بیدر۔(محمدیوسف رحیم بیدری): جماعت اسلامی ہند کرناٹک سے وابستہ افراداور ذمہ داران کومخاطب کرتے ہوئے ایک سرکلر امیرحلقہ جماعت اسلامی ہند کرناٹک نے جاری کیاہے۔ جس میں لکھاہے کہ ریاست کرناٹک میں ہرطرف شدید گرمی کی لہرہے۔ بیشترمقامات پر بارش کی کمی یابالکل بارش نہ ہونے کی وجہ سے سوکھااور قحط سالی کی کیفیت ہے۔انسان اور جانورسب پریشان ہیں۔ ایسی صورتِ حال میں رسول اللہ ﷺ کی سنت اور مستحب عمل یہ ہے اللہ رب العالمین کی طرف رجوع کیاجائے ، اپنے گناہوں اور قصوروں کی معافی طلب کی جائے۔ رب کومنانے ، اسے راضی کرنے اور اس کی رحمتوں کو اپنی طرف متوجہ کرنے کی سعی کی جائے ۔ میدانوں اور بڑی مساجد کے صحن میں نماز ِ استسقاء کا اہتمام ہو۔ نماز ِ استسقاء کا طریقہ یہ ہے کہ عیدگاہوں ، میدانوں ،یامسجدوں میں صلوٰۃ الاستسقاء کے لئے لوگوں کو جمع کیاجائے۔ نمازِ عید کی طرح باجماعت جہری قرأت کے ساتھ دورکعت نمازِ استسقاء اداکی جائے۔ نماز کے بعد خطبہ کااہتمام ہو۔ امام دوخطبے دے ۔ اسمیں لوگوں سے التجاء کی جائے کہ وہ رب کی طرف پلٹ آ ئیں ۔ اس سے رجوع کریں ، اس کی نافرمانیوں سے بچیں ۔ رب سے اپنے گناہوںاور اپنے قصوروں کی معافی طلب کریں اور کثرت سے توبہ واستغفار کریں۔ خطبہ کے دوران امام (علامتی طورپر) اپنی چادر دائیں سے بائیں ، یا اوپرسے نیچے یا آگے سے پیچھے کی طرف الٹ دیں۔ خطبہ کے بعد قبلہ رخ ہوکر اجتماعی دعا کی جائے ۔ جماعت کے ذمہ داران اور رفقاء علمااور ملت کوساتھ لے کر اس نماز ِ استسقاء کا خصوصی اہتمام کریں۔ یہ عمل کم ازکم تین دن مستحب ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے