بارہ بنکی(ابوشحمہ انصاری): شعبۂ اردو، ستیہ وتی کالج میں تقسیم انعامات اور الوداعیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔ اس تقریب میں بی اے سال اول اور سال دوم کے طلبا و طالبات نے سال اخیر کے طلبا و طالبات کو الوداعیہ دیا۔ شعبۂ اردو، ستیہ کالج، یونیورسٹی آف دہلی کی طرف سے ہر برس مضمون نویسی مقابلے کا انعقاد کیا جاتا ہے جس میں اول ، دوم اور سوم پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کو انعامات و اعزازات سے نوازا جاتا ہے۔ 2024 میں مضمون نویسی مقابلہ میں اول پوزیشن گل افشاں، دوم ثانیہ سیفی اور سوم خوشنما نے حاصل کی۔ ان تینوں طالبات کو شعبۂ اردو کی طرف سے مومنٹو، سرٹیفکیٹ اور نقد رقم انعام کی شکل میں دی گئی۔ الوداعیہ تقریب میں طالب علموں نے خوب صورت، دل چسپ اور رنگا رنگ پروگرام پیش کیا جس میں تعارفی سیشن، ریمپ واک، نغمہ سرائی، کھیل کودکے علاؤہ بہت سارے کلچرل پروگرام شامل ہیں۔ ان تمام پروگرام میں طلبا و طالبات نے بہترین پرفارمینس کا مظاہرہ کیا۔بہترین پیش کش پر تمام طالب علموں کی طرف سے مسٹر فئیر ویل حماد اور مس فئیر ویل شمع منتخب ہوئے۔
اس تقریب کی ابتدا میں طلبا وطالبات سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر شیخ عقیل نے نظم و ضبط، تعلیم و تربیت ، کیرئیر پلاننگ کے علاوہ متعدد جہات پر روشنی ڈالتے ہوئے طالب علموں کی حوصلہ افزائی کی۔ ڈاکٹر قمر الحسن، صدر شعبۂ اردو نے طالب علموں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس کالج میں شعبۂ اردو کی کارکردگی ہمیشہ سے بہتر رہی ہے۔ دیگر شعبوں کی طرح شعبۂ اردو بھی بہت متحرک و فعال ہے۔ اس رنگا رنگ تقریب کو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ ہمارے بچوں کے حوصلے بہت بلند ہیں۔ ہماری کوشش ہوگی کہ آپ سب کے لیے بہتر سے بہتر مواقع پیدا کئے جائیں ۔
الوداعیہ تقریب میں شعبۂ اردو کے تمام اساتذہ پروفیسر شیخ عقیل، ڈاکٹر قمر الحسن( صدر شعبہ اردو) ڈاکٹر عارف اشتیاق، ڈاکٹر افسانہ حیات، ڈاکٹر محمد رکن الدین، ڈاکٹر فیاض عالم، ڈاکٹر بشیر شاہین اور ڈاکٹر فخر عالم نے بچوں کی تعلیم و تربیت پر اظہار خیال کیا اور خوش آئند مستقبل کے لیے نیک خواہشات سے نوازا۔اس تقریب کی نظامت ریحانہ خاتون، ندا خان(سالِ دوم) اور اریبہ خانم اور اقرا سیفی( سالِ اول) نے کی ۔ جب کہ انتظامیہ کی ذمہ داری ثاقب سرفراز، گل افشاں، ادیبہ اور خوشنما نے بحسن و خوبی نبھائی۔
