کلبرگی ۔ 5؍مارچ (پریس نوٹ): ہاویری کے ضلع ’’گرو بھون ‘‘میں ضلعی سطح پر بین الاقوامی یوم مادری زبان اور تعلیمی کارگاہ کاانعقاد 2؍مارچ کو ہوا ۔جلسہ میں مقامی رکن اسمبلی و ڈپٹی اسپیکر رودرپا لمانی اور بیاڑگی حلقہ کے رکن اسمبلی و محکمہ جنگلات کارپوریشن کے صدر سری بسوراج شیونانور نے پروگرام کا شمع روشن کرتے ہوئے افتتاح کیا اور خاص مقرر مہاراشٹر کے پروفیسر عرفان شہنوری نے اپنے خطاب میں اساتذہ سے کہا کہ اساتذہ طلباء کے اندر چھپی ہوئی صلاحیتوں کو منظر عام پر لا کر انہیں نکھارتے ہیں ۔اسطرح اردو زبان کی طرف زیادہ توجہ دیں ۔تہذیب اورثقافت بچانے کے لئے بیداری لانے کی کوشش کرنے کو کہتے ہوئے مادری زبان کی اہمیت اور افادیت پر خوب خوب روشنی ڈالی۔حقیقت یہی ہے کہ مادری زبان قوم کا سرمایہ حیات ہوتا ہے اور اس زبان کے ساتھ ہمارا ایک لازوال رشتہ ہوتا ہے اور ان گنت تخلیقی،نفسیاتی و لسانی،ذہنی،جذباتی اور جبلتی جہتیں اس مادری زبان سے وابستہ ہوتی ہیں۔ ضلع یم ڈی یم کے آفسر زیڈ،یم، قاضی نے اپنی تقریر میں کہا کہ اگر اردو اسکولوں میں نئی تعلیمی پالیسی کو خاطر میں لاتے ہوئے اساتذہ کرام مادری زبان میں پڑھانے کا کام ہاتھ میں لیں گے تو وہ بہتر شروعات ثابت ہوسکتی ہے۔ احساسِ کمتری کو ذہن سے نکال کر بچّوں کو سمجھائیں کہ مادری زبان ہماری پہچان ہے اور اس زبان میں بات کرنا فخر سمجھا جائے لیکن جب ہماری نوخیز نسل اردو کے بجائے انگریزی میں بات کرتے ہیں تو ہم خوشی سے جھوم اُٹھتے ہیں جس سے ہم اپنے پیروں پر خود کلہاڈی مارتے ہیں ۔ڈی ڈی پی آئی سریش ہوگی نے بتایاکہ اساتذہ طلباء کو تعلیم کے ساتھ اخلاقیات سے بھی روشناس کرائیں ۔ضلع کراٹا کے صدر معین الدین شرہٹی نے اردو مدارس و اساتذہ کو در پیش مسائل کے حل کے لیے ڈی پی آئی کمشنر سے ملاقات کرکے میمورنڈم دیا ۔ اس پروگرام میں سابق صدر کراٹا شیخ فیاض الدین نے بتایاکہ اپنے حقوق کے لئے جدو جہد کرنا ضروری ہے۔اس پروگرام میں ضلع کراٹا کے صدر ریاض احمد کند گول نے اس پروگرام کے اغراض ومقاصد کے متعلق بتایا اس پروگرام میں اردو تعلیمی رابطہ کار سکندر ملا، عبدالقادر کڑے منی نے تعلیمی نقطہء نظر پر روشنی ڈالی۔اردو مدرسہ ہنسبھا وی کے طلباء نے علامہ اقبال کی نظم ’’ماں کا خواب‘‘ بہترین اداکاری کے ساتھ پیش کیا ۔جناب شبیر احمد نے قرأت پڑھی۔محترمہ شاہین عطار نے حمد پیش کی اور ناہیدا انجم نے نعت پیش کی۔پروگرام کی نظامت ہدایت اللہ رٹی ہلی نے سر انجام دی۔ محمد فاروق اکی ریاستی تنظیم کے جوائنٹ سیکرٹری نے سب کا شکریہ ادا کیا۔اس پروگرام میں ضلع ہاویری، دھارواڑ ،داونگیرہ،چتلدرگ ریاستی اور ضلع سطح کے ممبران، ضلع کے تمام اردو سی آر پی اورہاویری ضلع کے مختلف تعلقوں کے اردو تنظیم کے صدر سیکرٹری اور تمام عہدہ داران تمام اردو مدارس کے اساتذہ کرام کثیر تعداد میں شرکت فرما کر پروگرام کو کامیاب و کامران بنائے۔ اس بات کی اطلاع جناب خواجہ فریدالدین انعامدار کلبرگی نے دی ہے۔
