بارہ بنکی (ابوشحمہ انصاری): سعادت گنج کی ادبی تنظیم "بزمِ ایوانِ غزل” کے زیرِ اہتمام آئیڈیل انٹر کالج محمد پور باہوں سعادت گنج کے وسیع ہال میں غیرطرحی نشست کا انعقاد ہوا اس عظیم الشان نشست کی صدارت کے فرائض بزرگ شاعر عاصی چوکھنڈوی نے انجام فرمائے اور نظامت کی ذمہ داری معروف شاعر اسلم سیدنپوری نے بحسن و خوبی نبھائی مشاعرے کا آغاز ارشد عمیر صفدر گنجوی نے نعتِ نبئ اکرمﷺ سے کیا اس کے بعد باقاعدہ طور پر نشست کی ابتداء ہوئی نشست بہت ہی زیادہ کامیاب رہی بہت زیادہ پسند کئے جانے والے کچھ اشعار کا انتخاب نذرِ قارئین ہے ملاحظہ فرمائیں۔
بازوؤں میں کمال پیدا کر
منھ تکے گا ہر ایک کا کب تک
عاصی چوکھنڈوی
یہ جو ہے سر زمینِ ہند "ذکی”
دفن ہونگے اسی زمین میں ہم
ذکی طارق بارہ بنکوی
پل میں خوش ہوتے ہیں اور ہوتے ہیں پل میں ناراض
آپ موسم کی طرح رنگ بدلتے کیوں ہیں
اسلم سیدنپوری
فصیلِ ذہن پر کس نے کمندیں ڈال رکھی ہیں
زباں میری مگر الفاظ کی زنجیر کس کی ہے
مشتاق بزمی
کیوں اٹھ رہی ہیں انگلیاں کردار پر ترے
یہ آئینے کے رو برو جا کر سوال کر
راشد رفیق چوکھنڈوی
آزما لینا کبھی وقت جو آئے تم پر
ہم ہی ہونگے تمہیں سینے سے لگانے والے
نازش بارہ بنکوی
پھول ہوں کلیاں ہوں کانٹے ہوں کہ ساخیں الغرض
پتے پتے پر ہماری داستاں تحریر ہے
شفیق رامپوری
زلفوں میں تیری جب سے گرفتار ہوگئے
سارے مزے جہان کے بیکار ہوگئے
دلکش چوکھنڈوی
لذت نہیں ہے وصل کی پرکیف راتوں میں
دردِ فراق شام و سحر ہونا چاہئے
سحر ایوبی
باندیاں دیکھ کر ان کا حسن و جمال
کاٹتی رہ گئیں انگلیاں دیر تک
ارشد عمیر صفدر گنجوی
آج بیگانوں سا ہم سے کر رہا ہے وہ سلوک
جس کو اس دل نے ہمارے اپنا سمجھا تھا کبھی
ابوذر انصاری
ان شعراء کے علاوہ اظہار حیات، صغیر قاسمی، طالب نور اور مصباح رحمانی وغیرہ نے بھی اپنا اپنا کلام پیش کیا اور سامعین میں سیٹھ ارشاد انصاری، ماسٹر محمد شعیب ( پرنسپل فیضان العلوم انٹر کالج ) ماسٹر محمد وسیم، ماسٹر محمد قسیم، ماسٹر محمد حلیم، ماسٹر محمد راشد انصاری اور محمد ندیم انصاری صاحبان کے نام بھی قابلِ ذکر ہیں۔
بزمِ ایوانِ غزل کا آئندہ ماہانہ طرحی مشاعرہ 26/ مئی بروز اتوار مندرجہ ذیل مصرع طرح پر ہوگا،
"اپنے پن کی ہر ادا بیگانہ پن تک لے چلو”۔
