بیدر۔21؍ فروری (محمد فراست عمران خان): سینئر سول جج اور ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی کے ممبر سکریٹریز ایس کے کنکٹے نے کہا کہ بیدر ضلع میں 09 مارچ کو نیشنل لیگل سروسز اتھارٹی اور ریاستی قانونی خدمات بورڈ کی ہدایت کے مطابق ایک عظیم الشان لوک عدالت کا انعقاد ہوگا۔ وہ چہارشنبہ کو ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی کے دفتر ہال میں منعقدہ پریس کانفرنس میں بول رہے تھے۔ انھوں نے آگے بتایاکہ ضلع کی تمام عدالتوں میں جائیداد کا حصہ تقسیم کرنے کے لیے بھتہ، چیک باؤنس، بجلی کے مقدمات، ریونیو، فوجداری مقدمات، لیبر کیسز، بینک کیسز اور قبل از قانونی چارہ جوئی کے مقدمات صلح کے ذریعے دستیاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کے عوام اس سے فائدہ اٹھائیں۔ اس سے قبل 2023 میں چار راشٹریہ لوک عدالتیں لگائی گئی تھیں اور چار راشٹریہ لوک عدالتوں میں کل 7844 مقدمات (پینڈنگ والے) اور 82941 مقدمے قبل از قانونی چارہ جوئی کے معاملات کا تصفیہ کیا گیا تھا۔
2023 میں لوک عدالت میں کل 90,785 مقدمات کا تصفیہ کیا گیا۔ 2023 کی چار راشٹریہ لوک عدالتوں میں 73,71,53,801روپے وصول کئے گئے اور معاوضہ فراہم کر دیا گیا ہے اور ضلع بھر میں سال 2023 کی لوک عدالتوں کے ذریعہ کل 18 جوڑوں کوآپسی سمجھوتہ کے ذریعے دوبارہ زندگی گزارنے پر راضی کیاگیا۔موصوف نے بتایاکہ اس لوک عدالت میں زیر التواء زیادہ سے زیادہ مقدمات کو نمٹانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ ان سب کے لیے میڈیا کو چاہیے کہ وہ اس عدالت کو زیادہ سے زیادہ پبلسٹی دے کر عوام تک پہنچائے۔ اس لوک عدالت کا مقصد پچھلی لوک عدالت کی نسبت زیادہ مقدمات کو مفاہمت کے ذریعے حل کرنا ہے۔ 20.02.2024 تک، ہمارے ضلع میں کل پینڈنگ مقدمات30,830 ہیں۔ ہمارا مقصد مزید مقدمات کو نمٹانا ہے۔ کیس نمٹانے سے موکل کو کورٹ فیس واپس مل جائے گی اور اپیل کا کوئی موقع نہیں ملے گا، اس عدالت میں ایک موقع ایسا آئے گا جہاں فریقین اپنی نفرتیں بھلا کر آپس میں ہم آہنگی پیدا کریں گے۔
پچھلے سال کے مقابلے اس سال زیادہ مقدمات کو نمٹانے کے مقصد سے 9 مارچ کو ضلع کی تمام عدالتوں میں صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک ریاستی لوک عدالت کا انعقاد کیا جائے گا اور ضلع کے زیادہ تر لوگ اس لوک عدالت میں شرکت کریں اور فائدہ اٹھائیں۔ اس پریس کانفرنس میں جگدیشور دورے، آکاش سجن، راہول، جیون، یوحان اور دیگر موجود تھے۔
