حج مقبول کا بدلہ صرف جنت ہے: وصی اللہ مدنی

سدھارتھ نگر/ ٥مئی(پریس ریلیز): ضلعی جمعیت اہلِ حدیث، سدھارتھ نگر، یوپی کے ناظم مولانا وصی اللہ عبدالحکیم مدنی نے امسال عازمین حج کے لیے اعمال حج کی عملی تربیت اور ٹرینیگ کی بابت اخباری نمائندوں کو بتایا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے پورے ضلع سدھارتھ نگر میں ٹیکہ کاری کے متعین سات مراکز میں سے درج ذیل چار سینٹروں پر ضلعی جمعیت اہلِ حدیث، سدھارتھ نگر، یوپی کے ذمہ داران بطور خاص امیر جمعیت مولانا محمد ابراہیم مدنی اور ناظم جمعیت مولانا وصی اللہ مدنی نے مقامی جمعیتوں کے امراء و نظماء حضرات کے توسط و مکمل تعاون سے ٢/مئی بروز جمعرات اٹوا، بانسی، ڈومریاگنج اور ٤/مئی بروز سنیچر بدر اسکول میں بڑے تزک و احتشام کے ساتھ حج تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا، جس کی رپورٹ قدرے تفصیل حسب ذیل ہے:

(۱) جامع مسجد(جامعہ اتحاد ملت) اٹوا بازار. جمعیت اہلِ حدیث حلقہ اٹوا بازار کے ناظم مولانا فخرالدین ریاضی کی اطلاع کے مطابق تقریباً اسی(80) افراد اس پروگرام سے مستفید ہوئے اور پچاس(50) لوگوں کو ویکسین لگائی گئی، تربیت دینے والے علماء میں مولانا فخرالدین ریاضی، مولانا شمس الہدی جامعی، مولانا عبد الودود سلفی خادم الحجاج شریک تھے، پروگرام کی نظامت مولانا فخرالدین ریاضی نے انجام دی، مہمانوں کی ضیافت اور متعلقہ دیگر امور کی ترتیب و تنسیق میں مولانا مجیب الرحمان رحمانی، مولانا عبد الوہاب محمدی کی خدمات ناقابل فراموش ہیں، اللہ انہیں اجر جزیل عطا فرمائے، آمین-

(۳) مدرسہ عائشہ گرلس کالج، نرکٹہا، بانسی مولانا عبدالرب سلفی ناظم حلقہ نے اپنے عہدیداران و اراکین کے حسن تعاون سے بہت بہتر اور پرسکون ماحول میں حج تربیتی پروگرام اور ٹیکہ کاری کا کام انجام دیا اور شرکاء کی کل تعداد پینتیس (35) تھی جس میں سے پچیس(25) لوگوں کو ویکسین لگائی گئی اور حسب سہولت و وسعت عازمین حج اور ان کے ہمراہ آنے والے معزز حضرات کی خوب میزبانی کی، امیر حلقہ مولانا عبدالخبیر مدنی حج و عمرہ کے اعمال کو عملی طور پر سکھایا، پروگرام کی ترتیب و انتظام میں مولانا عبدالحکیم سلفی اور مولانا عبدالرحمن اثری صاحبان وغیرہم کا خصوصی تعاون شامل تھا-

(٤) خیر ٹیکنکل، بیدولہ چوراہا، ڈومریا گنج اس سینٹر پر حج تربیتی پروگرام کا انعقاد جمعیت اہلِ حدیث حلقہ ڈومریا گنج کے زیر اہتمام کیا گیا، ناظم حلقہ مولانا عبدالمنان مفتاحی نے ڈومریا گنج اور اس کے اطراف کے تمام عازمین حج کا پر جوش استقبال اور ضیافت کی، امیر جمعیت مولانا محمد ابراہیم مدنی، مولانا عبدالستار سراجی اور مولانا عبدالغنی سلفی نے یکے بعد دیگرے مناسک حج وعمرہ پر گفتگو کرتے ہوئے عملی طور پر حج وعمرہ کرنے کا طریقہ سکھایا- یہاں بھی شرکاء کی تعداد سو سے متجاوز تھی- تقریباً پچاس لوگوں کو انجکشن لگوایا گیا-

(۱) بدر اسکول، کھجور یہ روڈ، نوگڑھ مرکز تحفيظ القران الكريم والدعوة والتعليم، تیتری بازار کی خوب صورت اور وسیع و عریض جامع مسجد میں حج تربیتی پروگرام منعقد کیا گیا، جمعیت اہل حدیث حلقہ نوگڑھ کے ناظم مولانا محمد ہاشم سلفی نے ساڑھے نو بجے تلاوت کلام ربانی سے پروگرام کا آغاز کیا بعد ازاں ناظم جمعیت مولانا وصی اللہ مدنی نے تمام عازمین حج اور مشارکین مشارکات کا بصمیم قلب استقبال اور والہانہ خیر مقدم کرتے ہوئے ضلعی جمعیت اہل حدیث سدھارتھ نگر کا مختصر تعارف پیش کیا اور اس پروگرام کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے عازمین حج کو اس بات کی تلقین کی کہ آپ لوگ خلوص نیت کے ساتھ سفر حج پر روانہ ہوں اور روانگی سے پہلے ہی حقوق العباد کی ادائیگی اور سنت کے مطابق حج و عمرہ کا طریقہ سیکھ لیں۔ اسی لیے ضلعی جمعیت نے حج تربیتی پروگرام کا انتظام و انصرام کیا ہے۔

عازمین حج اور ان کے ہمراہ تشریف لانے والوں کی کل تعداد تقریباً ایک سو پچاس تھی، انہتر لوگوں نے ٹیکہ لگوایا ہے، سفر حج پر روانہ ہونے والے یہ سعادت مند مرد و خواتین طے شدہ پروگرام اور وقت مقررہ پر بدر اسکول پہنچ چکے تھے، ان معزز مہمانوں کی ضیافت و رہنمائی کے لیے ضلعی جمعیت کے ذمہ داران و کارکنان پہلے سے موجود تھے، جنھوں نے اپنی اخلاقی و جماعتی ذمہ داریوں کو ادا کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی، پہلی بار عازمین حج کے اندر اس قدر مناسک حج و عمرہ کے احکام و مسائل اور عملی تربیت حاصل کرنے کا شوق، جوش و جذبہ اور ولولہ دیکھا گیا، حج وعمرہ کے ارکان و مسائل پر گفتگو اور عملی تربیت دینے کے لیے جماعت کے معتمد و مستند اور کئی بار حج و عمرہ کی سعادت سے سرفراز ہونے والے علماء کرام تشریف فرما تھے، بدر اسکول کی جامع مسجد میں تربیت دینے والے علماء کے اسماء گرامی یہ ہیں:

مولانا وصی اللہ مدنی، مولانا شفیع اللہ مدنی، ڈاکٹر بدر الدین ریاضی، مولانا محمد ہاشم سلفی، مولانا جمشید عالم سلفی

ہر ایک نے اپنے موضوع کو مختصر مگر مدلل و دل نشین انداز میں پیش کئے، ڈاکٹر بدرالدین ریاضی نے حج اور عمرہ کرنے کا عملی طریقہ تفصیل سے بتایا اور مناسک حج اور مقدس سفر سے متعلقہ سوالات کے جوابات بھی دیئے۔ اس موقع پر تمام مراکز پر ضلعی جمعیت کی جانب سے مطبوع ضلعی جمعیت کے سابق ناظم محترم مولانا عبدالمنان سلفی رحمہ کی تالیف کردہ کتاب "کتاب و سنت کی روشنی میں مختصر آداب حج وعمرہ” بزبان اردو، اور ایک ورقی اعمال حج و طریقہ عمرہ تقسیم کی گئی-

برادرم الحاج اظہار احمد (پرنس)‌ نے تمام عازمین حج اور ان کے ہمراہیوں کی عمدہ حق ضیافت قبول کی۔

پروگرام کی کامیابی اور منظم انداز میں ٹیکہ کاری کا عمل انجام دینے میں مولانا محمد ہاشم سلفی ، مولانا جمشید عالم سلفی، مولانا عبدالرشید سلفی، عزیزم محمد اسلم اور مولانا امیراللہ یوسفی مبلغ جمعیت کی زبردست محنت اور اہم رول وکردار شامل تھا-

اللہ کے فضل خاص اور ذمہ داران احباب کی مخلصانہ کاوشوں سے تمام مراکز پر حج تربیتی پروگرام کامیاب رہا۔

ناظم ضلعی جمعیت مولانا وصی اللہ مدنی نے جمعیت کی اس نمایاں کامیابی پر اپنی مسرت و شادمانی کا اظہار کرتے ہوئے متعینہ سینٹروں کے امراء و نظماء اور ان کے دیگر معاونین کا بصمیم قلب شکریہ ادا کیا جنھوں نے ٹیکہ کاری اور حج تربیتی پروگرام کو کامیابی سے ہم کنار کرنے میں جمعیت کا کسی طرح کا بھی تعاون کیا ہے، اللہ سب لوگوں کو اس کا بہترین بدلہ عنایت فرمائے، آمین-

اللہ تمام خوش نصیب عازمین حج کو کتاب و سنت کی سنہری تعلیمات کی روشنی میں حج و عمرہ کرنے کی توفیق ارزانی عطا کرے، ان کے تمام پاکیزہ اعمال کو شرف قبولیت بخشے اور اپنے حفظ و امان میں رکھے تاکہ بصحت و عافیت اور امن و سلامتی کے ساتھ اپنے وطن عزیز واپس آسکیں-

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے