کلیان کرناٹک اردو جرنلسٹ اسوسی ایشن کی اپیل
بیدر۔ 9؍مارچ (پریس نوٹ): اردو صحافیوں کی اسوسی ایشن بنام کلیان کرناٹک اردو جرنلسٹ اسوسی ایشن ضلع بیدر نے اپنے تازہ صحافتی نوٹ میں خصوصاً اردو صحافیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ماہ ِ رمضان کی برکتوں ،فضیلتوں اور رحمتوں کے حصول میں پورا ماہ لگے رہیں۔اور اپنے گھرکے تمام افراد کو بھی اس ذمہ داری میں لگائے رکھیں۔ اسوسی ایشن کے صدر جناب محمدیوسف رحیم بیدری، نائب صدور نعیم الدین چابکسوار بسواکلیان، اورجناب محمدعبدالقدیر لشکری نرنہ (چٹگوپہ) ، سکریٹری جناب فراست خان عرف عمران خان ، خازن جناب محمد امجد حسین اور معاون خازن مفتی محمد افسرعلی ندوی نے صحافیوں سے اپیل کی ہے کہ اس رمضان میں بھی صحافی بھائی روزوں کی حفاظت پر توجہ دیں ۔ قرآن مجید کی تلاوت اور ترجمانی کے مطالعہ کو اپنے اوپرروزانہ کی بنیادوں پر لازم کرلیں۔ جوصحافی مؤذن، حافظ ، عالم یا مفتی ہیں ، ایسے صحافی رمضان کی دینی اور روحانی سرگرمی میں زیادہ مصروف رہتے ہیں لہٰذا دوسرے صحافی ایسے موذن، حافظ ، عالم اور مفتی صحافیوں کارمضان کے پورے ایک ماہ تک ہرممکن تعاون کرتے رہیں۔
کلیان کرناٹک اردو جرنلسٹ اسوسی ایشن ضلع بیدر کے عہدیداران نے یہ بھی کہا ہے کہ تراویح کے اہتمام سے روحانیت میں اضافہ ہوتاہے اور نبی کریم ﷺ کی سنت پر عمل بھی۔آخری دہے میں شب قدر کی تلاش کو بھی صحافی اپنے اوپرلازم کرلیں۔ جو صحافی آرٹیکل لکھتے رہتے ہیں ، انہیں رمضان سے متعلق خبرنویسی کے علاوہ مضمون نویسی پر بھی توجہ دینی چاہیے ۔دعاؤں میں بھی ایک دوسرے کو یاد رکھیں۔ خواتین صحافی اپنی دینی تحریروں کو منظرعام پر لانے میں ہچکچاہٹ محسوس نہ کریں۔لیت ولعل کاشکارہوئے بغیر اصولی صحافتی تحریروں کو اشاعت کے لئے ضرور بھیجیں ۔ اللہ تعالیٰ تمام صحافیوں کو خوش وخرم رکھے ۔ پورے ماہ روزے رکھنے اور ان روزوں کی حفاطت کرنے کی اللہ توفیق عطافرمائے۔ آمین
