بچوں کے ساتھ بچیوں کی تعلیم و تربیت بھی وقت کی اہم ترین ضرورت : زبیر احمد قاسمی

نانپارہ، بہرائچ (رپورٹ محمد رضوان ندوی): موجودہ دور کا المیہ یہ ہے کہ ہم سب صرف دنیا کمانے پر متوجہ ہیں ، بچوں کی تعلیم و تربیت پر جیسی توجہ ہونی چاہئے وہ یکسر مفقود ہے اور بچیوں کی تعلیم و تربیت پر تو بالکل بھی توجہ نہیں ہے جب کہ بچوں کے ساتھ بچیوں کی تعلیم و تربیت وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ، تعلیم و تربیت سے دوری کی وجہ سے آج ہمارے بچے گمراہی اور ارتداد کے دلدل میں پھنستے جارہے ہیں ، اس سلسلے میں سر جوڑ کر جائزہ لینے اور عملی اقدام کی طرف توجہ دینے کی ضرورت ہے ، ان خیالات کا اظہار جامعہ مسعودیہ نور العلوم بہرائچ کے مہتمم قاری زبیر احمد قاسمی نے قوی نگر نانپارہ میں جامعہ حفصہ للبنات کے سنگ بنیاد کے موقع پر منعقد اجلاس عام کو خطا ب کرتے ہوئے کیا ۔

انھوں نے کہا کہ تعلیم سب کی ضرورت ہے ، جو معاشرہ تعلیم سے جتنا دور ہوگا ترقی سے اس کا فاصلہ اتنا ہی بڑھتا جائے گا ، آج ہماری بچیاں دین بے زاری اور ارتداد کی طرف بہت تیزی سے بڑھ رہی ہیں اس کا بنیادی سبب تعلیم اور تربیت کی کمزوری ہے ، جہالت ہمیشہ تاریکی پھیلاتی ہے اور علم ہمیشہ نور پیدا کرتا ہے ، اجالا پھیلاتا ہے ، جہاں جہاں علم کی شرح بڑھی ہوئی ہے وہاں آپ کھلی آنکھوں سے دیکھ سکتے ہیں کہ ظلم وزیادتی کم ہے ، انصاف و اعتدال سے معاشرہ میں امن و سکون ہے ، چوری ،لوٹ اور بے ایمانی سے لوگ ایک دوسروں کو پریشان نہیں کرتے ہیں ، جامعہ مسعودیہ نور العلوم کے کارگزار مہتمم سعید اختر نوری نے کہا کہ شریعت میں مرد و عورت دونوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کی تلقین کی گئی ہے ، یہ ہمارے معاشرہ کی بد نصیبی ہے کہ ہم نے بچوں کے کچھ اسکول اور مدرسے قائم کردئے ہیں لیکن بچیوں کی تعلیم و تربیت کا کوئی معقول نظم نہیں کیا ہے ، پورے ضلع بہرائچ میں صرف چند مدارس اور کالج ہی بچیوں کی تعلیم وتہذیب کے لئے کھولے گئے ہیں، نانپارہ اور اطراف میں اس کی ضرورت شدت سے محسوس کی جارہی تھی، مولانا الیاس قاسمی نے بلند مقاصد اور بلند عزائم کے ساتھ جامعہ حفصہ للبنات کھول کر ایک اہم ضرورت کی تکمیل کی کوشش کی ہے ، اللہ تعالی اس ادارہ کی خزانہ غیب سے مدد فرمائے ۔

مدرسہ بدر العلوم بابا گنج کے مہتمم مولانا محمد سلیم قاسمی نے کہا کہ قرون اولی میں ہماری مائیں اور بہنیں قرآن کی حافظہ ، مفسرہ قرآن ، محدثات اور معلمات سب کچھ ہوتی تھیں ، ان کی نسلوں سے دین کا بڑا کام ہوا ، آج اس پہلو پرعوام و خواص سب کو خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے،دعاء پر اجلاس کا اختتام ہوا ، جامعہ کے بانی مولانا محمد الیاس قاسمی نے تمام حاضرین اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر مدرسہ بحر العلوم انجمن اسلامیہ کے مہتمم مولانا محمد افضل ندوی ، مولانا امانت اللہ قاسمی ، مولانا محمد احمد انصار قاسمی ، مولانا مسیح الدین قاسمی ، مولانا کلیم ندوی ، قاری اسرار احمد ، قاری رئیس احمد ، نفیس احمد قاسمی ، نسیم احمد ، قاری شریف احمد سمیت کثیر تعداد میں علاقہ کے علماء ، مدارس کے طلبہ اور معزز حضرات موجود تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے