ایمن فاؤنڈیشن کے زیر سرپرستی سمرا اٹوا سدھارتھ نگر یوپی میں دینی و اصلاحی پروگرام کا انعقاد
اٹوا(سدھارتھ نگر): 5 مئ بروز اتوار موضع سمرا اٹوا میں ایمن فاونڈیشن ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ پپرا مرغہوا اٹوا کی سرپرستی میں ایک دینی و اصلاحی پروگام کا انعقاد کیا گیا جس کی تفصیل حسب ذیل ہے:
یہ پروگرام فضیلۃ الشیخ عزیر احمد سلفی حفظہ اللہ کی صدارت میں منعقد ہوا ، ایمن فاؤنڈیشن کے صدر حافظ عبد الرحمن ریانی حفظہ اللہ نے تلاوت کلام پاک پیش کیا اور ایمن فاؤنڈیشن کے قیام کا کا مقصد بھی بیان کیا اور بتایا کہ اس کا مقصد سماج کے اندر پھیلی ہوئی برائیاں ، عقیدے کی خرابیوں کو دور کرنا ہے اور لوگوں کو دین اسلام کی طرف لانا ہے، اور دین اسلام کی عظمت کو لوگوں کے دلوں میں بٹھانا ہے۔
پھر تقریری سلسلہ شروع ہوا۔ پہلا خطاب فضیلۃ الشیخ عبد الحسیب سنابلی حفظہ اللہ (استاذ جامعہ الفاروق الاسلامیہ امونا اٹوا ) کا تھا آپ نے بنیادی دینی تعلیم کی اہمیت اور ضرورت کے موضوع پر خطاب کیا آپ نے دوران خطاب دینی علم کی اہمیت بتائی اور کہا کہ جو طلب علم کی غرض سے نکلتے ہیں ان کے لئے تمام مخلوق دعائیں کرتی ہیں حتی کہ مچھلیاں سمندروں میں اور فرشتے ان کے لئے پر بچھاتے ہیں اور بتایا کہ علم کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگا سکتے ہیں کہ اللہ اپنے نبی کو پہلی وحی میں پڑھنے کا حکم دے رہا ہے اور دوسری جگہ علم کی زیادتی کی دعا بھی کرنے کو کہہ رہا ہے۔اور بتایا کہ علم انسان میں بولنے کی صلاحیت پیدا کرتا ہے اسے مہذب بناتا ہے، ساتھ ساتھ طلبہ و گارجین کی تعلم سے بے اعتنائی پر افسوس کا اظہار بھی کیا اور بتایا کہ ہم تعلیمی میدان میں دلتوں اور آدیواسیوں سے بھی پیچھے ہیں  ہم یہودیوں کو کوستے رہتے ہیں مگر قلیل تعداد میں ہونے کے باوجود آج وہی پوری دنیا پر قابض ہیں ، پوری دنیا میں عیسائیوں کے بعد سب سے زیادہ تعداد مسلمانوں کی ہے پھر ہم تعلیمی میدان میں بہت پیچھے ہیں ہمیں اپنا تعلیمی نظام درست کرنے کے لئے مل کر قدم بڑھانے کی ضرورت ہے۔
دوسرا خطاب  فضیلۃ الشیخ عزیر احمد سلفی( استاذ جامعہ الفاروق امونا اٹوا) کا تھا آپ کا موضوع تھا جنسی بے راہ روی اسباب و علاج۔آپ نے بتایا کہ اسلام ایک ایسا دین ہے جو صرف مخصوص عبادات کی تعلیم نہیں دیتا ہے بلکہ وہ چاہتا ہے کہ انسان اخلاقی،سماجی اور معاشرتی طور پر بھی بے راہ روی، بد چلنی سے کوسوں دور رہے مگر افسوس کی بات ہے کہ ہمارا نوجوان طبقہ اسی میں ملوث ہے،آپ ایک خطیب ہونے کے ساتھ ساتھ ایک تجرکار استاذ بھی ہیں لہذا آپ نے جنسی بے راہ روی کے اسباب کا اچھے سے تجزیہ کیا اور اس کا علاج بھی بتایا آپ نے جنسی بے راہ روی کے اسباب کا احاطہ کرتے ہوئے کہا : دین سے بے زاری، شرم و حیا اور غیرت کا فقدان، نکاح میں غیر ضروری تاخیر، پردے کا عدم اہتمام،بری صحبت، انٹرنیٹ پر فحش ویب سائٹس کا ہونا ایسی کئی چیزیں ہیں جو جنسی بے راہ روی کا سبب بنتی ہیں، آپ نے بتایا کہ اس کا حل قرآن و سنت کی پیروی ہے اور بتائے گئے اسباب سے دور رہنا ہے۔ بچے ہمارا بہترین اثاثہ ہیں ان کا ضیاع یقینا بہت بڑا خسارہ ہوگا لہذا ہم میں سے ہر کوئی ان کی اصلاح کی کوشش کرے خصوصا والدین۔
اخیر میں ایمن  فاؤنڈیشن کے صدر حافظ عبد الرحمن ریانی حفظہ اللہ نے  تمام سامعین کا شکریہ ادا کیا  اور پھر دعائیہ کلمات کے ساتھ مجلس کے اختتام کا اعلان کیا اس موقع پر گاؤں کے بزرگوں، نوجوانوں، بچوں کی کثیر تعداد موجود رہی ۔
اللہ ہم سب کی کاوشوں کو قبول فرمائے اور ہم سب کی اصلاح فرمائے۔ آمین یارب العالمین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے