تہنیتی تقریب کے فوری بعد مشاعرہ شروع ہواجس کی نظامت ندیم فر ّخ نے کی۔ اور 3:٣٠ بجے شب تک یہ کل ہند مشاعرہ کامیابی کے ساتھ چلتارہا۔
